نحمدہٗ ونصلی علٰی رَسولہِ الکریم
امَّا بَعد! فَاَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ ۔ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
{اِنَّ الَّذِیۡنَ قَالُوۡا رَبُّنَا اللّٰہُ ثُمَّ اسۡتَقَامُوۡا تَتَنَزَّلُ عَلَیۡہِمُ الۡمَلٰٓئِکَۃُ اَلَّا تَخَافُوۡا وَ لَا تَحۡزَنُوۡا وَ اَبۡشِرُوۡا بِالۡجَنَّۃِ الَّتِیۡ کُنۡتُمۡ تُوۡعَدُوۡنَ ﴿۳۰﴾نَحۡنُ اَوۡلِیٰٓؤُکُمۡ فِی الۡحَیٰوۃِ الدُّنۡیَا وَ فِی الۡاٰخِرَۃِ ۚ وَ لَکُمۡ فِیۡہَا مَا تَشۡتَہِیۡۤ اَنۡفُسُکُمۡ وَ لَکُمۡ فِیۡہَا مَا تَدَّعُوۡنَ ﴿ؕ۳۱﴾نُزُلًا مِّنۡ غَفُوۡرٍ رَّحِیۡمٍ ﴿٪۳۲﴾وَ مَنۡ اَحۡسَنُ قَوۡلًا مِّمَّنۡ دَعَاۤ اِلَی اللّٰہِ وَ عَمِلَ صَالِحًا وَّ قَالَ اِنَّنِیۡ مِنَ الۡمُسۡلِمِیۡنَ ﴿۳۳﴾وَ لَا تَسۡتَوِی الۡحَسَنَۃُ وَ لَا السَّیِّئَۃُ ؕ اِدۡفَعۡ بِالَّتِیۡ ہِیَ اَحۡسَنُ فَاِذَا الَّذِیۡ بَیۡنَکَ وَ بَیۡنَہٗ عَدَاوَۃٌ کَاَنَّہٗ وَلِیٌّ حَمِیۡمٌ ﴿۳۴﴾وَ مَا یُلَقّٰہَاۤ اِلَّا الَّذِیۡنَ صَبَرُوۡا ۚ وَ مَا یُلَقّٰہَاۤ اِلَّا ذُوۡحَظٍّ عَظِیۡمٍ ﴿۳۵﴾وَ اِمَّا یَنۡزَغَنَّکَ مِنَ الشَّیۡطٰنِ نَزۡغٌ فَاسۡتَعِذۡ بِاللّٰہِ ؕ اِنَّہٗ ہُوَ السَّمِیۡعُ الۡعَلِیۡمُ ﴿۳۶﴾}
… صدق اللّٰہ العظیمسورۃ 41 · آیات 30-36’’یقینا وہ لوگ جنہوں نے کہا کہ ہمارا ربّ اللہ ہے ‘پھر اس پر جم گئے‘ اترتے ہیں ان پر فرشتے (یہ کہتے ہوئے) کہ نہ غم کھاؤ اور نہ خوف‘ اوربشارت حاصل کرو اُس جنت کی جس کا تم سے وعدہ کیا جاتا تھا۔ ہم تمہارے مددگار ہیں دنیا کی زندگی میں بھی اور آخرت میں بھی‘ اور تمہارے لیے وہاں وہ سب کچھ ہے جسے تمہارا جی چاہے اور تمہارے لیے وہاں وہ سب کچھ ہو گا جو تم طلب کرو گے۔ یہ مہمان نوازی ہو گی اُس (اللہ) کی طرف سے جو بڑا بخشش فرمانے والا‘ نہایت رحیم ہے ۔اور اس شخص سے بہتر بات کس کی ہو سکتی ہے جو اللہ کی طرف بلائے اور نیک عمل کرے اور کہے کہ میں بھی مسلمانوں ہی میں سے ہوں۔ اور (ہرگز)برابر نہیں ہے نیکی اور بدی۔ آپ (بدی کو) دفع کریں نہایت احسن طریقے سے تو(اس کا نتیجہ یہ نکلے گاکہ)وہ شخص جس کے اور آپ کے مابین عداوت تھی ‘(آپ کا) دلی دوست جیسا ہو جائے گا۔ اور یہ خوبی نہیں دی جاتی سوائے اُن لوگوں کے جنہوں نے صبر کیا‘ اور یہ اچھائی نہیں دی جاتی مگر بڑے نصیب والوں کو۔ اور اگر (کبھی) شیطان کی جانب سے تمہیں کوئی وسوسہ ورغلائے توفوراً اللہ کی پناہ میں آ جاؤ۔ یقینا وہ سب کچھ سننے والا‘ سب کچھ جاننے والاہے۔‘‘
مطالعہ ٔ قرآن حکیم کے جس منتخب نصاب کا سلسلہ وار بیان ہدیۂ قارئین ہو رہا ہے اس کا پہلا حصہ قرآن حکیم کے چند ایسے مقامات پر مشتمل ہے جن میں انسان کی کامیابی اور نجات کی شرائط اور اس کی فوز و فلاح کے لوازم کا بیان نہایت جامعیت کے ساتھ ہوا۔ اس طرح ان مقامات کے مطالعے سے قرآن حکیم کے انسانِ مطلوب کی پوری سیرت و کردار کا ایک بھرپور اور مکمل نقشہ ابھر کر ہمارے سامنے آجاتا ہے۔ چنانچہ اس مقام پر بھی جو اس حصے (جامع اسباق) کا آخری درس ہے‘ انسان کی تعمیر کردار اور اُخروی نجات کے چار لازمی اوصاف کا بیان آیا ہے۔ یعنی ایمان کا ذکر بھی موجود ہے ایمان باللہ اور ایمان بالآخرت کی صورت میں‘ اور ایمان کے ساتھ ہی اعمالِ صالحہ کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ یہاں ’’عمل ِ صالح‘‘ ایک مرتبہ تو لفظ ’’استقامت‘‘ میں اور دوسری مرتبہ جوں کا توں ’’وَ عَمِلَ صَالِحًا ‘‘ کی شکل میں مذکور ہے۔ ’’تواصی بالحق‘‘ کے ذیل میں یہاں ’’دعوت الی اللہ‘‘ کی اصطلاح استعمال ہوئی ہے‘ اور آخر میں پھر’’صبر‘‘ کا ذکر نہایت اہتمام اور شدّومدکے ساتھ کیا گیا ہے۔ گویا وہی چاروں مضامین جو سورۃ العصر میں بیان کیے گئے ہیں‘ ذرا مختلف پیرائے میں ’’آیۂ بِر‘‘ میں دوبارہ ہمارے سامنے آ جاتے ہیں۔ اس سے قدرے مختلف اسلوب کے ساتھ انہی چاروں مضامین کا بیان سورۂ لقمان کے دوسرے رکوع میں ہوا ہے۔ اور پھر یہی مضامین ان زیربحث آیات میں بھی ایک نئی شان کے ساتھ ہمیں دعوتِ فکر دیتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔
اس مشابہت کے علاوہ ان چاروں مقامات میں ایک اور ربط بھی ہے اور وہ یہ کہ ان میں مضامین کا ایک تدریجی ارتقاء ہے۔ چنانچہ سورۃالعصر کو گویا base line قرار دیا جا سکتا ہے۔اس میں انسان کی کامیابی کے کم از کم لوازم کا بیان ہے‘ یعنی مجر د نجات‘ ناکامی سے بچنے کی کم سے کم شرائط۔ پھر اس سے آگے نسبتاً بلند تر مقام سے ہمیں آشنا کیا گیا اور وہ مقامِ بر و تقویٰ ہے جو آیۂ بِر میں ہمارے سامنے آیا۔ اس سے بھی ایک نسبتاً بلند تر منزل کا بیان جس کو ہم ’’مقامِ عزیمت‘‘ سے تعبیر کر سکتے ہیں‘ سورۂ لقمان کے دوسرے رکوع میں آیا ہے۔ یعنی ’’ اِنَّ ذٰلِکَ مِنۡ عَزۡمِ الۡاُمُوۡرِ ‘‘ کی صورت میں۔ اور ان چاروں امور کے اعتبار سے واقعتا بلند ترین منزلیں وہ ہیں جن کا ذکر ان آیاتِ مبارکہ میں ہو رہا ہے۔ اس کے لیے عنوان اگر انہی آیات میں مستعمل الفاظ سے لیا جائے تو وہ ’’حظ عظیم‘ِ‘ ہو گا‘ یعنی بڑا نصیبہ‘ بہت ہی یاوربخت۔اور اگر قرآن مجید کے ایک دوسرے مقام کے حوالے سے اس کا مرتبہ معین کیا جائے تو یہ درحقیقت مقامِ ولایت کا بیان ہے۔
یہی وجہ ہے کہ اس مقام پر اِن چاروں چیزوں کی جو بلندترین منازل ہیں اُن کاذکر ہوا۔ یعنی ایمان کی آخری منزل‘ اس کا لُبّ لباب اور اصل حاصل اللہ کی وحدانیت وربوبیت پر دل کا جم جانا‘ ٹھک جانا اور اس پر پورا وثوق اور اعتماد قائم ہو جانا‘ پھر اس پر استقامت ِفکری‘ نظری اور عملی کا ہونا۔ اسی طرح ’’تواصی بالحق‘‘ کا بلند ترین مقام اور اس کی بلند ترین منزل ’’دعوت الی اللہ‘‘ ہے۔ اللہ تعالیٰ جو اس کائنات کی سب سے بڑی حقیقت ہے اور جس ذاتِ باری تعالیٰ کے سوا ’’الحق‘‘ کا مصداق کوئی نہیں‘ ازروئے الفاظِ قرآنی: {ذٰلِکَ بِاَنَّ اللّٰہَ ہُوَ الۡحَقُّ} لہذا اس کی طرف دعوت‘ اس کی طرف بلانا گویا ’’تواصی بالحق‘‘ کی بلند ترین منزل ہے۔ اسی طرح صبر کے ضمن میں یہاں اس مقام کا بیان ہو رہا ہے جہاں صرف مخالفتوں کا برداشت کر لینا اور لوگوں کی طرف سے پیش آنے والی مصیبتوں کا جھیل جانا ہی کافی نہیں ہوتا‘ بلکہ گالیوں کے جواب میں دعائیں دینا اور لوگوں کی طرف سے ایذا رسانی کے جواب میں ان کی خیر خواہی اور بہی خواہی کا اظہار کیا جانا‘ اور پروردگار سے ان کے لیے ہدایت کی دعائیں مانگنا مطلوب ہوتا ہے۔ یہ ہے صبر کی بلند ترین منزل۔ گویا یہاں جن کیفیات اور صفات کا ذکر ہو رہا ہے انہیں ہر اعتبار سے انسانیت کی معراج قرار دیا جا سکتا ہے۔ ان صفات کا ایک مکمل نقشہ اور مصداقِ کامل تو یقینا ہماری نگاہوں کے سامنے محمد ٌرسول اللہﷺ کی شخصیت مبارکہ ہے‘ لیکن آپؐ کے بعد اس نقشے میں فٹ آنے والے درحقیقت وہ لوگ ہیں جنہیں بالعموم اولیاء اللہ کے نام سے موسوم کیا جاتا ہے۔
یہ ہے ان مضامین کا اجمالی تذکرہ‘ جن کا تدریجی ارتقاء ہمارے منتخب نصاب کے حصہ اوّل میں ہو رہا ہے۔اب آیئے اس کے ایک ایک جزو پر غور کرنے کی کوشش کریں!
فرمایا: {اِنَّ الَّذِیۡنَ قَالُوۡا رَبُّنَا اللّٰہُ} ’’یقینا وہ لوگ جنہوں نے کہا کہ ہمارا ربّ اللہ ہے‘‘ یعنی جو پہچان لیں کہ ہمارا مالک و آقا بھی اللہ ہے‘ ہمارا خالق و رازق بھی اللہ ہے‘ ہمارا مشکل کشا و حاجت روا بھی اللہ ہے۔ {ثُمَّ اسۡتَقَامُوۡا } ’’پھر اس پر وہ جم گئے‘‘۔واقعہ یہ ہے کہ اللہ کی معرفت اتنی مشکل نہیں ہے۔ اگر انسان کی فطرت مسخ نہ ہو گئی ہواور عقل کسی غلط رُخ پر نہ پڑ گئی ہو تو وہ عقلِ سلیم اور فطرتِ صحیحہ کے ذریعے اللہ تعالیٰ کی اجمالی معرفت تک پہنچ جاتا ہے‘ لیکن اللہ کو پہچاننے کے بعد اس کی ربوبیت اور الوہیت پر دل کا ٹھک جانا‘ یہ کوئی آسان کام نہیں ہے۔
استقامت کا مفہوم
استقامت یہ ہے کہ انسان کو بظاہر کتنا ہی خطیر نفع یا بھاری نقصان کسی کی طرف سے نظر آ رہاہو‘ لیکن وہ یقین رکھ لے کہ میرا نافع اور ضارّ اللہ کے سوا کوئی نہیں‘ یعنی ’’لاَ حَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلاَّ بِاللّٰہِ‘‘ اور ’’لَا فَاعِلَ فِی الْحَقِیْقَۃِ وَلَا مُؤَثِّرَ اِلاَّ اللّٰہُ‘‘۔ تو یہ درحقیقت انسان کی کامیابی کی کڑی شرط بھی ہے اور معرفت ِالٰہی کی حقیقی اساس بھی۔ انسان اس عالم ِمادّی میں عالم ِاسباب میں رہتے ہوئے اور بدلتے ہوئے حالات سے متأثر ہوئے بغیر چٹان کی مانند اپنے اس یقین پر جما رہے کہ اللہ ہی کی قدرت ہر شے پر حاوی ہے‘ اور وہی حقیقی مؤثر ہے‘ اس کے اِذن کے بغیر ایک پتّا تک جنبش نہیں کرتا‘ اور پھر اس پر انسان بالکل مطمئن ہو جائے اور اپنے معاملات اور اپنی ہر کوشش کو اللہ کے حوالے کر دے‘ ازروئے الفاظِ قرآنی: {وَ اُفَوِّضُ اَمۡرِیۡۤ اِلَی اللّٰہِ ؕ اِنَّ اللّٰہَ بَصِیۡرٌۢ بِالۡعِبَادِ ﴿۴۴﴾} (المؤمن) اور یہ بات دل میں بٹھا لے کہ میرے معاملات میرے اپنے ہاتھوں کی نسبت اُس ذات کے ہاتھوں میں کہیں زیادہ محفوظ ہیں جو ’’عَلٰی کُلِّ شَیۡءٍ قَدِیۡرٌ ‘‘ ہے‘ جو ’’ بِکُلِّ شَیۡءٍ عَلِیۡمٌ ‘‘ ہے ‘جو میری مصلحتوں سے مجھ سے بڑھ کر واقف ہے اور میرا مجھ سے بڑھ کر خیر خواہ ہے‘ تو تب اسے تعلق ِ بندگی میں رسوخ حاصل ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ اپنی بے ثبات طبعی کیفیات کا محاسبہ بھی کر لے کہ میرا حال تو یہ ہے کہ میں ہر چیز سے فوراً تأثر قبول کر لیتا ہوں ‘اور اپنی کم علمی کے باعث کوئی ایسی چیز پسند کر بیٹھتا ہوں جو حقیقت میں میرے لیے مضر ہوتی ہے اور کسی ایسی چیز کو برا سمجھ بیٹھتا ہوں جس میں میری حقیقی منفعت مضمر ہوتی ہے‘ اور اللہ ہی ہے جو ہر خیر کو جانتا ہے اور جو ہر شر سے واقف ہے‘ وہی ہے جسے قدرت حاصل ہے۔ انسان اللہ ہی کے ’’قدیر‘‘ ہونے پر یقین رکھے اور اپنے آپ کو اس کی بارگاہ میں یوں بے بس و عاجز تصور کرے جیسے صوفیاء کہتے ہیں ’’کَالْمَیِّتِ فِیْ اَیـْدِی الْغَسَّالِ‘‘ یعنی انسان اللہ کی رضا پر اس طرح راضی رہے اور اس کی مرضی پر اپنے آپ کو اس طرح چھوڑ دے جیسے کہ میت (ایک مردہ جسم) ایک غسل دینے والے کے ہاتھ میں لاچار ہوتی ہے۔ یہ ہے انسان کا اللہ کے ساتھ صحیح ربط و تعلق‘ اور یہ ہے وہ استقامت جو مطلوب ہے‘ ورنہ مجرد کہہ دینا کہ ’’میرا ربّ اللہ ہے‘‘ اتنا مشکل نہیں جتنا کہ ’’ ثُمَّ اسۡتَقَامُوۡا ‘‘ کے تقاضے پورے کرنا مشکل ہے۔ اور استقامت کے تقاضے یہ ہیں کہ عقیدہ میں‘ فکر میں‘ سوچ میں‘ نقطہ ٔنظر میں اور بدلتے ہوئے حالات میں انسان کا دل بہراعتبار اللہ کی ربوبیت و قدرتِ مطلقہ پر جما رہے۔ یہ استقامت کاایک پہلو ہے۔
استقامت کا دوسرا پہلو عملی ہے اور وہ یہ ہے کہ انسان نے جس ذات کو مالک مان لیا ہے اس کے ہر ہر اشارے پر حرکت کرے‘ اس کی ہر مرضی کو پورا کرنے کے لیے ساری قوت صرف کر دے‘ اس کا ہر حکم اس کے لیے واجب التعمیل ہو‘ اس کے اشارے پر سب کچھ نچھاور کرنے پر بدل و جان آمادہ ہو۔ اس سے آگے انسان کی غیرت و حمیت کا تقاضا ہے کہ جو کچھ مالک کو پسند ہے اسے دنیا میں پھیلانے‘ رائج کرنے اور غالب کرنے کے لیے تن من دھن کی بازی لگا دے‘ جو اسے پسند نہیں ہے بندہ بھی اسے ناپسند کرے اور ہمیشہ اس سے نبرد آزما بھی رہے اوردنیا سے اس کا نام و نشان مٹانے کے لیے جان اور مال نچھاور کر دے۔ یہ ہے استقامت ِ عملی۔ گویا اگر یوں کہا جائے کہ سورۃ العصر‘ آیۂ بِر اور سورۂ لقمان کے دوسرے رکوع میں جتنے عملی پہلو ہمارے سامنے آئے ہیں وہ سب یہاں لفظ ’’استقامت‘‘ میں مضمر ہیں ‘تو یہ بات بالکل بجا ہو گی۔اسی لیے میں کہا کرتا ہوں کہ اس لفظ استقامت میں ایک قیامت مضمر ہے۔ نبی اکرمﷺ سے جب ایک صحابیؓ نے عرض کیا کہ حضورﷺ !مجھے کوئی ایسی بات تعلیم فرما دیجیے کہ جس کے بعد قول و عمل کی راہ میں کسی دشواری سے دوچار نہ ہوں اور بے دھڑک راہِ ہدایت پر گامزن رہوں‘ تو آپﷺ نے ارشاد فرمایا:
((قُلْ آمَنْتُ بِاللّٰہِ ثُمَّ اسْتَقِمْ))
’’کہو میں ایمان لایا اللہ پر‘ پھر (عملاً) اُس پر جمے رہو۔‘‘
ایمان کا اعلیٰ ترین درجہ مقام ِ ولایت
حقیقت یہ ہے کہ اس آیۂ مبارکہ {اِنَّ الَّذِیۡنَ قَالُوۡا رَبُّنَا اللّٰہُ ثُمَّ اسۡتَقَامُوۡا} میں جس بلند مرتبہ و مقام کا اور جن کیفیات کا ذکر ہو رہا ہے قرآن مجید کے دوسرے مقامات پر اسی کو مرتبہ ٔ ’’ولایت‘‘ سے تعبیر کیا گیا ہے‘ اس لیے کہ اس آیت میں آگے جو نوید جانفزا ’’اَلَّا تَخَافُوۡا وَ لَا تَحۡزَنُوۡا‘‘ کے الفاظ میں دی جا رہی ہے قرآن مجید میں انہی الفاظ سے اولیاء اللہ کو خوشخبری سنائی گئی ہے۔فرمایا: {اَلَاۤ اِنَّ اَوۡلِیَآءَ اللّٰہِ لَا خَوۡفٌ عَلَیۡہِمۡ وَ لَا ہُمۡ یَحۡزَنُوۡنَ ﴿ۚۖ۶۲﴾الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا وَ کَانُوۡا یَتَّقُوۡنَ ﴿ؕ۶۳﴾} (یونس) یعنی حقیقی ایمان جنہیں میسر آ گیا ہو اور جو اللہ کے تقویٰ کو فی الواقع صحیح معنوں میں اپنی شخصیتوں میں جذب کر چکے ہوں‘ ان لوگوں کے لیے نہ تو کوئی خوف ہے اور نہ کوئی حزن۔ یہی درحقیقت ایمان کا ماحصل ہے۔ اس لیے کہ ایمان اَمن سے بنا ہے ‘ اور اَمن کی ضد خوف بھی ہے اور غم بھی۔ گویا ایمان عطا کر کے غم و حزن سے انسان کو بالکلیہ آزاد اور بے نیاز کر دیا گیاہے۔
مقامِ ولایت کی عظمت کا ذکر کرنے کے بعد اللہ ربّ العزت نے ان کے علو ِشان کو پھر یوں بیان کیا : {تَتَنَزَّلُ عَلَیۡہِمُ الۡمَلٰٓئِکَۃُ } کہ ان پر ملائکہ کا نزول ہوتا ہے۔ ’’ تَتَنَزَّلُ‘‘ عربی قواعد کی رو سے فعل مضارع کا صیغہ ہے ‘اور عربی میں فعل مضارع حال اور مستقبل دونوں کا جامع ہوتا ہے۔ گویااس کا یہ ترجمہ بھی درست ہو گاکہ ’’اترتے ہیں ان پر فرشتے‘‘ اور یہ بھی صحیح ہوگا کہ ’’اتریں گے ان پر فرشتے‘‘۔ اور واقعہ یہ ہے کہ یہ دونوں مفہوم یہاں جمع ہیں۔ ملائکہ کا نزول اس بشارت اور اس نوید جانفزا کے ساتھ ہوتا ہے کہ: {اَلَّا تَخَافُوۡا وَ لَا تَحۡزَنُوۡا } ’’کہ نہ خائف ہو ں اور نہ غمگین ہوں‘‘۔ خوف و غم سے اب تمہیں کوئی علاقہ نہیں۔ {وَ اَبۡشِرُوۡا بِالۡجَنَّۃِ الَّتِیۡ کُنۡتُمۡ تُوۡعَدُوۡنَ ﴿۳۰﴾} ’’اور خوشخبری حاصل کرو اُس جنت کی جس کا تم سے وعدہ کیا جاتا رہا۔‘‘
نزولِ ملائکہ کن مواقع پر؟
یہاں مفسرین کے مابین یہ مسئلہ زیر بحث رہا ہے کہ ملائکہ کے اِس نزول کا وقت کون سا ہے۔ ملائکہ کے نزول کا ایک وقت تو وہ ہے جو سب کے نزدیک مُجمع علیہ ہے‘ اور وہ یہ کہ ملائکہ کا نزول بندۂ مؤمن پر‘ اللہ کے دوستوں پر‘ اللہ کے چاہنے والوں پر اُن کے انتقال سے متصلاً قبل ہوتا ہے ‘جبکہ وہ اِس عالم سے اُس عالم کو منتقل ہونے کی تیاری کر رہے ہوتے ہیں۔ گویا اُس عالم کے سفیر ان کو خوش آمدید کہنے کے لیے اور اُن کا استقبال کرنے کے لیے اِس عالم میں پہنچے ہوتے ہیں۔ یہ چیز بعض روایات سے بھی ثابت ہے اور اللہ کے نیک بندوں کے انتقال کے وقت بعض حالات جو متواتر سننے اور مشاہدے میں آتے رہے ہیں‘ ان سے بھی ان کی تصدیق ہوتی ہے۔ اس اعتبار سے آیت کا مفہوم یہ ہو گا کہ اب تمہارے حزن اور خوف کا دَور ختم ہوا‘تمہارے رنج و محن کا دَور گزر گیا۔ اِس دنیا میں ‘جو تمہارا دار الامتحان تھا‘ جس میں تمہیں طرح طرح کی تکلیفیں اور طرح طرح کی آزمائشیں درپیش رہیں‘ قِسم قِسم کے مسائل سے سابقہ رہا‘ اب تم ان تمام الجھنوں سے چھوٹ گئے‘ لہذا اب خوشخبری حاصل کرو کہ اس کشمکش ِ خیر و شر اور اس معرکۂ حق و باطل میں تم سرخرو اور کامیاب ہو کر عالم ِ آخرت کی طرف کوچ کر رہے ہو۔ یہ مفہوم تو بالکل واضح ہے اور متفق علیہ ہے۔
نزولِ ملائکہ کا دوسرا مفہوم جس کی طرف قرآن مجید کی بعض دیگر آیات سے رہنمائی ملتی ہے‘ یہ ہے کہ بندۂ مؤمن پر‘ اللہ کے دوستوں پر‘ اللہ کے چاہنے والوں پر حیاتِ دُنیوی کے دَوران بھی مسلسل ملائکہ کا نزول ہوتا ہے۔ اس کو یوں سمجھنا چاہیے کہ یہ دنیا درحقیقت دار الامتحان ہے۔ یہاں خیرو شر کی ایک کشمکش اور ایک چومکھی جنگ لڑی جا رہی ہے۔ اس چومکھی جنگ کا ایک میدان انسان کے باطن میں ہے جس میں شر کے محرکات بھی ہیں اور خیر کے داعیات بھی۔ شر کے محرکات میں وہ نفس ِامّارہ بھی ہے جس کے بارے میں قرآن مجید خود کہہ رہا ہے : {اِنَّ النَّفۡسَ لَاَمَّارَۃٌۢ بِالسُّوۡٓءِ …} (یوسف:۵۳) ’’یقینایہ نفس (یعنی نفس امّارہ) برائی کی طرف راغب کرنے اور کھینچنے والا ہے۔‘‘ لیکن اسی باطنی میدان میں خیر کے محرکات اور قلب و روح کے داعیات بھی ہیں‘ جو انسان کو بلندی اور عالم ِ عُلوی کی طرف اور خیر اور بھلائی کی طرف متوجہ کرنا چاہتے ہیں۔ یہ خیر و شر کی باطنی کشمکش ہے جس کا تجربہ ہر انسان کو ہے۔ گویا اس کی داخلی شخصیت کا ایک میدانِ کارزار ہے‘ جس میں ہر وقت یہ جنگ جاری رہتی ہے۔
پھر یہی معرکہ ٔ خیر و شر خارج میں بھی برپا ہے۔ انسان کے خارجی ماحول میں خیر کی قوتیں بھی موجود ہیں اور شر کی قوتیں بھی۔ انسانوں ہی میں وہ لوگ بھی ہیں جو خیر کی طرف بلانے والے ہیں‘ جیسے اولیاء اللہ ہیں‘ مبلغین ِ حق ہیں‘ داعیانِ حق ہیں اور وہ کہ جنہیں نائبین ِ رسولﷺ کہا جائے‘ جو رسولﷺ کے منصب ِ تبلیغ کو اپنا کر لوگوں کو خیر اور بھلائی کی دعوت دینے والے ہیں۔ اور انسانوں ہی میں وہ بھی ہیں کہ جو شر کے داعی ہیں اور برائی کی طرف پکارنے والے ہیں۔ یہ شیاطین اِنس ہیں۔ پھر غیر مرئی مخلوقات میں بھی خیر وشر کے طبقات موجود ہیں‘ جن میں سے ایک مخلوق تو وہ ہے جو شر کی طرف بلاتی ہے‘ جو برائی پر انسان کی پیٹھ ٹھونکتی ہے۔ اگر وہ بدی کا راستہ اختیار کرتا ہے تو یہ بڑھ چڑھ کر اس کی مدد کرتی ہے۔ یہ جنات شیاطین ہیں جو ابلیس ِ لعین کی صُلبی و معنوی ذریت ہیں۔ دوسری غیر مرئی مخلوق ملائکہ ہیں‘ وہ نورانی وجود رکھنے والی ہستیاں ہیں۔ یہ خیر کی طرف بلانے والی اور اہل ِ خیر کی ہمت افزائی کرنے والی ہیں ‘اور ان کے لیے تثبیت ِ قلبی کا ذریعہ بنتی ہیں۔ چنانچہ میدانِ بدر میں اور معرکہ ٔ اُحد میں ملائکہ کا نزول قرآنِ حکیم کی نصوصِ قطعیہ سے ثابت ہے۔ بعض احادیث میں بھی ملائکہ کے نزول کا بڑا صریح اور صاف نقشہ کھینچا گیا ہے۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ ارشادفرماتے ہیں:
((مَا اجْتَمَعَ قَوْمٌ فِیْ بَیْتٍ مِنْ بُیُوْتِ اللہِ یَتْلُوْنَ کِتَابَ اللہِ وَیَتَدَارَسُوْنَہٗ بَیْنَھُمْ اِلاَّ نَزَلَتْ عَلَیْھِمُ السَّکِیْنَۃُ وَغَشِیَتْھُمُ الرَّحْمَۃُ وَحَفَّتْھُمُ الْمَلَائِکَۃُ وَذَکَرَھُمُ اللہُ فِیْمَنْ عِنْدَہٗ))
’’کبھی ایسا نہیں ہوتا کہ کچھ لوگ اللہ کے گھروں میں سے کسی گھر میں اللہ کی کتاب کو پڑھنے اور باہم ایک دوسرے کو سمجھنے اور سمجھانے کے لیے جمع ہوں‘ مگر یہ کہ اُن پر اللہ کی سکینت کا نزول ہوتا ہے اور رحمتِ خداوندی انہیں اپنے سائے میں لے لیتی ہے‘اور ملائکہ ان کے گرد گھیرا ڈال لیتے ہیں‘ اور اللہ تعالیٰ ملائکہ ٔ مقربین کی محفل میں اُن کا ذکر کرتا ہے۔‘‘
معلوم ہوا کہ ملائکہ کا یہ نزول صرف انتقال کے وقت ہی نہیں ہوتا بلکہ مؤمنین ِ صادقین‘ اللہ کے دوستوں اور اس کے چاہنے والوں پر حیاتِ دُنیوی کے دوران بھی مسلسل فرشتے اترتے ہیں۔ اس دوسرے مفہوم کی تائید یہ الفاظِ قرآنی بھی کر رہے ہیں: {نَحۡنُ اَوۡلِیٰٓؤُکُمۡ فِی الۡحَیٰوۃِ الدُّنۡیَا وَ فِی الۡاٰخِرَۃِ ۚ} ’’ہم ہیں تمہارے ساتھی (تمہارے رفیق‘ تمہارے حمایتی‘ تمہارے پشت پناہ) دنیا کی زندگی میں بھی اور آخرت کی زندگی میں بھی‘‘۔ یہ قول اُ سی صورت میں زیادہ قابل فہم ہو گا جبکہ یہ حیاتِ دُنیوی سے متعلق ہو‘ یعنی اُس وقت جبکہ انسان فی الواقع اس کشمکش میں مبتلا ہو اور معرکہ ٔ خیر و شر میں نبرد آزما ہو‘ اور ایسے کڑے وقت میں کوئی اس کی پیٹھ ٹھونکے اور اس کی ہمت افزائی کرے کہ ہم تمہارے ساتھی اور مددگار ہیں‘ تم اپنے آپ کو اس معرکے میں تنہا نہ سمجھو۔ تواس دوسرے مفہوم کی تائید اِن الفاظِ مبارکہ سے زیادہ واضح ہو کر ہمارے سامنے آتی ہے۔ خلاصہ یہ ہے کہ یہاں بتایا گیا ہے کہ اگر اللہ کی ربوبیت پر انسان کووثوق حاصل ہو جائے اور اس پر اس کا دل جم جائے تو یہ وہ مقام اور مرتبہ ہے کہ دورانِ حیاتِ دُنیوی بھی ملائکہ کا نزول اس پر پیہم ہوتا رہتا ہے جس سے اسے انبساط حاصل ہوتا ہے‘ اس کے قلب کو تثبیت حاصل ہوتی ہے‘اسے داخلی سکون اور اطمینان میسر آتا ہے اور اس کے قدموں میں جماؤ پیدا ہوتا ہے۔ جیسے کہ سورۃ الانفال میں فرمایاگیا: {اِذۡ یُوۡحِیۡ رَبُّکَ اِلَی الۡمَلٰٓئِکَۃِ اَنِّیۡ مَعَکُمۡ فَثَبِّتُوا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا ؕ} (آیت۱۲) میدانِ بدر میں نازل ہونے والے فرشتوں کو اللہ کا حکم ہوا کہ میں تمہارے ساتھ ہوں‘ پس تم اہل ِ ایمان کے قدموں کو جما دو! یعنی ان کے دلوں کے اندر ایک قوت پیدا کر دو۔
آخرت میں اہل ایمان کے لیے اجر
رہا معاملہ آخرت کا تو اس کے متعلق ارشاد ہوتا ہے : {وَ لَکُمۡ فِیۡہَا مَا تَشۡتَہِیۡۤ اَنۡفُسُکُمۡ } ’’اوروہاں تو تمہارے لیے ہر وہ چیز (مہیا کر دی گئی) ہے جس کی خواہش تمہارے جی کریں گے‘‘۔ تمہارے نفوس کا خالق جانتا ہے کہ اس میں کس کس چیز کی اشتہا ہے‘ اس میں کس کس چیز کی طلب مضمر ہے۔ اور اللہ نے جو تمہارا خالق و مالک ہے‘ تمہارے نفس کے جملہ تقاضوں کی بھرپور تسکین کا اہتمام اُس جنت میں کر دیا ہے کہ جس کا تم سے وعدہ کیا جاتا رہا ہے۔ اس پر مزید فرمایا: {وَ لَکُمۡ فِیۡہَا مَا تَدَّعُوۡنَ ﴿ؕ۳۱﴾} ’’اور جنت میں ہر چیز جس کی تم تمنا کرو گے‘ وہ تمہاری ہو گی‘‘۔ یعنی وہاں تم جو بھی مانگو گے‘ جو بھی طلب کرو گے حاضر کر دیا جائے گا۔
’’اشتہا‘‘ اور ’’طلب‘‘ کے مابین ایک لطیف سا فرق ہے۔ اشتہا نفس ِ انسانی کے وہ تقاضے ہیں جو تمام انسانوں میں مشترک ہیں‘ جنہیں مشتہیاتِ نفس کہا جاتا ہے‘ یعنی ان چیزوں کی خواہش نفس کے اندر موجود ہے۔ جنت میں ان تقاضوں کی بھرپور تسکین کر دی جائے گی۔ اس لیے کہ اس دنیا میں بندۂ مؤمن اپنے نفس کی باگیں روک کر رکھتا ہے‘ اللہ کے حکم کے تحت نفس کی مرغوبات سے اپنے آپ کو دُور اور خود کو تھامے رکھتا ہے۔ ازروئے الفاظِ قرآنی : {وَ اَمَّا مَنۡ خَافَ مَقَامَ رَبِّہٖ وَ نَہَی النَّفۡسَ عَنِ الۡہَوٰی ﴿ۙ۴۰﴾} (النّٰزعٰت) ’’اور جو اپنے ربّ کے سامنے کھڑا ہونے سے خائف رہا اور اس نے اپنے نفس کو (ناجائز) خواہشات سے روکے رکھا‘‘۔ تو اس کا ایک منطقی نتیجہ یہی نکلتا ہے کہ آخرت میں ان کے ان مشتہیاتِ نفسانیہ کو بھرپور تسکین فراہم کی جائے جس پر بندۂ مؤمن نے حیاتِ دُنیوی کے دوران قدغنیں بٹھائے رکھی تھیں۔اور ’’طلب‘‘ یہ ہے کہ ہر انسان کے فکر اور شعور کی ایک سطح (Level of consciousness) ہے۔ اس کے اعتبار سے ہر شخص کی تمنا مختلف ہو گی‘ ہر شخص کچھ اور چاہے گا۔ اس اعتبار سے اس جملے میں ایک امکانی کیفیت رکھ دی گئی کہ: {وَ لَکُمۡ فِیۡہَا مَا تَدَّعُوۡنَ ﴿ؕ۳۱﴾} ’’اورجو کچھ بھی تم چاہو گے اس کو جنت میں تمہارے لیے پیش کر دیا جائے گا۔‘‘
جنت میں سب سے بڑی بات اللہ تعالیٰ کی میزبانی ہے جس پر اس ذکر ِ عالی کو ختم فرمایا گیا‘ یعنی: {نُزُلًا مِّنۡ غَفُوۡرٍ رَّحِیۡمٍ ﴿٪۳۲﴾} ’’یہ اُس ہستی کی طرف سے (ابتدائی) مہمان نوازی ہو گی جو غفور بھی ہے ‘رحیم بھی‘‘۔اگر خطائیں ہیں تو وہ ان سے درگزر کرنے والا ہے‘ اگر کہیں کوئی قدم پھسل گیا تھا تو اس کو بخش دینے والا اور معاف فرمانے والا ہے‘ تاکہ اجر و ثواب میں کوئی کمی نہ رہ جائے۔ لہذا یہ اس کی طرف سے مہمان نوازی ہو گی اور تم مہمان ہو گے۔ یہاں بخشش اور رحم فرمانے کے ذکر میں ایک لطیف اشارہ بھی ہے ‘اور وہ یہ کہ سب کچھ جس کا ذکر کیا جا رہا ہے یہ درحقیقت ’’نُزُل ‘‘ ہے‘ یعنی پہلی او ر اوّلین مہمان نوازی۔اہل عرب ’’نُزُل ‘‘ کا لفظ اس مہمان نوازی کے لیے استعمال کرتے ہیں جو کسی مہمان کے آتے ہی فوراً پیش کی جائے۔گویا ’’نَزِیل‘‘ (نزول کرنے والا)یعنی اترنے والا جیسے ہی اپنی سواری سے اترے‘ اس کے سامنے ٹھنڈا یا گرم فوراً پیش کر دیا جائے۔ یہ ہے نُزُل‘ اور اس کے بعد اہتمام ہوتا ہے ضیافت کا۔تو یہ سب کچھ بھی نُزُل کے حکم میں ہے‘ اللہ تعالیٰ کی طرف سے جو ضیافت ہونے والی ہے اس کا توکوئی تصوربھی اس دنیا میں ممکن نہیں۔ جیسے نبی اکرمﷺ نے جنت کی نعمتوں کے بارے میں فرمایا کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے :
((اَعْدَدْتُ لِعِبَادِیَ الصَّالِحِیْنَ مَا لَا عَیْنٌ رَأَتْ وَلَا اُذُنٌ سَمِعَتْ وَلَا خَطَرَ عَلٰی قَلْبِ بَشَرٍ))
’’میں نے اپنے نیک لوگوں کے لیے ایسی نعمتیں تیار کی ہیں کہ جو نہ کسی آنکھ نے کبھی دیکھیں‘ نہ کسی کان نے کبھی سنیں اور نہ ہی کبھی کسی انسان کے دل پر اُن کا کوئی خیال یا احساس وارد ہوا‘‘۔ وہ تو تمہارے حواس اور تمہارے تخیلات سے ماورا نعمتیں ہیں۔ باقی جو کچھ تمہارے احساس و ادراک میں آ سکتا ہے‘ وہ نُزل اور ابتدائی مہمان نوازی کے طور پر عطا کر دیا جائے گا۔ مطلب یہ کہ بخشش اور رحمت کے جامِ تسکین و فرحت تو مہمان کو آتے ہی پیش کر دیے جائیں گے‘ پھر ضیافت کا وہ لامتناہی سلسلہ ہوگا جس کا کوئی حساب ہے نہ کوئی حد۔
’’دعوت اِلی اللہ‘‘ کا فریضہ
سورۂ حٰم السجدۃ کی زیر نظر آیات کو دو حصوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے۔ پہلے حصے میں تین آیات کا بیان ہوا‘ جن میں مرتبۂ ولایت کا ذکر ہوا ہے۔ دوسرے حصے کی بقیہ چار آیات میں اسی تصویر کا دوسرا رُخ سامنے آ رہا ہے ‘جس میں اصل مرکزیت ’’دعوت الی اللہ‘‘ اور اس راہ میں آنے والی مصیبتوں پر صبر اور اس کی اعلیٰ ترین منزل کے بیان کو حاصل ہے۔ چنانچہ فرمایا: {وَ مَنۡ اَحۡسَنُ قَوۡلًا مِّمَّنۡ دَعَاۤ اِلَی اللّٰہِ وَ عَمِلَ صَالِحًا} ’’اوراس شخص سے بہتر اور کس کی بات ہو گی جو اللہ کی طرف بلاتا ہو اور نیک عمل کرتا ہو‘‘۔یہاں یہ ذہن میں رہے کہ جہاں تک عمل کا تعلق ہے اس کا بھرپور ذکر پہلے حصہ میں استقامت کے ضمن میں ہو چکا ہے۔ یہاں درحقیقت عمل صالح کا ذکر اسی دعوت کی ایک ضرورت‘ اس کی تائید اور اس کے مؤثر ہونے کے لازمی تقاضے کے طور پر ہو رہا ہے۔ یعنی دعوت الی اللہ کا عمل بالکل غیر مؤثر رہے گا‘بشرطیکہ اس گواہی کے طور پر داعی کی اپنی زندگی حسنِ اخلاق کا ایک نمونہ بن جائے۔ اگر داعی اپنی دعوت کا ایک عملی نمونہ اپنی زندگی میں پیش نہ کرے تو درحقیقت اپنی دعوت کا اوّلین دشمن وہ خود ہو گا۔ یہاں آیت {وَ مَنۡ اَحۡسَنُ قَوۡلًا مِّمَّنۡ دَعَاۤ اِلَی اللّٰہِ} میں دراصل ’’دعوت الی اللہ‘‘ کو ایک فریضہ کے طور پر بیان کیا جا رہا ہے۔ اسے یوں سمجھئے کہ وہ لوگ جن کا ذکر ابتدائی آیات میں کیا گیا‘ ان کے ہاں دُنیوی ساز و سامان‘ جائیداد‘ مال و متاع اور ظاہری چمک دمک کو پر ِکاہ کے برابر بھی حیثیت حاصل نہیں ہوتی‘ بلکہ ان کی زندگی میں ان کی بلند ترین خواہش اور تمنا صرف یہ ہوتی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ بندگانِ خدا کو خدا کے ساتھ جوڑ دیں‘ غافلوں کو اللہ کی جناب میں لا کر جھکا دیں اور بھولے بھٹکے ہوؤں کو سیدھے راستے پر لے آئیں۔ ان کی ساری عملی جدوجہد ایک ہی نکتے پر مرتکز ہوتی ہے کہ وہ اپنا سب کچھ خلقِ خدا کی ہدایت اور خلق کو خدا کی طرف بلانے میں صرف کر دیتے ہیں۔
{وَ مَنۡ اَحۡسَنُ قَوۡلًا مِّمَّنۡ دَعَاۤ اِلَی اللّٰہِ} میں نطق ِ انسانی کے مفید استعمال کی طرف بھی بلیغ اشارہ فرمایا جا رہا ہے‘ اور وہ یہ ہے کہ زبان ہر انسان کے پاس ہے‘ اس کااستعمال ہر شخص کرتا ہے۔ جو لوگ نسبتاً باصلاحیت ہوتے ہیں وہ کسی نہ کسی دعوت کے َعلم بردار بن کر کھڑے ہو جاتے ہیں۔ کوئی کنبے اور قبیلے کی فلاح کا نعرہ لے کر اٹھتا ہے‘ کوئی قوم اور وطن کی عظمت کا نام لے کر اٹھتا ہے‘ کوئی عوام کے حقوق کا نعرہ لگاتا ہے‘ کوئی معاشی عدل اور معاشی انصاف کے لیے جدوجہد کرنے کا دم بھرتا ہے۔ کہیں وطن کی عظمت پر گردنیں کٹائی جاتی ہیں‘ کہیں اپنی قومی برتری کے لیے محنتیں اور مشقتیں کی جاتی ہیں اور ایثار و قربانی کا داعیہ پیدا کیا جاتا ہے۔ اس طرح نامعلوم کتنی دعوتیں دنیا میں دی جاتی ہیں‘ لیکن سب سے اچھی اور بہترین دعوت اس شخص کی ہو گی جو اللہ کی طرف بلا رہا ہو‘ اس اللہ کی طرف جو سب کا خالق و مالک ہے‘ جو سب کا رازق ہے‘ جو سب کا آقا ہے‘ جو سب کا حاکم ہے‘ جس کے حضور میں سب کو چاروناچار حاضر ہونا ہے‘ جس کے قبضہ ٔ قدرت میں کُل کائنات ہے‘ جس کے اِذن کے بغیر ایک پتا تک جنبش نہیں کرتا اور جو اصل ’’الحق‘‘ ہے‘ ازروئے الفاظِ قرآنی :
{ذٰلِکَ بِاَنَّ اللّٰہَ ہُوَ الۡحَقُّ} اس کی طرف دعوت تواصی بالحق کی بلند ترین منزل ہے‘ یہ تمام دعوتوں سے بلند ترین دعوت ہے۔ بلاشبہ اس سے کم تر اور نچلی سطح پر اصلاحی دعوت (Reformation movement) اور محدود پیمانے پر خلقِ خدا کی خدمت کے کاموں کی بھی اپنی اپنی جگہ پر اہمیت و افادیت ضرور ہے‘ مگر دعوت الی اللہ ان سب سے بلند تر اور اعلیٰ ترین ہے۔
مقامِ دعوت کاپہلا تقاضا عمل ِصالح
{وَ عَمِلَ صَالِحًا } ’’اور جو نیک اعمال کرے۔‘‘اس دعوت کا اوّلین اور بنیادی تقاضا داعی کی اپنی زندگی کا صالحیت سے عبارت ہونا ہے ‘تاکہ وہ پورے انشراحِ صدر کے ساتھ کہہ سکے کہ جس بات کی طرف میں دعوت دے رہا ہوں کہ لوگو اللہ کی بندگی اختیار کرو‘ اللہ کی اطاعت کرو‘ اللہ کو چاہو‘ اللہ سے شدید محبت کرو اور اللہ ہی کو اپنا مطلوب و مقصودِ حقیقی سمجھو‘ اُس دعوت کا مجسّم پیکر میں خود ہوں۔ میں نے خود اللہ تعالیٰ کی بندگی کو عملاً اختیار کیا ہے۔ بالفاظِ قرآنی : {اَنَا اَوَّلُ الۡمُسۡلِمِیۡنَ} اور: {اَنَا اَوَّلُ الۡمُؤۡمِنِیۡنَ } اور: {قَالَ اِنِّیۡ عَبۡدُ اللّٰہِ} میں نے خود اللہ تعالیٰ کو اپنا محبوب بنا لیا ہے اور میں تمہیں بھی دعوت دیتا ہوں کہ اسی کی محبت سے اپنے دلوں کوآباد کرو۔
دوسرا تقاضا غرور اور تکبرسے اجتناب
{وَّ قَالَ اِنَّنِیۡ مِنَ الۡمُسۡلِمِیۡنَ ﴿۳۳﴾} ’’اور وہ کہے کہ میں بھی مسلمانوں ہی میں سے ہوں۔‘‘ یعنی اس کے ذاتی تقویٰ و تدین اور دین پر عمل پیرا ہونے کے باوجود اس میں کوئی غرور اور تکبر نہ ہو۔وہ یہ نہ سمجھے کہ میں کوئی شئے دگر ہوں۔ وہ یہ کہے کہ میں کسی پہلو سے بھی تم سے جدا‘ علیحدہ‘ بلندتر اور اعلیٰ نہیں ہوں‘ بلکہ میں بھی اللہ کے حضور گردن جھکانے والوں میں سے ہی ہوں۔ یہ درحقیقت ایک کلمہ ٔ تواضع بھی ہے جو دعوت الی اللہ کی کامیابی کے لیے شرطِ لازم ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ انسان کی طبیعت ہی کچھ ایسی ہے کہ تکبر سے اسے نفرت ہے اور وہ تکبر کرنے والوں سے دُور بھاگتا ہے۔ چنانچہ جیسے بجلی کا کرنٹ لگنے سے انسان دھکاکھا کر پیچھے کی طرف گر جاتا ہے اسی طرح جہاں کہیں بھی انسان کو دوسروں میں خود پسندی‘ عُجب‘ تکبر اور غرور کے آثار محسوس ہوں گے وہاں انسانوں میں بُعد اور دُوری ہو گی ۔ اس کے برعکس جہاں کہیں تواضع اور انکساری ہو گی وہاں کشش ہو گی۔ یہی وجہ ہے کہ نبی اکرمﷺ کو بھی حکم دیا گیا کہ: {وَ اخۡفِضۡ جَنَاحَکَ لِلۡمُؤۡمِنِیۡنَ ﴿۸۸﴾} (الحجر) ’’اور (اے نبیﷺ!) اہل ایمان کے لیے اپنے بازوؤں کو (اپنے شانوں کو) جھکا کر رکھئے‘‘۔مطلب یہ ہے کہ جب اہل ایمان آپؐ کے پاس آئیں تو یہ محسوس کریں کہ رسولِ رحمتﷺ کے دل میں ان کے لیے محبت‘ شفقت‘ مودّت اور رحمت موجود ہے۔ یہ دلوں کو موہ لینے والا انداز ہے‘ اور ظاہر بات ہے کہ اس میں تواضع کو بڑا دخل حاصل ہے۔ حدیث میں ہے کہ نبی اکرمﷺ جب صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے مابین بیٹھے ہوتے تو آپؐ کی کوئی امتیازی نشست نہیں ہوتی تھی‘ اور بسااوقات آنے والوں کے لیے یہ طے کرنا مشکل ہوتا تھا کہ ان میں ٌمحمدرسول اللہﷺ کون ہیں۔اگر آپؐ کہیں تشریف لے جاتے اور صحابہ کرام ؓ تعظیماً کھڑے ہوتے تھے تو آپؐ اس سے بھی منع فرماتے۔آپؐ کبھی بھی اپنے لیے کوئی نمایاں حیثیت اور نمایاں مقام کے خواہاں نہیں ہوئے۔ بعض لوگوں نے اس سے بڑا عمدہ نکتہ نکالا ہے کہ آنحضورﷺ کو دنیا میں جو عظیم کامیابی حاصل ہوئی اس کا ایک بڑا واضح‘ محسوس اور عقل میں آنے والا سبب یہ ہے کہ آپؐ کا ’’نزول‘‘بہت کامل ہے۔ آپؐ نے خالص انسانی سطح پر زندگی بسر کی‘ انسانوں میں گھل مل کر‘ ان کے اندر مل جل کر رہنا پسند فرمایا۔ اپنے لیے کوئی ایسا مقام کہ جہاں سے اترنے کے لیے انسان آمادہ نہ ہو‘ اور اس بلند مقام سے لوگوں کو بنظر ِ استحقار دیکھ رہا ہو اور لوگوں تک رسائی میں تکلف ہو‘ (نعوذ باللّٰہ من ذٰلک) اس قسم کا کوئی نقشہ محمد عربیﷺ کی شخصیت ِ مطہرہ میں نظر نہیں آتا۔
تیسرا تقاضا جداگانہ تشخص سے گریز
’’ اِنَّنِیۡ مِنَ الۡمُسۡلِمِیۡنَ ‘‘ سے ایک اور رہنمائی یہ ملتی ہے کہ ہمارا تشخص اور پہچان صرف ’’اسلام‘‘ ہی ہونا چاہیے۔ لیکن ہمارا المیہ ہے کہ اُمت میں جو دعوت بھی اٹھی‘ اس کے داعی نے ابتداء ً تو تفرقے کی مذمت کرتے ہوئے خالصتاً اسلام کی دعوت دی‘ لیکن بعد میں دعوت قبول کرنے والوں نے ایک فرقے کی شکل اختیار کر لی اور مسلمانوں سے جدا ہو گئے اور ان کا ایک علیحدہ تشخص قائم ہو گیا۔ گویا دعوتِ دین کے لیے اس بڑی احتیاط کو ملحوظ رکھنا نہایت ضروری ہے کہ جو شخص بھی اس راہ میں قدم بڑھائے‘ جو بھی دعوت الی اللہ کی ذمہ داری اٹھائے اور انبیاء و رُسل کے اس حق امانت کو ادا کرنے کے لیے آگے آئے‘اس کے لیے لازم ہے کہ وہ اپنا کوئی جداگانہ تشخص قائم نہ کرے‘ مسلمانوں سے کٹ نہ جائے اور مسلمانوں سے کوئی علیحدہ حیثیت اختیار نہ کرے‘ بلکہ جہاں تک ہو سکے شعوری طور پر اس کی کوشش یہ ہونی چاہیے کہ وہ اپنے آپ کو پوری طرح مسلمانوں کے ساتھ identify کرے۔
’’ اِنَّنِیۡ مِنَ الۡمُسۡلِمِیۡنَ ‘‘ میں ہمارے لیے یہ رہنمائی بھی موجود ہے کہ مختلف مسالک اور فرقوں کی طرف بلانا دعوت الی اللہ نہیں۔ دعوت الی اللہ صرف یہ ہے کہ اللہ کی بندگی‘ اس کی کامل اطاعت‘ اس سے انتہائی محبت اور اس کی معرفت سے اپنا وجود منور کرو اور اپنے قلوب و اذہان میں اجالا کرو اور اسی کی یاد سے دلوں کو راحت و سکون آشنا کرو۔ ازروئے الفاظِ قرآنی : {اَلَا بِذِکۡرِ اللّٰہِ تَطۡمَئِنُّ الۡقُلُوۡبُ ﴿ؕ۲۸﴾} (الرعد) وہی تمہارا مطلوب و مقصود بن جائے‘ اسی کی رضاجوئی تمہاری زندگی کانصب العین ہو‘ تمہارا جینا اور مرنا‘ تمہارا جاگنا اور سونا صرف اسی کے لیے ہو جائے۔ جیسے قرآن حکیم میں ایک اور مقام پر فرمایا گیا: {قُلۡ اِنَّ صَلَاتِیۡ وَ نُسُکِیۡ وَ مَحۡیَایَ وَ مَمَاتِیۡ لِلّٰہِ رَبِّ الۡعٰلَمِیۡنَ ﴿۱۶۲﴾ۙ} (الانعام) ۔ اس سے تمہارا وہ تعلق قائم ہو جائے کہ تم اگر کسی سے محبت کرو تو صرف اسی کے لیے‘ کسی سے نفرت رکھو تو اسی کے لیے۔ اسی کو دو جس کو دینے کا اس نے حکم دیا اور کسی سے روکو تو اس لیے کہ اس کو نہ دینا اللہ کو پسند ہے۔ یہ وہ بات ہے جورسول اللہﷺ نے بایں الفاظ ارشاد فرمائی:
((مَنْ اَحَبَّ لِلّٰہِ وَاَبْغَضَ لِلّٰہِ وَاَعْطٰی لِلّٰہِ وَمَنَعَ لِلّٰہِ فَقَدِ اسْتَکْمَلَ الْاِیْمَانَ))
’’جس نے اللہ کے لیے محبت کی ‘اور اللہ کے لیے دشمنی رکھی‘ اور اللہ کے لیے کسی کو دیا اور اللہ کے لیے روکا تو اس نے ایمان کی تکمیل کر لی۔‘‘
داعی کی شخصیت - ایک نظر میں
اب آیئے اس آیت مبارکہ کو ایک وحدت کی حیثیت سے دیکھتے ہیں : {وَ مَنۡ اَحۡسَنُ قَوۡلًا مِّمَّنۡ دَعَاۤ اِلَی اللّٰہِ وَ عَمِلَ صَالِحًا وَّ قَالَ اِنَّنِیۡ مِنَ الۡمُسۡلِمِیۡنَ ﴿۳۳﴾} اس سے بہتر بات اور کس کی ہو گی جو اللہ کی طرف بلاتا ہو‘جس کی گواہی اس کا عمل دے رہا ہو‘ وہ خود اپنے عمل میں اللہ کا ایک مکمل بندہ نظر آ رہا ہو۔ اخلاقِ حسنہ کی ایک تصویر اس کے سراپا سے مترشح ہو‘ پھر وہ تواضع اور انکساری کے ساتھ خود اپنے آپ کو مسلمانوں ہی میں سے شمار کر ا رہا ہو۔ اس کی دعوت کسی جداگانہ فرقے یا جداگانہ مسلک کی طرف نہ ہو‘ بلکہ صرف اللہ کی طرف ہو۔ یہ ہے تواصی بالحق کی وہ بلند ترین منزل جس پر نبی اکرمﷺ اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے بعد اگر کچھ لوگ فائز نظر آتے ہیں تویہ وہ پاکیزہ انسان ہیں جنہیں اولیاء اللہ کے نام سے موسوم کیاجاتا ہے‘ وہ کبار صوفیاء جنہوں نے اپنے گھر بار تج دیے۔سوچئے کہ معین الدین اجمیری رحمہ اللہ علیہ اجمیر میں کوئی تجارت یا کاروبار کرنے آئے تھے؟ ہرگز نہیں‘ بلکہ صرف اسی دعوت کی تڑپ انہیں اجمیر لائی تھی۔ اسی تڑپ کی بدولت کلمۂ توحید کی صدائیں خود اُن کے وجود کوسرمست اور بے خود کیے ہوئے تھیں‘ اور دوسری کوئی تمنا ان کے دل میں سرے سے باقی نہ رہی تھی۔ بقول مجذوب رحمہ اللہ علیہ ؎
ہر تمنا دل سے رخصت ہو گئی
اب تو آ جا اب تو خلوت ہو گئی!
ایسے اولیاء اللہ نے اپنے دلوں میں صرف اللہ تعالیٰ کو بسایا تھا۔ صرف اللہ کی طرف لوگوں کو دعوت دینے کو انہوں نے اپنی کُل سعی و جہد کا مطلوب و مقصود بنایا تھا۔ اسی کے لیے ان کا جینا اور اسی کے لیے ان کا مرناتھا۔ خلق ِ خدا کی محبت اور اُن پر رحمت و شفقت اور مودّت ان کے پورے وجود میں سرایت کر چکی تھی۔ اس اعتبار سے {وَ مَنۡ اَحۡسَنُ قَوۡلًا مِّمَّنۡ دَعَاۤ اِلَی اللّٰہِ وَ عَمِلَ صَالِحًا وَّ قَالَ اِنَّنِیۡ مِنَ الۡمُسۡلِمِیۡنَ ﴿۳۳﴾} کے اس نقشے پر واقعتا صرف اولیاء اللہ پورے اترتے نظر آتے ہیں۔
دعوتِ حق کی مخالفت ایک ناگزیر امر
یہاں یہ بات واضح رہنی چاہیے‘ جیسے کہ اس سے پہلے کے تین اسباق میں ہم دیکھ چکے ہیں‘ کہ حق کی دعوت خواہ کتنے ہی خلوص اور بے نفسی سے دی جائے اس کی مخالفت اور مزاحمت ضرور کی جائے گی‘ خواہ ا س دعوت کے پیش کرنے والے ایسے لوگ ہی کیوں نہ ہوں جن کی نیتوں پر شک نہ کیا جاسکتا ہو۔اس کا اس سے بڑھ کر اور ثبوت کیا ہو سکتا ہے کہ خود رسول اللہﷺ جنہیں ان کے کٹر دشمن اور ان کے خون کے پیاسے بھی ’’الصادق‘‘ اور ’’الامین‘‘ کہتے تھے‘ جن کی شخصیت پر کوئی داغ نہ دکھا سکا اور جن کے کردار پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکا‘ انہیں بھی شدید مخالفت بلکہ اس سے بڑھ کر مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ آپؐ کے قریب ترین اعزّہ آپؐ کی جان کے درپے ہوئے۔ ابولہب جیسا قریبی رشتہ دار آپؐ کا دشمن بن گیا۔اس کی بیوی نے آپؐ کے راستے میں کانٹے بچھائے۔ قریش کا پورا گھرانہ آپؐ کے اعزّہ و اقارب ہونے کے باوجود دشمن بنا۔
معلوم ہوا کہ یہ ممکن ہی نہیں ہے کہ کوئی دعوت واقعتا حق کی ہو اور باطل اس کی راہ میں مزاحم نہ ہو۔ باطل کبھی بھی اسے lying down نہیں لے گا۔اس کے باطل ہونے کا تقاضا یہ ہے کہ وہ حق کا راستہ روکے ‘ حق کے راستے میں موانع و مشکلات پیدا کرے۔ یہ دو اور دوچار کی طرح کا وہ اصول ہے جس سے کہیں کوئی استثناء نہیں۔ اگر محمد عربیﷺ کے لیے استثناء نہ ہوا اور آپؐ کو اپنے جسم مبارک پر پتھراؤ جھیلنا پڑا‘اپنے دندانِ مبارک شہید کرانے پڑے‘ اپنے انتہائی محبوب صحابہ رضوان اللہ علیہم اجمعین کی جانوں کا ہدیہ بارگاہِ ربانی میں پیش کرنا پڑا۔ حضرت مصعب بن عمیرؓ جیسے جاں نثار ساتھی اور حضرت حمزہؓ بن عبدالمطلب جیسے محبوب چچا‘ خالہ زاد اور دودھ شریک بھائی اور ساتھ کے کھیلے ہوئے ہمجولی کی لاشیں اگر نبی اکرمﷺ کے سامنے اس حال میں آئی ہیں کہ ناک کٹی ہوئی ہے‘ کان کاٹ لیے گئے ہیں‘ پیٹ چاک ہے اور کلیجے کو چبا لیا گیا ہے تو کیسے ممکن ہے کہ کسی دوسرے کے لیے یہ اٹل قانون توڑا جا سکے‘ لہذا مخالفت‘ مخاصمت ‘ موانع ‘ مشکلات اور آزمائشیں اس راہ کے سنگ ہائے میل ہیں۔ مخاطبین کی طرف سے جنہیں حق کی دعوت دی جا رہی ہو ‘استہزاء‘ تمسخر اور مخالفت بھی ہو گی اور ایذا رسانی بھی! وہ جان لینے کے درپے بھی ہوں گے اور گھر سے نکال باہر بھی کریں گے۔
مخالفت کی صورت میں داعی کے لیے ہدایات
اس تکلیف دہ کیفیت میں داعی الی اللہ کا مقام کیا ہو گا؟ اس کو ایک عجیب پُرحکمت قاعدہ کلیہ سے شروع کیا گیا جس سے داعی کی تربیت اور تألیف قلب کا انوکھا اور بڑا مؤثر اصول سامنے آتا ہے۔ فرمایا: {وَ لَا تَسۡتَوِی الۡحَسَنَۃُ وَ لَا السَّیِّئَۃُ ؕ} ’’اور (دیکھو) نیکی اور بدی برابر نہیں ہوتیں‘‘۔ نیکی نیکی ہے اور بدی بدی ہے۔ نیکی کی اپنی تأثیر ہے اور بدی کی اپنی تأثیر۔ اب کیسے ممکن ہے کہ یہ دونوں برابر ہو جائیں۔ ’’وَ لَا تَسۡتَوِی الۡحَسَنَۃُ وَ لَا السَّیِّئَۃُ ؕ‘‘ میں مبالغے کا ایک انداز حرفِ نفی ’’لَا‘‘ کی تکرار سے بھی پیدا کیا گیا‘ حالانکہ بات یوں بھی پوری ہوجاتی کہ ’’وَ لَا تَسۡتَوِی الۡحَسَنَۃُ وَ لَا السَّیِّئَۃُ ؕ‘‘ کہ برابر نہیں ہیں نیکی اور بدی‘ لیکن ’’لَا‘‘ کو مکرر لا کر تاکید کا رنگ پیدا کیا گیا۔ {وَ لَا تَسۡتَوِی الۡحَسَنَۃُ وَ لَا السَّیِّئَۃُ ؕ} سے نتیجہ یہ نکالا گیا ہے کہ نیکی کی دعوت کی راہ میں بدی ضرور آڑے آئے گی اور رکاوٹ بنے گی‘ مگر اس کا علاج بڑا دلنشیں تجویز فرمایا: {اِدۡفَعۡ بِالَّتِیۡ ہِیَ اَحۡسَنُ } ’’تم بدی کو اُس نیکی سے دفع کرو جو بہترین ہو۔‘‘ مخالفتوں کا جواب بڑے ہی احسن اور عمدہ طریق سے دو۔ ’’اَحْسَنُ‘‘ اَفْعَلُ کے وزن پر تفضیل کا صیغہ ہے جس کے معنی ہیں سب سے زیادہ خوبصورت اور بہترین ۔ یعنی نہایت اعلیٰ اور سب سے عمدہ طور سے مخالفتوں کی مدافعت کرو۔ اگر تمہیں گالیاں دی جائیں تو جواب میں تمہارے لبوں پر دعا آ جائے۔ پتھروں کی بوچھاڑ ہو رہی ہو تو تمہاری جانب سے پھولوں کا ہدیہ پیش ہوجائے۔ تمہارے قتل کے منصوبے بنائے جائیں تو تم شب کی تنہائی میں اپنے ربّ کے حضور مخالفین کی ہدایت کی دعائیں مانگو۔ یہ ہے بہترین مدافعت اور ’’اِدۡفَعۡ بِالَّتِیۡ ہِیَ اَحۡسَنُ ‘‘ کا اصل مفہوم۔
اس طور سے دفاع کا نتیجہ کیا نکلے گا؟ اس کا جواب دیا گیا ہے کہ: {فَاِذَا الَّذِیۡ بَیۡنَکَ وَ بَیۡنَہٗ عَدَاوَۃٌ کَاَنَّہٗ وَلِیٌّ حَمِیۡمٌ ﴿۳۴﴾} ’’پھر وہ شخص جس کے اور تمہارے درمیان عداوت (اور دشمنی ) تھی ایسے ہو جائے گا جیسے گرم جوش دوست‘‘۔ یعنی وہ لوگ جو کل تک تمہارے خون کے پیاسے تھے‘ تمہارے حمایتی‘ مددگار اور جاں نثار بن جائیں گے۔ سیرت کے مطالعے سے معلوم ہوتا ہے کہ حضرت خالد بن ولید رضی اللہ عنہ جن کی وجہ سے غزوۂ اُحد میں ستر مسلمانوں نے جامِ شہادت نوش کیا‘ جنہوں نے مسلمانوں کے فتح مند ہونے کے بعد یہ دیکھ کر کہ وہ درّہ جہاں محمد عربیﷺ نے پچاس تیر اندازوں کو متعین کیا تھا ‘خالی ہو گیا ہے‘ پورے کوہِ اُحد کا چکر کاٹ کر حملہ کیا اور مسلمانوں کی فتح شکست میں تبدیل ہو گئی اور سترصحابہ رضوان اللہ علیہم اجمعین کے خون سے دامنِ اُحد کی زمین رنگین ہو گئی‘ پھر وہی خالد بن ولیدؓ ہیں جو مشرف بہ اسلام ہوئے اور ’’سَیْفٌ مِّنْ سُیُوْفِ اللّٰہِ‘‘ کا لقب پایا اور محمد عربیﷺ کے سچے جاں نثار بنے۔ اب جہاں حضورﷺ کا پسینہ گرے وہاں اپنا خون گرانے کو موجب سعادت سمجھنے لگے۔
یہ طرزِ عمل اور ’’دفاعِ احسن‘‘ صبر کی بلند ترین منزل ہے۔ اگرچہ صبر یہ بھی ہے کہ کوئی گالی دے اور انسان خاموش رہے‘ کوئی پتھر مارے اور انسان اس کو چپ چاپ جھیل لے ‘لیکن یہ صبر کی ابتدائی منزل ہے۔ جبکہ یہاں جن مقاماتِ عالیہ اور جن بلندمراتب ِ صبر کا بیان ہوا ہے ان کے اعتبار سے صبر کی اعلیٰ ترین منزل بالکل مختلف اور جداگانہ ہے۔ اور وہ یہ ہے کہ گالیوں کے جواب میں دعائیں دی جائیں ‘ پتھروں کے جواب میں لوگوں کو پھول پیش کیے جائیں اور جو لوگ تمہارے قتل کے منصوبے بنا رہے ہوں پروردگار کے حضور میں ان کی ہدایت کے لیے دعائیں کی جائیں۔
حقیقت یہ ہے کہ اس اعتبار سے بھی اگر دیکھا جائے تو نبی اکرمﷺ اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے بعد پوری تاریخ ِ اُمت ِ مسلمہ میں صبر کے کڑے معیار پر بھی کچھ لوگ پورے اترتے دکھائی دیتے ہیں تو وہ وہی لوگ ہیں جن کا ذکر کیاجا چکا ہے‘ یعنی صوفیاءِ کبار اور اولیاء اللہ۔ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے اپنے بدخواہوں کو دعائیں دیں‘ جن کے سینے انتہائی کشادہ تھے‘ جن کے دلوں میں لوگوں نے اپنے لیے شفقت و مودّت اور محبت و رحمت کا دریا موجزن پایا۔ ان کی انہی کیفیات اور طرزِ عمل کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ بابا فرید رحمہ اللہ علیہ کے ہاتھ پر نو ّے ہزار لوگ مشرف بہ اسلام ہوئے۔ اسی طرح حضرت معین الدین اجمیری رحمہ اللہ علیہ کے ذریعے لاکھوں کی تعداد میں لوگوں نے اسلام قبول کیا۔ سرزمین ِ ہند میں اسلام پھیلا ہے تو انہی لوگوں کے طفیل‘ ورنہ بادشاہوں اور ہمارے حکمرانوں کا جو طرزِ عمل رہا ہے وہ اسلام سے برگشتہ کرنے میں تو ممد ہو سکتا تھا‘ اسلام کی طرف راغب کرنے میں نہیں‘ الاّماشاءَ اللہ! چنانچہ چند شخصیتوں کے استثناء کے ساتھ پوری ہزار سالہ تاریخ میں عظیم اکثریت کا حال یہی رہا ہے کہ وہ لوگوں کو اسلام سے دُور کرنے کا موجب تو بنے ہیں ‘مگر اسلام کی طرف دعوت دینے میں اور اس کی طرف راغب کرنے میں ان کا کوئی حصہ نہیں۔ دعوت کا یہ سارا کام انہی لوگوں کے طفیل انجام پایا ہے جو نبی اکرمﷺ کے نقش ِ قدم پر چلے۔ انہوں نے کبھی دُنیوی جاہ و حشمت کی حرص نہیں کی‘ بلکہ ان کی زندگیوں میں ایک ہی آرزو رہ گئی تھی اور وہ یہ تھی کہ خلقِ خدا کی ہدایت کا سامان کیا جائے۔ گویا یہ لوگ نوعِ انسانی کے لیے مجسم خیر خواہی تھے۔
یہ رتبہ ٔ بلند ملاجس کو مل گیا
اس کے بعد فرمایا: {وَ مَا یُلَقّٰہَاۤ اِلَّا الَّذِیۡنَ صَبَرُوۡا ۚ } ’’اس مقام تک نہیں پہنچ پاتے مگر وہی لوگ جنہوں نے صبر کیا‘‘۔یعنی صرف وہ لوگ اس مقام تک پہنچ سکتے ہیں جن میں تحمل و برداشت اور صبر کا بڑا ظرف ہوتا ہے‘ جو جھیل سکتے ہیں‘ جو اپنے نفس کے اندر اٹھنے والے طوفان کو روک سکتے ہیں اور جو فی الواقع صبر کے اعلیٰ مراتب پر فائز ہیں۔ {وَ مَا یُلَقّٰہَاۤ اِلَّا ذُوۡحَظٍّ عَظِیۡمٍ ﴿۳۵﴾} ’’اور نہیں پہنچ پاتے اس مقام اور مرتبے کو مگر وہی جو بڑے نصیب والے ہیں‘‘۔جن کا نصیبہ بڑا یاور ہے‘ جو بخت آور ہیں۔ یہی وہ مقام ہے اور یہی وہ الفاظ ہیں جن کے حوالے سے میں نے عرض کیا تھا کہ اس مقام کو اگر ’’حَظِّ عَظِیم‘‘ سے تعبیر کیا جائے تونہایت بہتر ہو گا‘کیونکہ یہ خود اِن الفاظ کا ایک تقاضا ہے۔ اور اگر دوسرے مقامات کے ساتھ ربط و تعلق کے حوالے سے اسے ’’مرتبہ ٔ ولایت‘‘ سے تعبیر کیا جائے تو بھی یقینادرست ہے۔
مؤمن کے لیے انتباہ
اب اس درس کی آخری آیت پر توجہ کیجیے: {وَ اِمَّا یَنۡزَغَنَّکَ مِنَ الشَّیۡطٰنِ نَزۡغٌ فَاسۡتَعِذۡ بِاللّٰہِ ؕ اِنَّہٗ ہُوَ السَّمِیۡعُ الۡعَلِیۡمُ ﴿۳۶﴾} ’’اور اگر تمہیں شیطان کی طرف سے کوئی چوک لگ ہی جائے تو اللہ کی پناہ مانگ لو‘ یقینا وہ سب کچھ سننے والا‘ سب کچھ جاننے والا ہے۔‘‘یہاں متوقع سنگین خطرے سے آگاہ کیا جا رہا ہے کہ اس اعلیٰ مقام پر پہنچ کر بھی یہ نہ سمجھنا چاہیے کہ آدمی شیطان سے بالکل مأمون و محفوظ ہو گیا ہے اور وہ اب کبھی آدمی کے اندر کوئی اشتعال پیدا نہ کر سکے گا‘ بلکہ شیطان سے اب بھی سابقہ پڑ سکتا ہے۔ ہو سکتا ہے کوئی چوک اسے شیطان کی طرف سے لاحق ہو ہی جائے اور کبھی اس کے اندرونی جذبات اشتعال میں آ ہی جائیں۔ یعنی انسان جب تک اس کشمکش خیر و شر میں مبتلا ہے وہ شیطان سے محفوظ و مأمون نہیں ہے۔ بظاہر یہ بات اگرچہ نبی اکرمﷺ سے مخاطب ہو کر کہی جا رہی ہے ‘لیکن درحقیقت اصل تخاطب آپؐ کے جاں نثاروں سے ہے۔آپؐ کے نقش قدم پر چلنے والے آپؐ کے وہ اُمتی جو اس دعوت الی اللہ اور دعوت الی الخیر کی ذمہ داریوں کو قبول کریں‘ ان کو ہدایت دی جا رہی ہے: {وَ اِمَّا یَنۡزَغَنَّکَ مِنَ الشَّیۡطٰنِ نَزۡغٌ} کہ اگر کبھی تمہیں شیطان کی طرف سے کوئی چوک لگ ہی جائے‘ کہیں جذبات میں اشتعال اور غصہ آ ہی جائے تو تم فوراً بھانپ لو کہ درحقیقت یہ شیطان کی جانب سے ایک چوک ہے۔ اب اس کا علاج اورتدارک یہ ہے کہ {نَزۡغٌ فَاسۡتَعِذۡ بِاللّٰہِ ؕ } تو فوراً اللہ کی پناہ مانگ کر اس کی پناہ میں آ جاؤ۔ {اِنَّہٗ ہُوَ السَّمِیۡعُ الۡعَلِیۡمُ ﴿۳۶﴾} ’’وہ سب کچھ سننے والا‘ سب کچھ جاننے والا ہے‘‘۔وہ ہر دعا کو سنتا اور ہر اُس صورتِ حال سے واقفیت رکھتا ہے جس میں وہ دعا کسی کی زبان پر آ رہی ہے۔ کسی پیچیدہ صورتِ حال میں گرفتار ہو کر اگر کبھی انسان سے خطا اور لغزش سرزد ہو جائے تو وہ بخوبی جانتا ہے کہ اس خطا کا صدور کس بے چارگی کی حالت میں ہوا ہے۔
سیرتِ رسولﷺ سے رہنمائی
نبی اکرمﷺ کی سیرت کا بھی ایک نقشہ ہمارے سامنے آتا ہے جو کہ یومِ طائف سے متعلق ہے۔ ایک مرتبہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہانے رسول اللہﷺسے یومِ اُحد کے حوالے سے سوال کیا کہ کیا آپ پر یومِ اُحد سے سخت دن بھی کوئی گزرا ہے؟ آپؐ نے فرمایا:’’ہاں‘ طائف کا دن مجھ پر کہیں زیادہ سخت تھا‘‘۔ اس دن معاملہ یہ سامنے آتا ہے کہ طائف کی گلیوں میں آپؐ کا جسم مبارک لہولہان ہوا‘ اوباش اور بدمعاش لوگوں نے آپؐ پر پتھراؤ کیا‘ فقرے چست کیے گئے‘ آپؐ کا مذاق اڑا یا گیا اور بالکل وہ صورت ہو گئی کہ جو ہمارے ہاں کبھی گلیوں میں کسی دیوانے کے ساتھ ہوتی ہے کہ بچے تالیاں پیٹتے ہوئے اور کنکریاں مارتے ہوئے اس کے گرد جمع ہو جاتے ہیں۔ بعینہٖ یہ نقشہ تھا محبوبِ ربّ العالمین اور سیّد الاوّلین والآخرینﷺ کا۔ ایک دفعہ آپؐ زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے نقاہت کے باعث بیٹھ گئے تو دواوباش آدمی آگے آئے‘ ایک نے ایک طرف بغل میں ہاتھ ڈالا اور دوسرے نے دوسری طرف اور اٹھا کرکھڑا کر دیا کہ چلو۔ اس قدر تکلیف دہ صورت حال سے رسولِ رحمتﷺ کو طائف کی گلیوں میں سابقہ پڑا ہے۔ لیکن جب آپؐ وہاں سے واپس آئے تو آپؐ نے انتہائی دلدوز اور جگر کو چیر دینے والی دعا مانگی:
((اَللّٰھُمَّ اِلَیْکَ اَشْکُوْ ضُعْفَ قُوَّتِیْ وَقِلَّۃَ حِیْلَتِیْ وَھَوَانِیْ عَلَی النَّاسِ…))
’’اے اللہ !میں تیری ہی جناب میں اپنی قوت کی کمی اور وسائل کی کمی اور لوگوں میں اپنی ذلت ورسوائی کا شکوہ لے کر آیا ہوں…‘‘
اُس وقت ملک الجبال حاضر ہوا اور کہا :’’اللہ تعالیٰ نے مجھے بھیجا ہے‘ اوراگر آپؐ فرمائیں تو میں ان دونوں پہاڑوں کو آپس میں ٹکرا دوں جن کے مابین طائف کی یہ بستی آباد ہے‘ اور یہ لوگ جنہوں نے آپؐ‘ کو ستایا ہے ‘پس کر سرمہ بن جائیں۔ ‘‘ لیکن رسولِ رحمتﷺ کی رحمت ٌلّلعالمینی پر قربان جایئے کہ فرمایا:’’نہیں‘ کیا عجب کہ اللہ تعالیٰ ان کی آئندہ نسلوں کو ہدایت کی توفیق عطا فرما دے‘‘ ۔ایک نقشہ یہ ہے‘ لیکن ایک نقشہ وہ بھی ہے جو میدانِ اُحد میں سامنے آتا ہے کہ جب آپؐ پر غشی طاری ہوئی‘ آپ کے خود پروہ تلوار پڑی کہ خود کو چیرتے ہوئے آپؐ کی پیشانی کی ہڈی میں سے گزر گئی اور اس نے آپؐ کے دو دانت بھی شہید کر دیے۔ اُس وقت نبی اکرمﷺ کی زبان مبارک سے ایسے الفاظ نکل گئے :
((کَیْفَ یُفْلِحُ قَوْمٌ خَضَبُوْا وَجْہَ نَبِیِّھِمْ بِالدَّمِ))
’’وہ قوم کیسے فلاح پائے گی جس نے اپنے نبی(ﷺ) کے چہرے کو خون سے رنگ دیا!‘‘ تو فوراً وحی ٔ الٰہی نازل ہوئی اور فرمایا گیا:
{لَیۡسَ لَکَ مِنَ الۡاَمۡرِ شَیۡءٌ اَوۡ یَتُوۡبَ عَلَیۡہِمۡ اَوۡ یُعَذِّبَہُمۡ}
(آل عمران:۱۲۸)سورۃ 3 · آیت 128’’(اے نبیﷺ!) آپ کے ہاتھ میں کوئی اختیار نہیں (اختیارِ مطلق اللہ کے ہاتھ میں ہے) وہ چاہے گا تو اپنی نظرِ کرم اُن کی طرف پھیر دے گا (انہیں معاف کر دے گا اور ہدایت اور ایمان لانے کی توفیق عطا فرمائے گا) اور چاہے گا تو اُن کو عذاب دے گا۔‘‘
اس واقعہ میں ایک رہنمائی یہ ہے کہ ہو سکتا ہے کہ بڑے سے بڑے انسان کی زبان سے بھی کسی وقت کوئی ایسا جملہ نکل جائے جو اُس کے مقامِ اعلیٰ کے شایانِ شان نہ ہو۔ اس لیے یہ تعلیم فرمائی: {وَ اِمَّا یَنۡزَغَنَّکَ مِنَ الشَّیۡطٰنِ نَزۡغٌ فَاسۡتَعِذۡ بِاللّٰہِ ؕ} ’’اوراگر کبھی شیطان کی طرف سے تمہیں کوئی چوک لگ ہی جائے تو فوراً اللہ کی پناہ طلب کرو‘‘۔ اور {اِنَّہٗ ہُوَ السَّمِیۡعُ الۡعَلِیۡمُ ﴿۳۶﴾} میں ایک اُمید دلائی گئی کہ ’’اللہ تعالیٰ سب کچھ سننے والا‘ سب کچھ جاننے والا ہے‘‘۔وہ درگزر فرمانے والا بھی ہے۔ اگر کسی وقت جذبات کی شدت میں ایسا کوئی جملہ زبان سے نکل بھی جائے تو اللہ تعالیٰ معاف فرما دینے والا اور رحم فرمانے والا ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اس مقامِ بلند تک پہنچنے کی ایک سچی آرزو دل میں پالنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین!
وَآخِرُ دَعْوَانَا اَنِ الْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ