نحمدہٗ ونصلی علٰی رَسولہِ الکریم … امَّا بَعد:
اَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ ۔ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
{وَ الۡعَصۡرِ ۙ﴿۱﴾اِنَّ الۡاِنۡسَانَ لَفِیۡ خُسۡرٍ ۙ﴿۲﴾اِلَّا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ وَ تَوَاصَوۡا بِالۡحَقِّ ۬ۙ وَ تَوَاصَوۡا بِالصَّبۡرِ ٪﴿۳﴾}
صدق اللہ العظیمسورۃ 103 · آیات 1-3مطالعۂ قرآنِ حکیم کے جس منتخب نصاب کا سلسلہ وار بیان ان نشستوں میں ہو گا اس کا نقطہ آغاز سورۃ العصر ہے ‘بلکہ اس نصاب کا پورا تانا بانا بھی اسی سورۂ مبارکہ کے گرد گھومتا ہے۔اس لیے کہ اس سورۃ میں اللہ تعالیٰ نے نہایت اختصار لیکن انتہائی جامعیت کے ساتھ انسان کی نجات کے لوازم اور اس کی فلاح اور کامیابی کی شرائط کو بیان کر دیا ہے۔ یعنی ایمان‘ عمل صالح‘ تواصی بالحق اور تواصی بالصبر۔
ان چاروں لوازمِ نجات یا شرائطِ نجات کی تشریح و توضیح ہمیں قرآن حکیم کے دوسرے مقامات سے ملتی ہے جن میں سے چیدہ چیدہ مقامات کو اس نصاب میں شامل کیا گیا ہے۔ چنانچہ یہ منتخب نصاب چھ حصوں پر مشتمل ہے :
۱) پہلے حصہ میں سورۃ العصر کے علاوہ چند اور مقامات ایسے شامل ہیں جن میں ان تمام لوازمِ نجات کا بیان جامعیت کے ساتھ آیا ہے۔
۲) دوسرے حصہ میں ایمان کے مباحث کسی قدر تفصیل کے ساتھ آئے ہیں۔
۳) تیسرا حصہ اعمالِ صالحہ کی تفاصیل پر مشتمل ہے۔ انفرادی سیرت و کردار‘ گھریلو اور عائلی زندگی‘ سماجی و معاشرتی زندگی سے متعلق ہدایات اور سب سے آخر میں مسلمانوں کی ملّی اور سیاسی زندگی سے متعلق ہدایت اور رہنمائی‘ اس تیسرے حصہکے مضامین ہیں۔
۴) چوتھا حصہ تواصی بالحق کے اعلیٰ مراتب پر مشتمل ہے‘ یعنی شہادت علی الناس‘ غلبہ ٔدین ِ حق اور اس کے لیے ّجدوجہد‘ جس کے لیے قرآن مجید کی جامع اصطلاح ’’جہاد فی سبیل اللہ‘‘ ہے ‘ اس حصہ کے اہم مضامین ہیں۔
۵) پانچواں حصہ قرآن حکیم کے اُن مقامات پر مشتمل ہے جو صبر و مصابرت کی تلقین سے متعلق ہیں۔
۶) چھٹا اور آخری حصہ قرآن مجید کی ایک نہایت جامع سورۃ یعنی سورۃ الحدید پر مشتمل ہے کہ جس میں پھر اُن سب تعلیمات کو یکجا جامعیت کے ساتھ پیش کر دیا گیا ہے۔
چار تمہیدی باتیں
اس مختصر تمہید کے بعد اَب ہم اللہ کا نام لے کر سورۃ العصر پر غور و فکر کا آغاز کرتے ہیں۔ اس سورۂ مبارکہ کے بارے میں چار باتیں تمہیداً نوٹ کر لینی چاہئیں:
پہلی یہ کہ یہ سورۂ مبارکہ قرآن حکیم کی مختصر ترین سورتوں میں سے ہے۔ اس لیے کہ یہ کُل تین آیات پر مشتمل ہے ‘اور قرآن مجید میں کوئی سورۃ تین سے کم آیات پر مشتمل نہیں ہے‘ بلکہ عجیب حسن اتفاق ہے کہ کُل تین ہی سورتیں قرآن مجید میں ایسی ہیں جو تین تین آیات پر مشتمل ہیں۔ انہی میں سے ایک سورۃ العصر ہے ‘اور اتنی مختصر ہے کہ اس کی پہلی آیت صرف ایک لفظ پر مشتمل ہے ‘ یعنی {وَ الۡعَصۡرِ ۙ﴿۱﴾}
دوسرے یہ کہ ترتیب ِنزولی کے اعتبار سے یہ قرآن مجید کی اوّلین سورتوں میں سے ایک ہے۔ قرآن نے اپنے بارے میں سورۂ ھود کے آغاز میں یہ الفاظ ارشاد فرمائے کہ یہ ایک ایسی کتاب ہے جس کی آیات پہلے محکم کی گئیں اور اس کے بعد اُن کی تفصیل بیان کی گئی۔فرمایا گیا: {کِتٰبٌ اُحۡکِمَتۡ اٰیٰتُہٗ ثُمَّ فُصِّلَتۡ مِنۡ لَّدُنۡ حَکِیۡمٍ خَبِیۡرٍ ۙ﴿۱﴾}۔ گویا ابتداء ً قرآنِ مجید میں وہ سورتیں اور آیتیں نازل ہوئی ہیں جو انتہائی جامع ہیں اور اس کے بعد انہی کی تفصیل لمبی سورتوں میں وارد ہوئی ہے۔ اس اعتبار سے گویا سورۃ العصر کا شمار بھی ان انتہائی جامع سورتوں میں ہوتا ہے جو ابتدا میں نازلکی گئیں۔
تیسری بات یہ کہ اگرچہ ویسے تو پورا قرآن مجید عربی ادب کی معراج اور فصاحت و بلاغت کے اعتبار سے معجزہ ہے‘ لیکن طالبانِ قرآن جانتے ہیں کہ قرآن مجید کے مختلف مقامات ادبیت اور فصاحت و بلاغت کے اعتبار سے مختلف اور منفرد کیفیات کے حامل ہیں۔ گویا معاملہ وہی ہے کہ ؏
’’ہر گلے را رنگ و بوئے دیگر است‘‘۔
اس پہلو سے غور کیا جائے تو معلوم ہو گا کہ سورۃ العصر کی انفرادی شان یہ ہے کہ یہ سورۃ قرآن حکیم میں سہل ممتنع کی ایک نہایت اعلیٰ مثال ہے۔ انتہائی دقیق اور اعلیٰ علمی مضامین نہایت سادہ الفاظ میں بیان ہوئے ہیں۔ کوئی بھاری بھرکم لفظ یا کوئی ثقیل اصطلاح اس سورۂ مبارکہ میں وارد نہیں ہوئی۔ تاہم اس کی سلاست کے پردوں میں علوم و معارف کے دریا موجزن نظر آتے ہیں۔ اس حقیقت پر غور و فکر کے نتیجے میں واقعہ یہ ہے کہ قرآن مجید کے اعجاز اور اُس کی عظمت کے سامنے انسان کا سر بے اختیار جھک جاتا ہے۔
جامع ترین سورۃ
تمہیدی امور میں سے چوتھی‘ آخری اور اہم ترین بات یہ ہے کہ یہ سورۂ مبارکہ قرآن مجید کی جامع ترین سورۃ ہے۔ اس لیے کہ قرآن مجید کا مقصد ِنزول ہدایت و رہنمائی ہے۔ اس دنیا میں زندگی بسر کرنے کا صحیح طریقہ بتانا اور صراطِ مستقیم اور سواءالسبیل کی طرف رہنمائی کرنا قرآن مجید کا مقصد ِنزول ہے۔ اورواقعہ یہ ہے کہ اس اعتبار سے سورۃ العصر قرآن مجید کی جامع ترین سورۃ ہے۔ یہ کہنا غلط نہ ہو گا کہ یہ ایک ایسے بیج کی مانند ہے کہ جس میں قرآن مجید کا پورا شجرۂ طیبہ موجود ہے۔ یہی وجہ ہے کہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے بارے میں حضرت ابومزینہ دارمی رضی اللہ عنہ کی یہ روایت طبرانی کی ’’معجم الاوسط‘‘ میں اور امام بیہقی کی ’’شعب الایمان‘‘ میں منقول ہے کہ:
کَانَ الرَّجُلَانِ مِنْ اَصْحَابِ النَّبِیِّ ﷺ اِذَا الْتَقَیَا لَمْ یَتَفَرَّقَا حَتّٰی یَقْرَأَ اَحَدُھُمَا عَلَی الْآخَرِ سُوْرَۃَ الْعَصْرِ ثُمَّ یُسَلِّمُ اَحَدُھُمَا عَلَی الْآخَرِ
’’نبی اکرمﷺ کے اصحاب رضوان اللہ علیہم اجمعین میں سے کوئی سے دو صحابہ جب بھی باہم ملاقات کرتے تھے تووہ ایک دوسرے سے جدا نہ ہوتے تھے جب تک کہ ایک دوسرے کو سورۃ العصر سنا نہ لیں‘ اس کے بعد وہ ایک دوسرے کو سلام کرتے اور ایک دوسرے سے رخصت ہوجاتے۔‘‘
اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ صحابہ کرامؓ کو اس سورۂ مبارکہ کے ساتھ کس قدر قلبی اُنس تھا۔
ائمہ اربعہ میں سے امام شافعی رحمہ اللہ علیہ کا ایک قول اس سورۂ مبارکہ کے بارے میں ملتا ہے جسے حافظ ابن کثیر نے اپنی تفسیر میں نقل کیا ہے۔ امام شافعیؒ فرماتے ہیں:لَوْ تَدَبَّرَ النَّاسُ ھٰذِہِ السُّوْرَۃَ لَوَسِعَتْھُمْ
’’اگر لوگ صرف اس ایک سورۃ پر غور و فکر کریں تو یہ ان کی ہدایت و رہنمائی کے لیے کافی ہو جائے۔‘‘
امام شافعی کا ایک اور قول مفتی محمد عبدہٗ نے تفسیر پارہ ’’عَمَّ‘‘ میں نقل کیا ہے‘ جس کی رو سے امام شافعیؒ فرماتے ہیں:
لَوْ لَمْ یُنَزَّلْ مِنَ الْقُرْآنِ سِوَاھَا لَکَفَتِ النَّاسَ
’’اگر قرآن مجید میں سوائے اِس (سورۃ العصر) کے کچھ اور نازل نہ ہوتا تو لوگوں کی ہدایت و رہنمائی کے لیے یہی کافی ہوتی۔‘‘
اِن دو اقوال سے بآسانی اندازہ ہو جاتا ہے کہ امام شافعیؒ کی نگاہ میں اس سورۃکی عظمت اور اس کا مقام کیا تھا!
دور ِ حاضر میں بھی بہت سے اصحابِ علم و فضل نے اس سورۂ مبارکہ کی عظمت کو پہچانا ہے۔ چنانچہ مولانا عبدالباری ندوی نے اس سورۂ مبارکہ کی بنیاد پر ’’مسلمانوں کا نظامِ تعلیم و تربیت ‘‘کے عنوان سے ایک خاصی ضخیم کتاب تصنیف کی ہے۔ امام حمید الدین فراہیؒ نے اس سورۂ مبارکہ کو قرآن مجید کے جوامع الکلم میں سے شمار کیا ہے۔ میرا اپنا احساس یہ ہے کہ جہاں تک صراطِ مستقیم اور سواء السبیل کی نشاندہی اور انسان کے لوازمِ فوز و فلاح اور شرائط ِنجات کے بیان کا تعلق ہے‘ یہ سورۂ مبارکہ قرآن مجید کی جامع ترین سورۃ ہے۔ جس طرح توحید کے بیان میں سورۃ الاخلاص قرآن مجید میںنہایت اہمیت کی حامل ہے ‘اور اسی وجہ سے اُس کو قرآن مجید کی عظیم ترین سورۃ قرار دیا گیا ہے‘ بالکل اسی طرح قرآن مجید کے مقصد ِنزول یعنی لوگوں کی ہدایت و رہنمائی کے اعتبار سے اور صراطِ مستقیم کے سنگ ہائے میل کی نشاندہی کے اعتبار سے یہ سورۂ مبارکہ انتہائی جامعیت اور عظمت کی حامل ہے۔
عبارت کا تجزیہ
اس سورۂ مبارکہ پر اگر غور کیا جائے اور اس کا ترجمہ سامنے رکھا جائے تو یہ بات واضح ہو گی کہ اگرچہ اس کی آیات تین ہیں لیکن ان تینوں کو جوڑنے سے ایک سادہ جملہ (simple statement) وجود میں آتا ہے۔اس لیے کہ اس کی درمیانی آیت {اِنَّ الۡاِنۡسَانَ لَفِیۡ خُسۡرٍ ۙ﴿۲﴾} نہ صرف یہ کہ عددی اعتبار سے اس سورۂ مبارکہ کی مرکزی آیت قرار پاتی ہے بلکہ مضمون کے اعتبار سے بھی مرکزی اہمیت کی حامل ہے۔ اس میں انسان کے خسارے اور گھاٹے‘ اور اس کی ہلاکت و بربادی کا ایک عجیب مایوس کن نقشہ سامنے آتا ہے۔ پہلی آیت ایک قَسم پر مشتمل ہے جس سے نہ صرف یہ کہ زورِ بیان میں اضافہ ہوا ہے بلکہ آیت ۲ میں بیان شدہ حقیقت میں مزید تاکید کا مفہوم بھی پیدا ہو گیا ہے۔ یہ دونوں آیات مل کر ایک قاعدہ کلیہ کے بیان کی حیثیت اختیار کرتی ہیں جس سے ایک استثناء کو تیسری آیت بیان کر رہی ہے۔ گویا بالفاظِ دیگر پہلی آیت محض ایک قَسم پر مشتمل ہے‘اور سیدھی سی بات ہے کہ قَسم کا مفہوم واضح نہیں ہو سکتا جب تک کہ یہ معلوم نہ ہو کہ وہ قَسم کس بات پر کھائی جا رہی ہے۔ اسی طرح تیسری اور آخری آیت ایک استثناء پر مشتمل ہے اور اس استثناء کا مفہوم بھی واضح نہیں ہوتا جب تک کہ یہ معلوم نہ ہو کہ یہ استثناء کس سے کیا جا رہا ہے‘ وہ قاعدہ کلیہ کون سا ہے کہ جس سے یہ استثناء بیان ہو رہا ہے! اس طرح یہ تینوں آیات مل کر ایک سادہ جملے کی شکل اختیار کرتی ہیں: {وَ الۡعَصۡرِ ۙ﴿۱﴾} ’’ زمانہ کی قَسم ہے‘‘ {اِنَّ الۡاِنۡسَانَ لَفِیۡ خُسۡرٍ ۙ﴿۲﴾} ’’یقینا تمام انسان:گھاٹے اور خسارے میں ہیں‘‘ {اِلَّا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا} ’’سوائے اُن کے جو ایمان لائے‘‘ {وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ } ’’اور انہوں نے نیک عمل کیے( بھلے عمل کیے)‘‘ {وَ تَوَاصَوۡا بِالۡحَقِّ}’’اور انہوں نے ایک دوسرے کو حق کی نصیحت کی‘‘ {وَ تَوَاصَوۡا بِالصَّبۡرِ } ’’اور انہوں نے باہم ایک دوسرے کو صبر کی تلقین کی۔‘‘
اس جملے کو اگر ہم اپنے غور و فکر کا موضوع بنائیں ‘یا یوں کہہ لیجیے کہ اپنے لوح ِ قلب پر اسے نقش کر لیں یا اپنے لوح ِ ذہن پر کندہ کر لیں اور اس پر ذرا سا غور کر یں تو چار باتیں بادنی ٰ تأمل ہمارے سامنے آئیں گی۔
زورِ کلام تاکید کی انتہا
سب سے پہلی بات یہ کہ اس میں جو حقیقت بیان کی گئی ہے وہ انتہائی مؤکد پیرائے میں ہے۔اس لیے کہ اوّلاً اس سورۂ مبارکہ کا آغاز ایک قَسم سے ہو رہا ہے اور ہم جانتے ہیں کہ قَسم ہمیشہ تاکید کے لیے کھائی جاتی ہے۔ اگرچہ قرآن مجید کو اللہ کا کلام ماننے اور اس پر ایمان رکھنے والوں کے لیے محض اللہ کا فرمانا ہی انتہائی تاکید کا حامل ہے کہ ؏: ’’مستند ہے ان کا فرمایا ہوا!‘‘ لیکن جہاں اللہ تعالیٰ کسی بات کو مزید مؤکد کرنا چاہتے ہیں وہاں اس کے آغاز میں مضمون کی نسبت سے کسی قَسم کا اضافہ فرما دیتے ہیں۔ ثانیاً آیت ۲ کا آغاز ایک حرفِ تاکید سے ہو رہا ہے۔ عربی زبان سے معمولی سی واقفیت رکھنے والے حضرات بھی جانتے ہیں کہ حرفِ ’’اِنَّ‘‘ تاکید کے لیے آتا ہے جس کا ترجمہ بالعموم ہوتا ہے تحقیق‘ یقینا‘ بلاشک و شبہ۔ پھر اسی آیت میں لامِ تاکید کا اضافہ بھی ہوا ہے۔ ’’لَفِیْ خُسْرٍ‘‘ میں ’’ل‘‘ تاکید کا فائدہ دے رہا ہے۔ تاکید کے مزید کئی اسالیب بھی اس سورۂ مبارکہ میں اختیار کیے گئے ہیں‘ لیکن اندیشہ ہے کہ یہاں اُن کا بیان کچھ ثقالت کا حامل ہو جائے گا۔ تاہم عربی دان حضرات جانتے ہیں کہ عربی زبان میں کسی کلام میں زور پیدا کرنے کے لیے جتنے ممکن اسالیب ہیں وہ سب کے سب اس مختصر سی سورۃ میں جمع کر دیے گئے ہیں ‘جو نحوی اعتبار سے ایک سادہ جملے پر مشتمل ہے۔
کامیابی اور ناکامی کا قرآنی معیار
دوسری بات جو اِس سورۂ مبارکہ پر معمولی سے غور و فکر کے نتیجے میں سامنے آتی ہے‘ بلکہ یہ کہنا غلط نہ ہو گا کہ اس جام ِ حقیقت نما سے از خود چھلک رہی ہے‘ یہ ہے کہ اسمیں انسان کی کامیابی اور ناکامی کا ایک معیار وارد ہوا ہے۔ ہر شخص جو اِس دنیا میں زندگی بسر کر رہا ہے‘ بھاگ دوڑ‘ سعی و جُہد اور محنت و مشقت کر رہا ہے‘ کامیابی کا کوئی نہ کوئی معیار اس کے سامنے ہے۔ اور اگر ہم تجزیہ کریں تو معلوم ہو گا کہ اکثر و بیشتر دنیا میں کسی انسان کی کامیابی کے جو معیارات معروف ہیں ان میں دولت و ثروت ہے‘ حیثیت ووجاہت ہے‘ شہرت و ناموری ہے یا کاروبار و جائداد ہے۔ ان چیزوں سے بالعموم کسی انسان کی کامیابی یا ناکامی کو ناپا جاتا ہے۔ لیکن اس سورۂ مبارکہ میں اس کے بالکل برعکس تصور سامنے آتا ہے کہ انسان کی کامیابی نہ دولت و ثروت سے ہے‘ نہ شہرت و ناموری سے ہے‘ نہ حیثیت و وجاہت سے ہے‘ نہ دُنیوی اقتدار و غلبے سے‘ بلکہ انسان کی کامیابی کے چار لوازم ہیں۔ یعنی ایمان ‘ عمل صالح‘ تواصی بالحق اور تواصی بالصبر!
گویا اگر کسی انسان کے پاس نہ دو وقت پیٹ بھرنے کے لیے کچھ موجود ہو‘ نہ تن ڈھانپنے کے لیے مناسب لباس اسے میسر ہو‘ اور نہ سر چھپانے کے لیے کوئی چھت اسے حاصل ہو‘ لیکن ایمان کی دولت‘ عمل صالح کی پونجی اور تواصی بالحق اور تواصی بالصبر سے اس کا دامن بھرا ہوا ہو تو وہ انسان ازروئے قرآن و از روئے سورۃ العصر ایک کامیاب انسان قرار پائے گا ۔ اس کے برعکس کسی کے پاس خواہ نمرود اور فرعون کی سی بادشاہی ہو‘ قارون کا سا خزانہ ہویا دنیا کی دوسری تمام نعمتیں انتہائی کثرت اور بہتات کے ساتھ جمع ہو گئی ہوں‘ لیکن اگر وہ دولتِ ایمان سے محروم ہے‘ اعمالِ صالحہ کی پونجی سے تہی دامن ہے‘ تواصی بالحق اور تواصی بالصبر سے عاری ہے تو وہ شخص ازروئے سورۃ العصر ناکام ہے‘ خائب و خاسر اور نامراد ہے۔
اس حقیقت کو جان لینا شاید اتنا مشکل نہیں جتنا کہ اس پر دل کا جم جانا دشوار ہے۔ اس لیے کہ انسان اس دنیا میں اپنے گرد و پیش سے متأ ثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا۔ اگر کسی وقت کوئی چمکیلی شوخ رنگ کی نئے ماڈل کی کار کسی کے پاس سے زنّاٹے کے ساتھ گزر جاتی ہے تو واقعہ یہ ہے کہ اعصاب میں ایک ارتعاش سا پیدا ہو جاتا ہے۔ اسی طرح اگر کسی عالی شان محل کے سامنے سے گزر ہو جس میں زندگی کی تمام آسائشیں فراہم ہوں تونفس ِانسانی اس سے تأثر قبول کرتا ہے۔ واقعہ یہ ہے کہ اِس دنیا میں رہتے ہوئے یہاں کی چمک دمک اور رونقوں سے متأثر ہونا انسان کی خلقی کمزوریوں میں سے ایک ہے‘ لہذا ضرورت ہے کہ کامیابی و ناکامی کے اس قرآنی معیار کو ایک دفعہ مان لینے کے بعد اس کا بار بار اعادہ کیا جاتا رہے ‘ اس حقیقت کی طرف وقفے وقفے سے ذہن کو منتقل کیا جاتا رہے اور اس کی بکثرت یاد دہانی ہوتی رہے۔ یہی وہ بات ہے جو صحابۂ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے طرز ِ عمل سے سامنے آتی ہے اور اس سوال کا واضح جواب ہمارے سامنے آتا ہے کہ آخر وہ کیوں ہر ملاقات کے موقع پر ایک دوسرے کو سورۃ العصر سنایا کرتے تھے! اسی لیے کہ یہ حقیقت ذہن میں مستحضر رہے کہ انسان کی کامیابی دولت و جائداد‘ دنیاوی اقتدار اور شہرت و ناموری سے نہیں ہے ‘بلکہ اس کی کامیابی کے لوازم بالکل دوسرے ہیں‘ یعنی ایمان‘ اعمالِ صالحہ‘ تواصی بالحق اور تواصی بالصبر۔
نجات کی کم از کم شرائط کا بیان
تیسری بات جو اِس سورۂ مبارکہ پر معمولی سے غور و فکر سے واضح ہو جاتی ہے ‘ یہ ہے کہ اس سورۃ میں انسان کی کامیابی کے اعلیٰ مراتب کا ذکر نہیں ہے‘ بلکہ یہاں محض ادنی ٰ درجے میں کامیابی کا بیان ہے۔ اس میں محض خسارے اور گھاٹے سے بچ جانے کی شرائط کو بیان کیا گیا ہے۔ معلوم ہوا کہ یہ کم از کم لوازم ِ نجات ہیں یا یوں کہہ لیجیے کہ یہ انسان کی کامیابی کی کم سے کم شرائط ہیں جن سے کم تر پر نجات کا کوئی تصور نہیں! اس لیے کہ اگر یوں کہا گیاہوتا کہ ان لوگوں کو بڑے اعلیٰ مراتب نصیب ہوں گے جن میں مذکورہ بالا چاروں صفات موجود ہوں گی تو پھر امکانی طور پر یہ خیال ذہن میں آ سکتا ہے کہ کامیابی ٔ محض کے حصول اور ناکامی سے بچنے کے لیے اس سے کم تر پر قناعت کی جا سکتی ہے۔ یعنی چار کی بجائے دو شرائط کو پورا کرنے پر بھی ہلکے درجے کی کامیابی کی امید کی جا سکتی ہے۔ لیکن یہاں جو اُسلوب اختیار کیا گیا اس سے یہ بات بالکل واضح ہے کہ یہ انسان کی کامیابی کا کم سے کم تقاضا اور اس کی فوز و فلاح کے کم سے کم لوازم ہیں جو اس سورۂ مبارکہ میں بیان ہوئے۔
چاروں شرطیں لازمی ہیں!
چوتھی‘ آخری اور اہم ترین بات جو اِس سورۂ مبارکہ پر غور و فکر سے انسان کے سامنے آتی ہے‘ یہ ہے کہ یہاں جو لوازم ِنجات بیان ہو رہے ہیں اور جن سے انسان کی کامیابی کو مشروط قرار دیا گیا ہے وہ سب کے سب ناگزیر ہیں‘ ان میں سے کسی ایک کو بھی ساقط کرنے کا کسی کو کوئی حق نہیں ہے۔ اس لیے کہ یہ کلامِ الٰہی ہے۔ اس کے بارے میں یہ گمان نہیں کیا جا سکتا (نَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنْ ذٰلِکَ) کہ ؏
’’بڑھا بھی دیتے ہیں کچھ زیب ِداستاں کے لیے‘‘
والا کوئی معاملہ اس میں کیا گیا ہویا محض ردیف اور قافیے کی ضرورت کے تحت کچھ اضافہ کر دیا گیا ہو۔ اس کا ایک ایک حرف اپنی جگہ اٹل ہے‘ اس میں جو بات فرمائی گئی ہے وہ جوں کی توں حقیقت ہے‘ اس میں کسی قطع و برید اور کسی کمی و بیشی کی کوئی گنجائش ہے نہ امکان! اس لیے کہ یہ کلام اللہ ہے۔
دیکھئے‘ اگر کوئی معالج کسی مریض کو چار اجزاء پر مشتمل ایک نسخہ لکھ کر دے تو ظاہر ہے کہ وہ چاروں اجزاء ہی اس نسخہ کے لازمی اجزاء ہوں گے۔ بلکہ بسااوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ ایک جزو میں اگر کوئی مضرت بخش پہلو ہو تو دوسرا جزو اس میں مصلح کی حیثیت سے شامل ہوتا ہے‘ لہذا اگر کوئی مریض اپنی مرضی سے اس نسخہ میں سے کسی جزو کو ساقط کر دے تو یہ بات طے شدہ ہے کہ اب یہ نسخہ اس معالج یا حکیم کا نسخہ نہیں رہا ‘بلکہ اب اس کی ذمہ داری اُس شخص پر ہے جس نے اس میں قطع و برید یا کمی بیشی کی ہے۔ عین ممکن ہے کہ اب وہ نسخہ نسخہ ٔ‘ شفا نہ رہے بلکہ نسخہ ٔ ہلاکت بن جائے۔
ایک مغالطے کا ازالہ
قرآن مجید کی اس سورۂ مبارکہ میں اللہ تعالیٰ نے انسان کی نجات کو چار شرائط سے مشروط کیا ہے۔ ظاہر ہے کہ یہ چاروں شرائط ناگزیر اور ضروری ہیں‘ ان میں سے کسی ایک شرط کو بھی ساقط کرنے کا کسی کو اختیار نہیں۔ یہ بات اس پہلو سے بہت اہم ہے کہ اس وقت اُمت مسلمہ عملی اعتبار سے جس تنزّل اور انحطاط کا شکار ہے اس کا ایک بڑا سبب بھی یہی ہے کہ ذہنوں میں یہ بات بٹھا دی گئی ہے کہ صرف ایمان ہی نجاتکے لیے کافی ہے‘ بلکہ ایمان کا بھی صرف قانونی پہلو جو اقرارٌ باللِّسان سے متعلق ہے‘ انسان کو جنت کا حق دار بنانے کے لیے کافی ہے۔ یہ مغالطہ آج اُمت مسلمہ کی ایک عظیم اکثریت کے ذہنوں میں بیٹھ گیا ہے کہ کلمہ گو بہرحال نجات پا جائے گا‘ خواہ اس کلمے کے لیے جو اُسے وراثتاً مل گیا ہے‘ اس نے نہ تو کوئی محنت کی ہو ‘نہ ترک و اختیار کے کسی مرحلہ سے اسے گزرنا پڑا ہو اور نہ ہی کلمے کے عملی تقاضوں کو پورا کرنے کی جانب اس نے کبھی کوئی توجہ دی ہو۔جب انسان کے ذہن میں یہ بات بیٹھ جائے کہ وہ تو بخشا بخشایا ہے اور نجات و کامیابی اس کا موروثی حق ہے اور اسے از خود حاصل ہے تو ظاہر ہے کہ پھر عملی کھکھیڑ مول لینے اور مشکلات اور دینی ذمہ داریوں کا بوجھ سنبھالنے کی کوئی ضرورت اسے محسوس نہیں ہوتی۔ اسی مغالطے نے اُمت مسلمہ کو عمل سے یکسر فارغ کر دیا۔ بقول علامہ اقبال : ؎
خبر نہیں کیا ہے نام اس کا خدا فریبی کہ خود فریبی؟
عمل سے فارغ ہوا مسلماں بنا کے تقدیر کا بہانہ!
جہاں تک تواصی بالحق اور تواصی بالصبر کے حوالے سے عائد ہونے والی ذمہ داریوں کا تعلق ہے‘ اُمت مسلمہ بحیثیت مجموعی انہیں یکسر فراموش کر چکی ہے۔ دعوت الی اللہ‘ تبلیغ دین‘ امر بالمعروف ونہی عن المنکر‘ جہاد فی سبیل اللہ‘ شہادت علی الناس‘ یہ تمام فرائض تو گویا مسلمانوں کے تصورِ دین سے بالکل خارج ہو چکے ہیں۔ ان کے بارے میں تو یہ سمجھ لیا گیا ہے کہ شاید یہ صرف ایک مخصوص طبقہ کی ذمہ داری ہے‘ عام مسلمان پر اس کا کوئی بوجھ ہے نہ وہ اس کے لیے مکلف ہے۔ ان تمام تصورات کی ایک بھرپور نفی اس سورۂ مبارکہ کے چند الفاظ کے ذریعے کی گئی ہے۔فرمایا:{وَ الۡعَصۡرِ ۙ﴿۱﴾اِنَّ الۡاِنۡسَانَ لَفِیۡ خُسۡرٍ ۙ﴿۲﴾اِلَّا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ وَ تَوَاصَوۡا بِالۡحَقِّ ۬ۙ وَ تَوَاصَوۡا بِالصَّبۡرِ ٪﴿۳﴾}
یعنی زمانہ اس پر گواہ ہے کہ تمام انسان خسارے اور گھاٹے سے دوچار ہوں گے‘ ماسوائے ان کے کہ جو چار شرطیں پوری کریں : ایمان‘ عمل صالح‘ تواصی بالحق اورتواصی بالصبر۔
یہی وجہ ہے کہ امام رازیؒ نے اپنی مشہورِ زمانہ تفسیر میں سورۃ العصر کے ضمن میں یہ جامع الفاظ تحریر فرمائے ہیں :
اِعْلَمُوْا اَنَّ ھٰذِہِ الْآیَۃَ فِیْھَا وَعِیْدٌ شَدِیْدٌ‘ لِاَنَّ اللّٰہَ تَعَالٰی حَکَمَ بِالْخَسَارِ لِجَمِیْعِ النَّاسِ‘ اِلاَّ مَنْ کَانَ آتِیًا بِھٰذِہِ الْاَشْیَائِ الْاَرْبَعَۃِ: وَھِیَ الْاِیْمَانُ وَالْعَمَلُ الصَّالِحُ وَالتَّوَاصِیْ بِالْحَقِّ وَالتَّوَاصِیْ بِالصَّبْرِ‘ فَدَلَّ ذٰلِکَ عَلٰی اَنَّ النَّجَاتَ مُعَلَّقَۃٌ بِمَجْمُوْعِ ھٰذِہِ الْاُمُوْرِ
’’جان لو کہ اس آیت میں بڑی شدید وعید وارد ہوئی ہے ‘اس لیے کہ اللہ تعالیٰ نے خسارے ‘ گھاٹے اور تباہی کا فیصلہ صادر فرما دیا ہے پوری نوعِ انسانی کے لیے ‘سوائے اُن کے جو اِن چار چیزوں کا اہتمام کریں( ان چار شرائط کو پورا کریں) یعنی ایمان‘ عمل صالح‘ تواصی بالحق اور تواصی بالصبر۔چنانچہ اس سے اس جانب رہنمائی ملتی ہے کہ نجات کا دار و مدار اِن چاروں چیزوں کے مجموعہ پرہے‘‘۔
معقولیت کا تقاضا!
ان چار باتوں کے مابین جو منطقی ربط ہے اس کو ایک عام مثال سے بھی سمجھا جا سکتا ہے۔ اس دنیا میں کسی بھی اہم معاملے میں جو کسی انسان کو پیش آئے‘ صحیح طرزِ عمل یہ ہو گا کہ انسان اس معاملے کی تہہ تک پہنچنے کی کوشش کرے کہ حقیقت کیا ہے۔ پھر جب حقیقت اس پر منکشف ہو جائے تو ایک معقول انسان کی روش یہ ہو گی کہ وہ اسے قبول کرے‘ تسلیم کرے۔ اور اگر اس کے قبول کرنے میں کسی کی ناراضگی مول بھی لینی پڑتی ہویا کچھ ذاتی نقصان برداشت کرنا پڑتا ہو تب بھی اسے قبول کرنے سے نہ رکے‘ اس لیے کہ وہ حقیقت اس پر منکشف ہو چکی ہے۔ اس کے بعد اگلا قدم یہ ہو گا کہ جس حق کو اس نے قبول کیا ہے اس کا اعلان بھی کرے‘ اس کی طرف لوگوں کو بلائے۔ اور آخری مرحلے کے طورپر اِس معاملہ میں خواہ اسے مخالفت کا سامنا ہو‘ خواہ اس کا تمسخر ہو اور خواہ اس کو جان کے لالے پڑ جائیں وہ اپنے موقف پر ڈٹا رہے اور اس کی طرف لوگوںکوبلاتا رہے۔
سقراط کا واقعہ ہمیں معلوم ہے کہ چند حقائق ا س پر منکشف ہوئے۔ اس نے ان کو نہ صرف خود قبول کیا بلکہ ان کا اعلان بھی کیا۔ اس راہ میں اسے زہر کا پیالہ بھی پینا پڑا۔ لیکن اس نے اعتراف و اعلانِ حق سے منحرف ہونے کی بجائے اپنی زندگی کو قربان کر دینا مناسب سمجھا۔ ہر معقول اور صاحب سیرت و کردار انسان کے لیے یہی ایک روش ہے جو اسے اختیار کرنی چاہیے۔جس مرحلہ پر بھی انسان ا س معقول روش کو چھوڑ کر اپنی سیرت و کردار کے بودے پن کامظاہرہ کرے گا تو وہ گویا اس بات کا ثبوت دے گا کہ وہ محض صورتاً ایک انسان ہے‘ حقیقی انسانیت سے بہرہ ور نہیں ہے۔
تو یہ وہ چند حقیقتیں ہیں کہ جو اِس سورۂ مبارکہ سے گویا از خود چھلک رہی ہیں۔ ذرا سے تأمل اور غور وفکر سے انسان اِن تک بآسانی رسائی حاصل کر لیتا ہے۔ الغرض یہ اِس سورۂ مبارکہ کی وہ بنیادی رہنمائی ہے جو بطریق تذکّر حاصل ہوتی ہے۔ اس کے بعد ہمیں ذرا مزید گہرائی میں اتر کر اس کے مضامین پر غور و فکر کرنا ہے۔
فہم ِقرآن کے دو درجے
اس مرحلہ پر یہ بات بھی ذہن میں بٹھا لیجیے کہ فہمِ قرآن کے دو درجے ہیں : ایک ہے تذکر ّبالقرآن اور دوسرا ہے تدبر ّبالقرآن۔
تذکر بالقرآن یہ ہے کہ قرآن مجید کی کسی آیت یا سورۃ سے اس کا اصل سبق اخذ کر لیا جائے۔ اس پہلو سے قرآن مجید ایک بہت آسان اور کھلی کتاب ہے۔ قرآن مجید خود دعویٰ کرتا ہے :{وَ لَقَدۡ یَسَّرۡنَا الۡقُرۡاٰنَ لِلذِّکۡرِ فَہَلۡ مِنۡ مُّدَّکِرٍ ﴿﴾} (القمر)
’’ہم نے قرآن کو تذکّر (نصیحت اور یاد دہانی)کے لیے آسان کر دیا ہے ‘تو ہے کوئی جو اِس سے نصیحت اخذ کرنا چاہے؟‘‘
تدبّر کے معنی غور و فکر کے ہیں۔ یعنی قرآن حکیم کے ایک ایک لفظ میں غوطہ زنی کرنا اور لغت و بیان کے ہر ہر پہلو کو مدّ نظر رکھتے ہوئے غور و فکر کا حق ادا کرنے کی کوششکرنا۔ اس اعتبار سے حقیقت یہ ہے کہ قرآن مجید کی گہرائیاں اتھاہ ہیں۔ اس پر غور و فکر کا حق ادا کرنا کسی انسان کے بس میں نہیں۔ پوری پوری زندگیاں کھپانے کے باوجود کوئی انسان کبھی یہ نہیں کہہ سکتا کہ اس نے اس قرآن کی گہرائیوں کو ناپ لیا ہے۔
نوعِ انسانی کا المیہ ایک عظیم خسارے سے سابقہ
سورۃ العصر پر اگر بطریق تدبّر غور کیا جائے تو اس کی مرکزی اور درمیانی آیت سے نوعِ انسانی کی ایک عجیب اَلمیاتی (tragic) کیفیت سامنے آتی ہے۔ انسان کا بحیثیت انسان بڑا ہی درد ناک انجام اس آیۂ مبارکہ کے ذریعے سامنے آتا ہے : {اِنَّ الۡاِنۡسَانَ لَفِیۡ خُسۡرٍ ۙ﴿۲﴾}
لفظ ’’انسان‘‘پر ’’ال‘‘ کی صورت میں جو حرفِ تعریف داخل ہوا ہے یہ بلااختلاف ’’لامِ جنس‘‘ ہے۔ گویا یہاں ’’ الۡاِنۡسَانَ ‘‘ سے تمام کے تمام انسان اور پوری نوعِ انسانی مراد ہے۔ ’’ لَفِیۡ خُسۡرٍ ‘‘ کا عام طور پر ترجمہ یوں کیاجاتا ہے کہ ’’یقینا خسارے میں ہے‘ گھاٹے میں ہے۔‘‘ لیکن یہ بات جان لینی چاہیے کہ یہاں خسارے سے مراد کوئی دو چار لاکھ یا دو چار کروڑ کا خسارہ نہیں‘ بلکہ اس سے مراد ہے بربادی‘ تباہی اور ہلاکت۔ اسی لیے قرآن مجید اگرچہ کامیابی کے لیے متعدد الفاظ استعمال کرتا ہے‘ مثلاً فوز‘ فلاح‘ سعادت اور رشد وغیرہ‘ لیکن ان سب کی ضد قرآن مجید میں بالعموم ایک ہی لفظ ’’خسران‘‘ کو استعمال کرتا ہے : {ذٰلِکَ ہُوَ الۡخُسۡرَانُ الۡمُبِیۡنُ ﴿۱۱﴾} (الحج)
سورۃ العصر میں نوعِ انسانی کے جس المیہ (human tragedy) کی طرف اشارہ ہو رہا ہے اسے دو مراتب میں سمجھا جا سکتا ہے۔ پہلے درجے میں ہم دیکھتے ہیں کہ اس دنیاوی زندگی کے دوران محنت و مشقت ہر انسان کا مقدر ہے۔ مختلف اعتبارات سے تکالیف اور مصائب کے پہاڑ اس پر ٹوٹتے رہتے ہیں‘ کسی پر کم اور کسی پر زیادہ۔ نوعِ انسانی کی ایک عظیم اکثریت ایسے افراد پر مشتمل ہے جو دن بھر کی کمر توڑ دینے والی محنت کرنے کے باوجود اپنے اور اپنی اولاد کے لیے زندگی کی بنیادی ضروریات بھی فراہم نہیں کر پاتے۔ اس پر مستزاد ہیں وہ صدمات کہ جن سے انسان دوچار ہوتا ہے۔کبھی اولاد کی محبت اسے رلاتی ہے‘ کبھی مال کی تمنا اسے تڑپاتی ہے‘ کبھی ناکام آرزوئیں اس کے گلے کا ہار بنتی ہیں۔ طرح طرح کی مایوسیوں اور frustrations اور کئی نوع کی الجھنوں (conflicts) سے انسان دوچار ہوتا ہے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ نسیان اور بھول انسان کے لیے ایک بہت بڑی رحمت ہے۔ وقت کا مرہم انسان کے زخموں کو مندمل کر دیتا ہے۔ اس پر رنج و غم کے پہاڑ ٹوٹتے رہتے ہیں‘ لیکن وقت کے گزرنے کے ساتھ ساتھ انہیں بھلا دیتا ہے اور وہ اس طرح زندگی کا یہ سفر جیسے تیسے طے کرتا ہے۔ لیکن اگر کوئی قلب حساس نوعِ انسانی کی اس کیفیت کا مشاہدہ کرے تو واقعہ یہ ہے کہ وہی صورت پیدا ہو گی جو گوتم بدھ کو درپیش ہوئی تھی‘ جس نے نوعِ انسانی کے اس المیہ کا مشاہدہ کر کے اپنا تاج و تخت اور سارا عیش و آرام تج کر اس بات پر کمر کس لی تھی کہ معلوم کر ے گا کہ اس دکھ اور تکلیف کا اصل سبب کیا ہے‘ اور اس سے نجات پانے کی سبیل کون سی ہے! قرآن مجید نے ایک مقام پر اس تمام کیفیت کو نہایت جامعیت کے ساتھ یوں بیان فرمایا : {لَقَدۡ خَلَقۡنَا الۡاِنۡسَانَ فِیۡ کَبَدٍ ؕ﴿۴﴾} (البلد) ’’ہم نے انسان کو محنت اور مشقت ہی میں پیدا کیا ہے۔‘‘ یہ محنت و مشقت ہر انسان کا مقدر ہے۔
ممکن ہے بعض لوگ اس مغالطے کا شکار ہوں کہ شاید دولت مند لوگوں کے لیے کوئی تکلیف نہیں‘ وہ آرام اور آسائش ہی میں رہتے ہیں۔ حالانکہ واقعہ یہ ہے کہ جس قسم کی ذہنی اذیتوں اور جس نوع کی نفسیاتی پیچیدگیوں سے انہیں سابقہ پیش آتا ہے‘ بالعموم غرباء کو یا محنت کش لوگوں کو ان کا تجربہ بھی نہیں ہوتا۔
یہ تو تھا نوعِ انسانی کو درپیش المیے کا ابتدائی باب یا پہلا مرحلہ انسانی المیے کا نقطہ ٔ عروج (climax) وہ ہو گا جب یہ ساری کمر توڑ دینے والی مشقتیں جھیل کر اورتمام تکلیفیں برداشت کر کے بالآخر انسان کی آنکھ اُس دوسری دنیا میں کھلے گی جہاں وہ اپنے آپ کو ایک بڑے محاسبے اور جواب دہی (grand accountability) کے لیے اپنے ربّ کے حضور کھڑا پائے گا۔ انسانی المیے کا یہ وہ پہلو ہے جو کسی حیوان کا مقدر نہیں ہے‘ کسی کولہو کے بیل یا کسی باربرداری کے جانور کو یہ کٹھن مرحلہ درپیش نہیں ہو گا۔ قرآن حکیم نے اس حقیقت کو یوں بیان فرمایا ہے :
{یٰۤاَیُّہَا الۡاِنۡسَانُ اِنَّکَ کَادِحٌ اِلٰی رَبِّکَ کَدۡحًا فَمُلٰقِیۡہِ ۚ﴿۶﴾}
(الانشقاق)سورۃ 84 · آیت 6’’ اے انسان! تجھے یہ تمام دکھ جھیلتے اور مشقتیں سہتے ہوئے بالآخر اپنے ربّ کے حضور میں جاحاضر ہونا ہے‘‘۔
یہ وہ مرحلہ ہے کہ جس کے احساس ہی سے نسل انسانی کے گل ِسرسبد کانپ کانپ جاتے رہے ہیں۔ سورۃ النور میں اس کی نقشہ کشی ان الفاظ میں کی گئی ہے : {یَخَافُوۡنَ یَوۡمًا تَتَقَلَّبُ فِیۡہِ الۡقُلُوۡبُ وَ الۡاَبۡصَارُ ﴿٭ۙ۳۷﴾} ’’وہ (اہل ایمان) ڈرتے رہتے ہیں اس دن کے احساس اور اس دن کے خیال سے جس دن نگاہیں اور دل الٹ جائیں گے‘‘۔ اسی احساس سے مغلوب ہو کر ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ بڑے جذب کی کیفیت میں یہ فرمایا کرتے تھے کہ کاش میں درختوں پر چہچہاتی ہوئی ایک چڑیا ہوتا جس سے کوئی محاسبہ نہیں ہے‘ جسے کوئی جواب دہی نہیں کرنی ‘اور کاش کہ مَیں گھاس کا ایک تنکا ہوتا جو جلا کر راکھ کر دیا جاتا ہے لیکن اسے کسی محاسبہ اور پوچھ گچھ کا سامنا نہیں کرنا ہو گا۔ اسی سے ملتے جلتے الفاظ سورۃ النبأ کے اختتام پر وارد ہوئے ہیں کہ اُس روز کی سختیوں اور ہولناکی سے گھبرا کر انسان پکار اُٹھے گا: {یٰلَیۡتَنِیۡ کُنۡتُ تُرٰبًا } ’’اے کاش کہ میں مٹی ہوتا‘‘ (کاش کہ شرفِ انسانیت مجھے عطا نہ ہوتا) ۔ یہ ہے نوعِ انسانی کا وہ الم ناک مقدر اور ہلاکت خیز نصیب جس سے پوری نوع کو بحیثیت مجموعی دوچار ہونا ہے اور یہ ایک ایسی اٹل حقیقت ہے کہ جس پر اس سورۂ مبارکہ کی پہلی آیت میں قسم کھائی گئی ہے : {وَ الۡعَصۡرِ ۙ﴿۱﴾}
قَسم کا فائدہ!
یہاں یہ بات جان لینی چاہیے کہ قَسم سے اصل مقصود شہادت اور گواہی ہوتی ہے۔ یعنی کسی کو اپنی بات پر گواہ کے طورپر پیش کرنے کے لیے اس کی قَسم کھائی جاتی ہے۔ چنانچہ جب ہم کسی بات پر اللہ کی قَسم کھاتے ہیں تو اس سے مراد یہ ہوتی ہے کہ میں یہ بات اللہ کو گواہ بنا کر کہہ رہا ہوں۔
قَسموں کے ضمن میں یہ حقیقت بھی پیش نظر رہنی چاہیے کہ انسان کا معاملہ یہ ہے کہ وہ ہمیشہ کسی عظیم ہستی کی قَسم کھاتا ہے۔ تبھی اس کے کلام میں زور اور تاکید کا مفہوم پیدا ہوتا ہے۔ لیکن اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں جوقَسمیں کھائی ہیں ان کا معاملہ مختلف ہے۔ چونکہ اللہ تعالیٰ سے زیادہ مقدس اور عظیم تر وجود کسی کا نہیں ہے لہذا قرآن مجید کی قَسموں میں تقدس اور عظمت کا پہلو تلاش کرنا ایک غیر ضروری بات اور ایک لاحاصل سعی ہے۔ اللہ تعالیٰ قرآن حکیم میں جب کسی شے کی قَسم کھاتے ہیں تو وہاں محض گواہی پیش نظر ہوتی ہے۔ گویا {وَ الۡعَصۡرِ ۙ﴿۱﴾} کا بامحاورہ ترجمہ ہو گا ’’زمانہ گواہ ہے‘‘ ۔یعنی اگلی آیت میں جو حقیقت بیان کی جا رہی ہے اس پر زمانے کو بطور گواہ کے پیش کیا گیا۔
’’عصر‘‘کی حقیقت
لفظ ’’الۡعَصۡرِ‘‘ پر بھی غور کیجیے! ’’عصر‘‘ کا ترجمہ بالعموم ’’زمانہ‘‘ کیا جاتا ہے‘ لیکن قابل غور بات یہ ہے کہ ’’ زمَان‘‘ بھی عربی زبان کا لفظ ہے اور وقت بھی۔ عجیب بات یہ ہے کہ پورے قرآن مجید میں لفظ ’’ زمَان‘‘ کا استعمال کہیں نظر نہیں آتا۔ البتہ ’’وقت‘‘ کا استعمال ایک دو مقامات پر مل جاتا ہے۔ اس ضمن میں قرآن مجید میں ’’عصر‘‘ اور ’’دھر‘‘ کے الفاظ کا استعمال زیادہ نظر آتا ہے۔
علم طبیعیات (Physics) سے دلچسپی رکھنے والے حضرات جانتے ہیں کہ آج انسان کی رسائی اس حقیقت تک ہوئی ہے کہ زمان و مکان دو متضاد حقیقتیں نہیں‘ بلکہ ایک وحدت ہیں اور باہم مربوط ہیں‘ بلکہ جیسا کہ آئن سٹائن (Einstein) نے کہا کہ زمان (time) دراصل مکان (space) ہی کی ایک جہت (dimension) ہے۔ واقعہ یہ ہے کہ لفظ عصر اور لفظ دہر دونوں میں زمان و مکان کی وحدت کی طرف اشارہ موجود ہے‘ اگرچہ ان دونوں الفاظ میں ایک باریک سا فرق بھی ہے۔ لفظ دہر میں زمانے کا پھیلائو اور اس کی مکانیت زیادہ پیش نظر ہے جبکہ لفظ عصرمیں اس کے مرور اور اس کی تیز رَوی کی جانب اشارہ ہے۔ عربی زبان میں تیز ہوا یعنی آندھی اور جھکّڑ کو ’’اعصار‘‘ کہتے ہیں۔ اسی طرح دن کے اوقات میں عصر وہ وقت ہے جب دن تیزی سے ڈھل رہا ہوتا ہے‘ ختم ہوا چاہتا ہے۔
’’وَالْعَصْر‘‘ کا حقیقی مفہوم
اس پس منظر میں اب ’’وَ الۡعَصۡرِ‘‘ کے مفہوم پر غور کیجیے! ترجمہ کچھ یوں ہو گا : ’’تیزی سے گزرنے والا زمانہ گواہ ہے‘‘۔ اس آیۂ مبارکہ میں بڑا چونکا دینے کا انداز ہے۔ انسان کو متوجہ کیا جا رہا ہے کہ یہ وقت جو بظاہر ٹھہرا ہوا نظر آتا ہے‘ درحقیقت بہت تیزی سے گزر رہا ہے۔ تمہاری اصل پونجی یعنی مہلت ِعمر تیزی سے ختم ہو رہی ہے۔ بقول شاعر : ؎
غافل تجھے گھڑیال یہ دیتا ہے منادی
گردوں نے گھڑی عمر کی اِک اور گھٹا دی!
ایک صاحب نے بڑی عمدہ تشبیہہ دی ہے کہ انسان کی مثال برف کے تاجر کی سی ہے کہ جس کا مالِ تجارت اگر بروقت فروخت نہ ہو تو نہ صرف یہ کہ منافع کا امکان باقی نہیں رہے گا بلکہ اُس کا اصل سرمایہ بھی پگھل کر ختم ہو جائے گا۔ انسان کا معاملہ بھی یہ ہے کہ اس کی اصل پونجی مہلتِ عمر ہے۔ اس کے ابدی مستقبل کا دار و مدار اسی پر ہے۔ جو کمائی بھی اس نے کرنی ہے اسی وقفہ ٔحیات میں کرنی ہے۔ بقول اقبال : ؎
سلسلۂ روز و شب تارِ حریر ِدو رنگ
جس سے بناتی ہے ذات اپنی قبائے صفات
بہرکیف انسان کی یہ اصل پونجی اور اصل سرمایہ برف کی مانند پگھلتا چلا جا رہا ہے۔
یہی چونکا دینے کا انداز اس شعر میں بھی سامنے آتا ہے کہ : ؎
اٹھو وگرنہ حشر نہیں ہو گا پھر کبھی
دوڑو زمانہ چال قیامت کی چل گیا!
لفظ ’’وَ الۡعَصۡرِ‘‘ کے صوتی آہنگ اور صوتی کیفیت میں بھی چونکا دینے کی کیفیت موجود ہے مزید غورکرنے پر یہ حقیقت واضح ہوتی ہے کہ یہ زمانہ ایک ایسی مسلسل چادر کی مانند ہے جو ازل سے ابد تک تنی ہوئی ہے۔ چنانچہ یہ زمانہ مختلف قوموں کےعروج و زوال کا چشم دید گواہ ہے۔ نوعِ انسانی جن جن مراحل سے گزری ہے‘ جو جو حالات اس کو پیش آتے رہے ہیں‘ یہ سب گویا زمانے کے سامنے کی چیزیں ہیں۔ قومِ نوحؑ‘ قومِ ہودؑ اور قومِ صالح ؑ کا جو انجام ہوا‘ قومِ لوطؑ اور قومِ شعیبؑ جس انجام سے دوچار ہوئے‘ آلِ فرعون جس طرح غرق ہوئے‘ ان تمام بڑے بڑے واقعات کا چشم دید گواہ یہ زمانہ ہے۔ اس زمانہ نے قوموں کو اُبھرتے اور گرتے بھی دیکھا ہے اورتمدنوں کو بنتے اور بگڑتے بھی دیکھا ہے۔ پھر یہ زمانہ قصۂ آدم و ابلیس کا چشم دید گواہ بھی ہے اور یہی زمانہ انسان کے آخری انجام کا بھی عینی شاہد ہو گا۔ گویا اس پہلو سے بھی {اِنَّ الۡاِنۡسَانَ لَفِیۡ خُسۡرٍ ۙ﴿۲﴾} پر جو سب سے بڑی گواہی پیش کی جا سکتی ہے وہ اسی زمانہ کی ہے : {وَ الۡعَصۡرِ ۙ﴿۱﴾اِنَّ الۡاِنۡسَانَ لَفِیۡ خُسۡرٍ ۙ﴿۲﴾}
روشنی کی ایک کرن
اب تیسری آیت پر توجہ کومرکوز کیجیے! یہ تیسری آیت مایوسی کے گھٹا ٹوپ اندھیرے میں امید کی ایک کرن بن کر طلوع ہوتی ہے کہ اگرچہ بحیثیت مجموعی پوری نوعِ انسانی کا مقدر یہ ہے کہ وہ ہلاکت اور بربادی سے دوچار ہونے والی ہے لیکن اس قاعدہ کلیہ میں ایک استثناء موجود ہے‘ اس خسارے سے نجات کی ایک صورت ممکن ہے۔ اس تیسری آیت میں انسان کی رہنمائی ایک صراطِ مستقیم کی جانب کی گئی ہے جس پر چل کر وہ اپنے آپ کو اس ہلاکت خیز انجام سے بچا سکتا اور فوز و فلاح سے ہمکنار ہو سکتا ہے۔
اس صراطِ مستقیم یا سواء السبیل کے چار سنگ ہائے میل (mile stones) ہیں‘ یا یوں کہیے کہ اس کی چار منزلیں ہیں۔ اوّلین منزل ہے ایمان‘ دوسری ہے عمل صالح‘ تیسری ہے تواصی بالحق اور چوتھی ہے تواصی بالصبر۔
یہاں قرآن مجید نے جس انداز میں ان چار اصطلاحات کو بیان کیا ہے اور اُس کے لیے اس نے جو الفاظ اختیار کیے ہیں تو واقعتا انہوں نے قرآن مجید کی بنیادی اصطلاحات کی صورت اختیار کر لی ہے۔ ان پر بطریق تدبر غور کرنے کے لیے ان کو دو دو کے دو جوڑوں میں تقسیم کرنا مناسب ہو گا۔ ہم پہلے ایمان اور عمل صالح اور اندونوں کے باہمی تعلق پر غور کریں گے‘ پھر تواصی بالحق اور تواصی بالصبر اور ان کے باہمی رشتے پر توجہات کو مرکوز کریں گے اور پھر ان دونوں جوڑوں کے مابین موجود عقلی اور منطقی ربط کو سمجھنے کی کوشش کریں گے۔
’’ایمان‘‘ کا مفہوم
جہاں تک ’’ایمان‘‘ کے تفصیلی مباحث کا تعلق ہے‘ یعنی یہ کہ اس کا لغوی مفہوم کیا ہے‘ اس کا اصطلاحی مفہوم کیا ہے‘ ایمان کن کن امور کو ماننے کا نام ہے‘ اس دولت کے حصول کے ذرائع کون کون سے ہیں وغیرہ‘ تو یہ ان شاء اللہ اس ’’منتخب نصاب‘‘ میں اپنے مناسب مقام پر آئیں گے۔ یہاں صرف یہ جان لینا ضروری ہے کہ ایمان درحقیقت نام ہے اس کائنات کے بارے میں اُن بنیادی حقائق کو تسلیم کرنے کا جن کی خبر دی ہے انبیاء کرام علیہم الصلوٰۃ والسلام نے۔ انبیاء ہمیں بتاتے ہیں کہ اس کائنات کے ان اصل اور اساسی حقائق تک ‘جو عام انسانوں کی نگاہوں سے پوشیدہ ہیں‘ ان کی رسائی ایک ایسے ذریعۂ علم کے واسطہ سے ہوئی ہے جو عام انسانوں کو حاصل نہیں‘ یعنی ’’وحی‘‘۔ حقیقت یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کا وجود‘ اس کی صفاتِ کمال‘ بعث بعد الموت‘ حساب کتاب‘ جزا و سزا اور جنت و دوزخ‘ یہ وہ امور ہیں کہ جن تک رسائی انسان اپنے حواس کے ذریعے سے حاصل نہیں کر سکتا۔ ان حقائق کے بارے میں حتمی خبر ہمیں انبیاء کرام علیہم السلام نے دی ہے۔ ان کی دی ہوئی خبروں کی تصدیق کرنے اور ان کو تسلیم کرلینے کا نام ایمان ہے۔
ایمان کے دو درجے ہیں ایک درجہ یہ ہے کہ زبان سے ان باتوں کومان لیا جائے ۔ اسی کو ’’اقرارٌ باللّسان‘‘ کہا جاتا ہے۔ یہ ایمان کا اوّلین یا یوں کہیے کہ قانونی درجہ ہے کہ جس نے زبان سے ان حقائق کو مان لیا گویا وہ ان لوگوں سے ممیز ہو گیا جو ان امور کو نہیں مان رہے۔
ایمان کا دوسرا درجہ ’’تصدیقٌ بالقلب‘‘ ہے۔ یعنی وہ کیفیت کہ ان امور پر ایک پختہ یقین قلب ِانسانی میں پیدا ہو جائے۔ ایمان کی اصل روح یہی ہے ۔ گویا ایمان فی‘الحقیقت اقرارٌ باللّسان اور تصدیقٌ بالقلب کے مجموعے کا نام ہے۔ قلبی یقین کےنتیجے میں انسان کا عمل لازماً متاثر ہو تا ہے۔ بالفاظِ دیگر اگر کسی بات پر انسان کو یقین ہو تو اس کا عمل اس کے خلاف نہیں ہو گا۔ ہمیں یقین ہے کہ آگ جلاتی ہے‘لہٰذا ہم آگ میں ہاتھ ڈالنے کے لیے تیار نہیں! بلکہ یقین تو دُور کی بات ہے ‘ بسا اوقات محض ظن بھی انسان کے عمل پر اثر انداز ہوتا ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ تمام سانپ زہریلے نہیں ہوتے‘ لیکن محض اس ظن کی بنیاد پر کہ شاید یہ سانپ جس سے ہمیں سابقہ پیش آیا ہے‘ زہریلا ہو ‘ ہم ہر سانپ سے بچنے کی کوشش کرتے ہیں۔ معلوم ہوا کہ اگر دل میں اللہ کا یقین ہو‘ آخرت کا یقین ہو‘ جزاو سزا اور محاسبۂ اُخروی کا یقین ہو تو اس کا ایک نتیجہ لازماً مترتب ہوتا ہے۔ اور وہ نتیجہ ہے کہ جسے قرآن ’’عمل صالح‘‘ کے الفاظ سے تعبیر کرتا ہے۔ اس کا عمل درست ہو جائے گا‘ وہ اللہ تعالیٰ کے احکامات پر عمل پیرا ہو گا‘ حلال پر اکتفا کرے گا‘ حرام سے اجتناب کرے گا‘ معصیت کے قریب نہیں پھٹکے گا۔ یہ تمام کیفیات حقیقی ایمان کے نتیجے میں لازماً پیدا ہوں گی۔
ایمان اور عمل صالح کا باہمی تعلق
یہ بات جان لینی چاہیے کہ ایمان اور عمل صالح قانون کے درجے میں اگرچہ دو جداگانہ حقیقتیں ہیں لیکن حقیقت کی سطح پر یہ دونوں ایک وحدت بن جاتے ہیں۔ یہ اس طرح باہم لازم و ملزوم ہیں کہ ایک کو دوسرے سے جدا کرنا ممکن نہیں! یہ ہے وہ بات جو نبی اکرمﷺ کی متعدد احادیث کے ذریعے وضاحت سے سامنے آتی ہے۔ مثلاً ایک حدیث میں‘ جسے امام بخاریؒ اور امام مسلمؒ نے نقل کیا ہے اور جس کے راوی حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ ہیں‘ حضورﷺ کے یہ الفاظ وارد ہوئے ہیں :
((لاَ یَزْنِی الزَّانِیْ حِیْنَ یَزْنِیْ وَھُوَ مُؤْمِنٌ وَلَا یَسْرِقُ السَّارِقُ حِیْنَ یَسْرِقُ وَھُوَ مُؤْمِنٌ وَلَا یَشْرَبُ الْخَمْرَ حِیْنَ یَشْرَبُھَا وَھُوَ مُؤْمِنٌ))
’’کوئی زانی حالت ایمان میں زنا نہیں کرتا‘ کوئی چور حالت ِایمان میں چوری نہیں کرتا‘ کوئی شرابی حالت ایمان میں شراب نہیں پیتا۔‘‘
جس وقت کوئی شخص یہ کام کرتا ہے وہ دلی یقین کسی سبب سے زائل ہو چکا ہوتا ہے۔ اگر وہ دلی یقین موجود ہو تا تو ان افعال کا صدور ممکن نہ ہوتا۔ جب ہم چوراہے پر کسی ٹریفک کانسٹیبل کو کھڑا دیکھتے ہیں تو بلا ارادہ بھی ہماری گاڑی ٹھیک جگہ پر جا کر رک جاتی ہے ‘اس لیے کہ ہمیں معلوم ہے کہ یہاں کے نظم و نسق کا محافظ اور ذمہ دار شخص ہمیں دیکھ رہا ہے۔ اگر یہ یقین ہو کہ اللہ موجود ہے اور مجھے دیکھ رہا ہے تو کیسے ممکن ہے کہ میں اس کے کسی حکم کی خلاف ورزی کروں۔
ایمان اور عمل صالح کے باہمی لازم و ملزوم ہونے کا تعلق ایک اور متفق علیہ حدیث مبارکہ سے بھی سامنے آتا ہے۔ رسول اللہﷺ ارشاد فرماتے ہیں:
(( وَاللہِ لَا یُؤْمِنُ ‘ وَاللہِ لَا یُؤْمِنُ ‘ وَاللہِ لَا یُؤْمِنُ ))
’’خدا کی قَسم وہ شخص مؤمن نہیں‘ خدا کی قَسم وہ شخص مؤمن نہیں‘ خدا کی قَسم وہ شخص مؤمن نہیں۔‘‘
صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین لرز اٹھے ہوں گے۔ انہوں نے بہت ڈرتے ہوئے سوال کیا : ’’لِمَنْ یَا رَسُوْلَ اللہِ؟‘‘ کہ حضور! یہ آپؐ کس کے بارے میں ارشاد فرما رہے ہیں؟ جوابا ً آپﷺ نے فرمایا :
((اَلَّذِیْ لَا یَاْمَنُ جَارُہٗ بَوَائِقَہٗ))
’’وہ شخص کہ جس کی ایذا رسانی سے اس کا پڑوسی امن میں نہیں۔‘‘
یہ ہے تعلق ایمان اور عمل صالح کا‘ اور یہ ہے تعلق ایمان اور اخلاقِ صالحہ کا۔ ایک اور حدیث میں جو رسول اللہﷺکے خادمِ خاص حضرت اَنس بن مالک رضی اللہ عنہ سے مروی ہے‘ آپﷺ کے مندرجہ ذیل الفاظ نقل ہوئے ہیں۔ حضرت انس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:
قَلَّمَا خَطَبَنَا رَسُوْلُ اللہِ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ اِلَّا قَالَ :
(( لَا اِیْمَانَ لِمَنْ لاَّ اَمَانَۃَ لَہٗ وَلَا دِیْنَ لِمَنْ لاَّ عَھْدَ لَہٗ ))
’’شاذ ہی کبھی ایسا ہوا ہو گا کہ رسول اللہﷺ نے کوئی خطبہ ارشاد فرمایا ہو اوراس میں آپؐ نے یہ الفاظ ارشاد نہ فرمائے ہوں : ’’ جس شخص میں امانت نہیں ہے اس کا کوئی ایمان نہیں ہے اور جس میں ایفاءِ عہد نہیں ہے اس کا کوئی دین نہیں ہے۔‘‘
معلوم ہوا کہ ایمان اور عمل صالح کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ ایمان اگر حقیقی اور فی الواقع قلب انسانی میں جاگزیں ہو گیا ہو تو ممکن نہیں ہے کہ انسان کی سیرت و کردار میں اس کی جھلک نظر نہ آئے۔ ایک اعتبار سے یہ وہی بات ہے جو سقراط نے کہی تھی کہ علم نیکی ہے اور جہالت بدی ہے۔ ایمان نام ہے علم حقیقت کا۔ انسان کے عمل کی درستی اس کا لازمی نتیجہ ہے۔
’’تواصی‘‘ کا مفہوم
اب آیئے آخری دو الفاظ کی طرف‘ یعنی { وَ تَوَاصَوۡا بِالۡحَقِّ ۬ۙ وَ تَوَاصَوۡا بِالصَّبۡرِ } الفاظ کے اس جوڑے میں لفظ ’’ تَوَاصَوۡا ‘‘ دوبار آیا ہے۔مناسب ہو گا کہ پہلے اس پر غور کر لیا جائے! یہ لفظ ’’وصیت‘‘ سے بنا ہے اور وصیت عربی زبان میں ہر اُس بات کو کہتے ہیں جو تاکید کے ساتھ کہی جائے۔ اردو زبان میں صرف کسی شخص کے انتقال کے وقت کی کہی ہوئی باتوں کو وصیت کہا جاتا ہے‘ لیکن عربی میں اس کااطلاق ہر ایسی بات پر ہوتا ہے جو کسی بھی موقع پر تاکیداً کہی جائے۔ یہاں اس سورۂ مبارکہ میں یہ لفظ بابِ تفاعل میں آیا ہے۔ ’’تواصی‘‘ باب تفاعل سے مصدر ہے‘ اور اس باب کا خاصہ یہ ہے کہ اس میں جو الفاظ آتے ہیں ان میں ایک تو مبالغے کا مفہوم پیدا ہوجاتا ہے‘ یعنی کسی کام کو اہتمام کے ساتھ سرانجام دینا‘ اور دوسرے ان میں شراکت کامفہوم شامل ہو جاتا ہے۔ یعنی باہم مل جل کر کسی کام کو سرانجام دینا۔ تو ’’تواصی‘‘ کامفہوم یہ ہو گا کہ انتہائی اہتمام کے ساتھ باہم ایک دوسرے کو کسی بات کی تلقین کرتے رہنا۔ یہ تلقین ’’حق‘‘ کی بھی ہو گی اور ’’صبر‘‘ کی بھی۔ { وَ تَوَاصَوۡا بِالۡحَقِّ ۬ۙ وَ تَوَاصَوۡا بِالصَّبۡرِ }
’’حق‘‘ - ایک وسیع المفہوم لفظ
’’حق‘‘ عربی زبان کا ایک وسیع المفہوم لفظ ہے۔ اس کے چار بنیادی مفاہیم بیان کیے جاتے ہیں: (۱) ہر وہ شے حق ہے جو فی الواقع موجود ہو۔ اس کے برعکس جو شے حقیقتاً موجود نہ ہو بلکہ محض سراب کی مانند نظر آ رہی ہو‘ اسے باطل کہا جائے گا۔ (۲)اسی طرح ہر وہ شے حق ہے جو عقلاً مسلّم ہو (۳) جو اخلاقاً واجب ہو‘ اور (۴) اسی طرح وہ شے بھی حق کہلائے گی جس میں کوئی مقصدیت پائی جائے۔
یہاں قرآن مجید نے لفظ ’’حق‘‘ استعمال کر کے تواصی بالحق کے مفہوم کو انتہائی وسعت دی ہے۔ چھوٹی سے چھوٹی حقیقت کے اعتراف و اعلان اور اُس کی تلقین اور تبلیغ سے لے کر اس کائنات کے بڑے سے بڑے حقائق کا ادراک و اعتراف اور ان کی تلقین و تبلیغ‘ یہ سب چیزیں تواصی بالحق میں شامل ہوں گی۔ گویا اگر کوئی شخص کسی دوسرے کی کچھ رقم جو اُس کے ذمے قرض تھی‘ ادا نہ کر رہا ہو اور آپ جا کر اس سے کہیں کہ بھلے آدمی! فلاں کی رقم واپس کر دو تو یہ بھی تواصی بالحق میں شامل ہو گا۔ اسی طرح اگر آپ نے کسی ایسے بچے کو جو اپنے والدین کے حقوق ادا نہیں کر رہا‘ یہ تلقین کی کہ اپنے والدین کا ادب کیا کرو‘ ان کا کہنا مانا کرو تو یہ بھی تواصی بالحق ہی کی ایک شکل ہے۔ اسی طور پر اس کائنات کی سب سے بڑی حقیقت کا اعلان و اعتراف کہ اللہ ہی خالق اور مالک ہے‘ اُس کا حق ہے کہ اُسی کی اطاعت کی جائے‘ اُس کا حق ہے کہ اُسی کا قانون نافذ ہو‘ تواصی بالحق کی بلند ترین منزل ہے۔
تواصی بالحق اور تواصی بالصبر لازم و ملزوم
تواصی بالحق کے ساتھ جڑا ہوا لفظ ہے ’’تواصی بالصبر‘‘ - یہ بات عام طور پرمعروف ہے کہ سچ کڑوا ہوتا ہے (اَلْحَقُّ مُرٌّ)۔ اگر حق کی کوئی چھوٹی سی بات بھی کہی جائے تو بالعموم مخالفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جیسا کہ میں نے مثال دی تھی کہ کسی شخص کو اگر کسی دوسرے شخص کا قرض ادا کرنا ہو اور آپ اس سے کہیں کہ بھلے آدمی اس کی رقم ادا کر دو‘ تو عین ممکن ہے کہ آپ کو یہ تیز و تند جواب ملے کہ آپ کون ہوتے ہیں ہمارے معاملے میں دخل دینے والے؟ تو حقیقت یہ ہے کہ حق کی کسی چھوٹی سی چھوٹی بات کا اعلان بھی آسان نہیں ہے۔ اس راہ میں لوگوں کی مخالفت کاسامنا کرنا ہو گا۔ بالخصوص بڑے حقائق کے اعلان‘ ان کی تبلیغ اور ان کی اشاعت تو بہت ہی صبر آزما کام ہے۔
یہ اس کے بغیر ممکن نہیں کہ انسان ہر نوع کے مصائب جھیلنے کے لیے ذہناً تیار ہوجائے اور جان لے کہ جس کام کا اس نے عزم کیا ہے وہ کانٹوں بھرا بستر ہے‘ پھولوں کی سیج نہیں!
ایمان اور عمل صالح کا تواصی بالحق اور تواصی بالصبر سے ربط
اب تک ہم نے سورۃ العصر میں بیان شدہ نجات کی چار شرائط کو دو دو کے دو جوڑوں میں تقسیم کر کے دیکھ لیا ہے کہ ایک طرف ایمان اور عمل صالح لازم و ملزوم ہیں اور دوسری طرف تواصی بالحق اور تواصی الصبر بھی باہم لزوم رکھتے ہیں۔ اب ان دو جوڑوں کے مابین جو رشتہ اور تعلق ہے اسے بھی سمجھ لیں تو بات پوری ہو جائے گی۔
یہ فطرت کا عام اصول ہے کہ کوئی شے نہ ماحول سے متأثر ہوئے بغیر رہ سکتی ہے نہ اسے متأثر کیے بغیر۔ برف میں جو خنکی ہے وہ اپنے ماحول میں لازماً سرایت کرے گی اورآگ کی حرارت اپنے ماحول کو لازماً گرم کر دے گی۔ یہی معاملہ اخلاقیات کے میدان میں ہے۔ اگر کسی انسان میں عمل صالح حقیقتاً پیدا ہو جائے تو وہ لازماً ماحول میں اثر و نفوذ کرے گااور اس سے نیکی اور بھلائی لازماً پھیلے گی ۔ گویا عمل صالح کا فطری نتیجہ تواصی بالحق ہے۔
انسانی اخلاقیات میں یہ اصول اور بھی شدت کے ساتھ کارفرما ہوتا ہے۔ اگر اجتماعی ماحول خراب ہے تو اس کی خرابی لازماً افراد کی زندگیوں میں سرایت کرے گی۔اور اس سے بچنے کی ایک ہی راہ ممکن ہے کہ ماحول کو تبدیل کر دیا جائے یا کم از کم اس کو تبدیل کرنے کی جدوجہد مسلسل جاری رکھی جائے۔ اس طرح اگر ماحول نہ بھی تبدیل ہو تو کم از کم وہ فرد ’’جارحیت بہترین دفاع ہے‘‘ (Offence is the best defence) کے اصول پر عمل پیرا ہو کر اپنا دفاع ضرور کرلے گا۔ اسی لیے نبی اکرمﷺ نے فرمایا ہے :
((مَنْ رَأَی مِنْکُمْ مُنْکَرًا فَلْیُغَیِّرْہُ بِیَدِہٖ ‘ فَاِنْ لَّمْ یَسْتَطِعْ فَبِلِسَانِہٖ ‘ فَاِنْ لَّمْ یَسْتَطِعْ فَبِقَلْبِہٖ ‘ وَذٰلِکَ اَضْعَفُ الْاِیْمَانِ))
’’تم میں سے جو کوئی کسی برائی کو دیکھے تو اس کا فرض ہے کہ اسے بزورِ بازو (نیکی سے) بدل دے ‘پھر اگر اس کی قو ّت نہ رکھتا ہو تو زبان سے ضرور منع کرے ‘اور اگر اس کی بھی طاقت نہ رکھتا ہو تو کم از کم دل سے ضرور مدافعت کرے( یعنی دل میں ضرور برا جانے اور اس کو نہ روک سکنے پر متأسف ہو) اور یہ ایمان کا کمزورترین درجہ ہے۔‘‘
پھر تواصی بالحق انسان کی شرافت کا بھی لازمی تقاضا ہے ۔ اس لیے کہ جو حق کسی انسان پر منکشف ہوا ہے اور جسے خود اس نے اختیار کیا ہے اس کی انسان دوستی کا لازمی تقاضا ہے کہ اسے دوسروں کے سامنے بھی پیش کرے تاکہ زیادہ سے زیادہ انسان اس سے نفع اندوز ہوں اور اس کی برکتوں سے متمتع ہو سکیں۔ اسی لیے آنحضورﷺنے فرمایا :
((لَا یُؤْمِنُ اَحَدُکُمْ حَتّٰی یُحِبَّ لِاَخِیْہِ مَا یُحِبُّ لِنَفْسِہٖ))
یعنی تم میں سے کوئی شخص مؤمن نہیں قرار پا سکتا جب تک وہ اپنے بھائی کے لیے وہی کچھ پسند نہ کرے جو اپنے لیے کرتا ہے۔
اور آخری درجہ میں یہ انسان کی غیرت اور حمیت کا تقاضا بھی ہے کہ جس حق کو اُس نے خود قبول کیا ہے اس کا پرچار کرے‘ اس کا مبلغ اور عَلم بردار بنے اور اس کا بول بالا کرنے کے لیے تن من دھن سے جدوجہد کرے۔
سیدھی سی بات ہے کہ اگر انسان ایک خاص طرز کو اختیار کرتا ہے اور ماحول کسی اور رنگ میں رنگا ہوا ہے تو فطری طو رپر دو ہی صورتیں ممکن ہیں۔ ایک یہ کہ ؏
’’زمانہ باتو نہ سازد تو بازمانہ بساز‘‘
کے مطابق خود بھی ماحول ہی کے رنگ میں رنگا جائے تاکہ دوئی ختم ہو جائے اور تصادم باقی نہ رہے ‘ اور دوسرے یہ کہ ؏
’’زمانہ باتو نہ سازد تو بازمانہ ستیز!‘‘
کی روش اختیار کر کے اور ماحول سے ٹکر لے کر اسے اپنے رنگ میں رنگنے کی کوشش کرے۔ اب ظاہر ہے کہ ایک شریف‘ باوقار‘ غیور اور باحمیت انسان تو صرف ایک ہی راہ اختیار کر سکتا ہے ‘اور وہ دوسری ہے نہ کہ پہلی۔ وہ اس کو تو گوارا کر لے گا کہ ؏
’’بازی اگرچہ پا نہ سکا سر تو کھو سکا!‘‘
کے مصداق اپنی جان دے دے‘ لیکن اسے ہرگز گوارا نہیں کر سکتا کہ تن آسانی اور عافیت کوشی کی راہ پر چل کر حق سے غداری کا مرتکب ہو جائے۔
الغرض جس اعتبار سے بھی دیکھا جائے تو نظر یہی آتا ہے کہ ایمان‘ عمل صالح‘ تواصی بالحق اور تواصی بالصبر ایک جانب تو نجات کے ناگزیر لوازم ہیں اور دوسری جانب خود باہم لازم و ملزوم ہیں‘ بلکہ ان چاروں پر علیحدہ علیحدہ قدرے گہرائی میں اتر کر غور کرنے سے جو حقیقت منکشف ہوتی ہے وہ یہ ہے کہ یہ چاروں ایک ہی وحدت کے ناقابل تقسیم پہلو ہیں اور ایک ہی کل کے اجزائے غیر منفک ہیں۔ گویا ایمان‘ عمل صالح‘ تواصی بالحق اور تواصی بالصبر ‘بقول اقبال مرحوم ؏
’’یہ سب کیا ہیں فقط اک نکتۂ‘‘
ایماں کی تفسیریں‘‘۔ایمان اگر حقیقی ہو جائے تو اس سے عمل صالح ضرور پیدا ہو گا۔ اور عمل صالح اگر پختہ ہو جائے تو لازماً تواصی بالحق پر منتج ہو گا۔ اور تواصی بالحق اگر واقعی اور حقیقی ہے تو تواصی الصبر کا مرحلہ لازماً آ کر رہے گا۔یہاں تک کہ اس کی عکسی صورت (converse proposition) بھی بالکل درست ہے۔ یعنی یہ کہ تواصی بالصبر کا مرحلہ نہیں پیش آیا تو یہ قطعی ثبوت ہے اس کا کہ دعوت پورے حق کی نہیں ہے ‘بلکہاس کے صرف کسی بے ضرر سے جزو کی ہے‘ اور اگر دعوت کا مرحلہ نہیں آتا تو یہ حتمی ثبوت ہے اس کا کہ انسان کا اپنا عمل صحیح اور پختہ نہیں ہے ‘اور اگر عمل درست نہیں ہو رہا تو یہ یقینی ثبوت ہے اس کا کہ ایمانِ حقیقی ہی موجود نہیں۔
گویا سورۃ العصر نجات کی جس شاہراہ کی طرف راہنمائی فرماتی ہے اور انسانی کامیابی کے لیے جس صراطِ مستقیم کی نشان دہی کرتی ہے اس کے چار سنگ ہائے میل ہیں۔ پہلا ایمان‘ دوسرا عمل صالح‘ تیسرا تواصی بالحق اور چوتھا تواصی بالصبر۔
ایک کامل مثال اُسوۂ محمدﷺ
اس کی کامل اور مکمل مثال ہے محمدـ ٌرسول اللہﷺ کی حیاتِ طیبہ ‘جس میں یہ چاروں چیزیں اپنی بلند ترین شان کے ساتھ بتمام و کمال موجود ہیں۔
رسول اللہﷺ نے سب سے پہلے اپنی اور کائنات کی حقیقت پر مطلع ہوناچاہا اور جب ازروئے {وَ وَجَدَکَ ضَآلًّا فَہَدٰی ۪﴿۷﴾} (الضحیٰ) جبریل امین نے حقائق کا کامل انکشاف کیاتو اس کی تصدیق کی اور ایمان لے آئے۔ جیسے کہ قرآن مجید میں فرمایا گیا: {اٰمَنَ الرَّسُوۡلُ بِمَاۤ اُنۡزِلَ اِلَیۡہِ مِنۡ رَّبِّہٖ وَ الۡمُؤۡمِنُوۡنَ ؕ } (البقرۃ:۲۸۵) ’’ایمان لایا رسول اُس پر جو نازل کیا گیا اُس پر اُس کے ربّ کی جانب سے اور ایمان لائے اہل ایمان۔‘‘
دوسری طرف آپﷺ کی زندگی اخلاقِ حسنہ کا کامل نمونہ اور خلق عظیم کا شاہکار تھی۔ جیسے کہ فرمایا گیا: {وَ اِنَّکَ لَعَلٰی خُلُقٍ عَظِیۡمٍ ﴿۴﴾} (القلم) یعنی آپؐ یقینا نہایت اعلیٰ اخلاق کے حامل اور اخلاق کے بلند ترین مقام پر فائز ہیں۔
ایمان اور عمل صالح کے ان بنیادی تقاضوں کو بتمام و کمال پورا کرنے کے بعد پھر مسلسل تیئیس (۲۳)برس نبی اکرمﷺ نے حق کی دعوت اور ذاتِ سبحانہ وتعالیٰ کی کبریائی کے اعلان و نفاذ کی اَن تھک جدوجہد میں صرف کیے اور اس راہ میں ہر تکلیف سہی‘ ہر مصیبت کو برداشت کیا‘ ہر مشکل کو جھیلا اور ہر مخالفت کا مردانہ وار مقابلہ کیا۔
چنانچہ شعب بنی ہاشم میں تین سال کی شدید ترین قید کی صعوبت بھی سہی‘ طائف کے بازاروں میں اوباشوں کی فقرہ بازی اور سنگ باری بھی برداشت کی‘ بدر اور اُحد میں خود اپنے دندانِ مبارک کے علاوہ اپنے قریب ترین اعزہ اور عزیز ترین جاں نثاروں کی جانوں کا ہدیہ بھی بارگاہِ ربّانی میں پیش کیا اور تئیس برس کی شبانہ روز محنت اور مشقت سے بالآخر حق کا بول بالا کر دیا اور خدا کے دین کو جزیرہ نمائے عرب میں غالب کر کے ہی رفیق اعلیٰ کی طرف مراجعت اختیار فرمائی۔ فصلی اللہُ علیہ وعلی آلہ واصحابہ وسلَّم تسلیماً کثیرًا کثیرًا۔ گویا آنحضورﷺ کی حیاتِ طیبہ سورۃ العصر کی مجسّم تفسیر ہے! فداہ ابی واُمّی۔
تو حضرات! یہ ہے سورۃ العصر کے مفہوم کی مختصر تشریح۔ اب آپ کو اچھی طرح سے اندازہ ہو گیا ہو گا کہ کیوں میں نے اسے قرآن مجید کی جامع ترین سورت قرار دیا تھا‘ اور کیوں امام شافعی رحمہ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر لوگ غور و فکر سے کام لیں تو تنہا یہی مختصر سورت ان کی ہدایت و رہنمائی کے لیے کافی ہے۔
وآخر دعوانا ان الحمد للّٰہ ربّ العالمین