My Quran Journey

سورۂ لقمان کے دوسرے رکوع میں حکمت ِ قرآنی کی جو اساسات بیان ہوئی ہیں اور جس مقام ِ عزیمت کی طرف رہنمائی فرمائی گئی ہے اس کے حوالے سے اختصار و اجمال کے ساتھ رکوع کا لُبّ ِلباب اور اس کا اصل حاصل بیان ہو گیا‘ فللّٰہ الحمد۔ اب اس رکوع کی آیت ۲ پر مزید غور کرنا مقصود ہے‘ کیونکہ اس میں اجتناب عن الشرک کی تاکید کے ضمن میں التزامِ توحید ِ باری تعالیٰ کا انتہائی تاکیدی حکم وارد ہوا ہے‘ اور ہر شخص جانتا ہے کہ ہمارے دین کی اصل جڑ بنیاد توحید ہی ہے۔ چنانچہ حضرت لقمان کی نصائح کے ضمن میں پہلی نصیحت بایں الفاظ بیان فرمائی گئی:

’’اے میرے پیارے بچے! اللہ کے ساتھ شرک مت کر‘ یقینا شرک بہت بڑا ظلم ہے۔‘‘

اس سلسلے میں پہلی اور اہم ترین بات تو یہ جان لینی چاہیے کہ ازروئے قرآن مجید ہمارے دین میں شرک سب سے بڑا گناہ اور ناقابل معافی جرم ہے۔ سورۃ النساء میں دو مرتبہ اس بات کو وضاحت کے ساتھ بیان کیا گیا ہے۔ چنانچہ آیت ۴۸ کے الفاظ ہیں:

{اِنَّ اللّٰہَ لَا یَغۡفِرُ اَنۡ یُّشۡرَکَ بِہٖ وَ یَغۡفِرُ مَا دُوۡنَ ذٰلِکَ لِمَنۡ یَّشَآءُ ۚ وَ مَنۡ یُّشۡرِکۡ بِاللّٰہِ فَقَدِ افۡتَرٰۤی اِثۡمًا عَظِیۡمًا ﴿۴۸﴾}

سورۃ 4 · آیت 48

’’اللہ تعالیٰ اس کو تو ہرگز معاف نہیں فرمائے گا کہ اس کے ساتھ شرک کیا جائے‘ البتہ اس سے کمتر خطائیں اور تقصیریں جس کے لیے چاہے گا بخش دے گا۔ اور جس نے اللہ کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہرایا‘ اس نے تو بہت ہی بڑا جھوٹ گھڑا (اور بہت بڑے گناہ کا ارتکاب کیا)۔‘‘

اسی سورۃ کی آیت ۱۱۶ میں یہ مضمون دوبارہ اس شان کے ساتھ وارد ہوا کہ آیت کا پہلا حصہ بعینہٖ وہی ہے جو آیت ۴۸ کا ہے‘ دوسرے حصے میں معمولی تغیر ہے‘ چنانچہ یہاں فرمایا:

{وَ مَنۡ یُّشۡرِکۡ بِاللّٰہِ فَقَدۡ ضَلَّ ضَلٰلًۢا بَعِیۡدًا ﴿۱۱۶﴾}

سورۃ 4 · آیت 116

’’اور جس نے بھی اللہ کے ساتھ شرک کیا وہ بلاشبہ گمراہی اور ضلالت میں بہت دُور نکل گیا۔‘‘

گویا یہاں یہ بات مزید واضح ہو گئی کہ شرک میں ملوث ہونے والا انسان گمراہی میں اتنی دور نکل جاتا ہے کہ اس کے بعد ا س کے لیے معافی اور بخشش کا کوئی امکان باقی نہیں رہتا۔

قرآن حکیم کے مطالعہ سے دوسری اہم بات یہ معلوم ہوتی ہے کہ یہ گناہ اور یہ جرم بہت ہمہ گیر ہے اور اتنا عام ہے کہ اللہ کو ماننے والوں کی اکثریت بھی شعوری یا غیرشعوری طور پر اس میں ملوث ہو جاتی ہے۔ سورۃ یوسف میں ارشاد ہوتا ہے:

{وَ مَا یُؤۡمِنُ اَکۡثَرُہُمۡ بِاللّٰہِ اِلَّا وَ ہُمۡ مُّشۡرِکُوۡنَ ﴿۱۰۶﴾}

سورۃ 12 · آیت 106

’’اور نہیں ایمان لاتے ان میں سے اکثر لوگ اللہ پر مگر ساتھ ہی (کسی نہ کسی نوعیت کا) شرک بھی کرتے ہیں۔‘‘

یعنی اکثر لوگ اللہ کو مانتے ہیں‘ اس پر ایمان لاتے ہیں‘ لیکن توحیدِ خالص کے ساتھ اللہ کو ماننا‘ اس پر ایمان رکھنا کسی کسی ہی کو نصیب ہوتا ہے۔ علامہ اقبال نے شرک کی اسی ہمہ گیری کی طرف بایں الفاظ اشارہ کیا ہے : ؎

شعر

براہیمی نظر پیدا مگر مشکل سے ہوتی ہے!

ہوس چھپ چھپ کے سینوں میں بنا لیتی ہیں تصویریں

تیسری اہم ترین بات یہ کہ شرک کی بہت سی اقسام ہیں اور یہ مرض بہت متنوع صورتوں میں ظہور کرتا ہے‘ بلکہ یہ بات بھی جان لینی ضروری ہے کہ ہر دَور کا ایک خاص شرک ہوتا ہے۔اگر کوئی انسان اپنے دَور کے شرک کو نہ پہچان پائے تو ہو سکتا ہے کہ وہ سابقہ ادوار کے تمام شرکوں سے بچا ہوا ہو اور اپنے خیال میں وہ بہت بڑا موحدبنا پھرتا ہو لیکن وہ لاعلمی میں اپنے دَور کے شرک میں ملوث ہو گیا ہو۔ میرے نزدیک اس دَور کا جو شرک سب سے عام اور سب سے زیادہ پھیلا ہوا ہے وہ مادّہ پرستی کا شرک ہے۔

ہمارے ہاں مادّے اور اس کی تأثیرات پر پورا یقین واعتماد کیا جاتا ہے لیکن ذاتِ باری تعالیٰ پر اتنا بھی توکل‘ یقین اور اعتماد نہیں ہے جو ایمانِ حقیقی کے لیے لازمی ولابدی ہے۔ اقبال نے اسے اس شعر میں بڑی خوبصورتی سے کہا ہے کہ : ؎

شعر

ُبتوں سے تجھ کو امیدیں خدا سے نومیدی

مجھے بتا تو سہی اور کافری کیا ہے؟

ایمان اصل میں نام ہے اللہ پر توکل‘ اعتماد اور بھروسے کا‘ اوراس کی نفی کفر اور شرک ہے۔ لہذا شرک کے بارے میں بہت حساس ہونے کی ضرورت ہے۔ فارسی زبان کا ایک شعر ہے: ؎

شعر

بہر رنگے کہ خواہی جامہ می پوش

من اندازِ قدت را می شناسم

یعنی ’’تم چاہے کسی رنگ کا لباس پہن لو‘ کوئی بھیس بدل لو‘ میں تمہیں تمہارے قد سے پہچان لوں گا‘‘۔ شرک کے معاملے میں بھی بالکل یہی کیفیت درکار ہے کہ یہ بیماری جس صورت میں بھی کسی دَور میں اور کسی معاشرے میں ظہور کر رہی ہو ‘نگاہ اتنی دُور رَس ہو کہ انسان پہچان لے کہ اس دَور میں شیطان نے شرک کو اس صورت میں جلوہ گر کیا ہے‘ تب ہی اس بات کا امکان ہے کہ انسان شرک سے اپنے آپ کو بچا سکے۔

چوتھی اہم بات جو درحقیقت ان تینوں باتوں کا منطقی نتیجہ ہے‘ یہ ہے کہ شرک سے کلیتا بچنا آسان کام نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کا ذکر قرآن مجید میں جب آتا ہے تو اکثر مقامات پر جہاں آکر بات ختم ہو تی ہے وہاں یہ الفاظ آتے ہیں کہ:{وَ مَا کَانَ مِنَ الۡمُشۡرِکِیۡنَ } ’’ آپ (یعنی ابراہیم علیہ السلام ) مشرکوں میں سے نہ تھے‘‘۔ حضرت ابراہیم ؑ کی عظمت ِ جلیلہ کو ذہن میں رکھیے۔ آنجنابؑ ہمارے رسول اللہﷺ کے جدامجد ہیں‘ ابوالانبیاء ہیں‘ امام الناس ہیں اور خلیل اللہ ہیں۔ ہم درود میں بھی ان کی مثال پیش کرتے ہیں ۔ معلوم ہوا کہ یہ آخری سند ہے جو اللہ کی طرف سے کسی بندے کو عطا ہو جائے۔ یہ سب سے بڑا اور قیمتی سرٹیفکیٹ اور testimonial ہے جو اللہ کی طرف سے کسی کود یا جائے کہ ’’میرا یہ بندہ شرک کے ہر شائبہ سے پاک ہے۔‘‘

اب ہمیں یہ سمجھنا ہو گا کہ شرک اصل میں کہتے کسے ہیں! شرک یعنی اشراک باللہ(اللہ کے ساتھ کسی کو شریک کردینا) کی اصل حقیقت کیا ہے جس کو اس آیۂ مبارکہ میں ظلم ِعظیم قرار دیا گیاہے؟ عربی زبان میں ظلم کی تعریف ہے ’’وَضْعُ الشَّیْئِ فِیْ غَیْرِ مَحَلِّہٖ‘‘ یعنی کسی چیز کو اُس کے اصل اور حقیقی مقام سے ہٹا کر کسی اور جگہ رکھ دینا۔یہ فعل ظلم کہلاتا ہے۔ ہر چیز کو اُس کے اصل و حقیقی مقام پر رکھیے‘ یہ عدل ہے‘ یہ انصاف ہے۔ اب غور فرمایئے تو یہ حقیقت سامنے آئے گی کہ شرک میں دو چیزیں لامحالہ ہوں گی۔ یااللہ کو اس کے مقامِ رفیع سے گرا کر مخلوقات کی صف میں لاکھڑا کیا جائے گا اور کوئی صفت جو صرف مخلوقات کے لیے ہو گی اس سے اللہ کو متصف کر دیا جائے گا‘ یا مخلوقات میں سے کسی کو اٹھا کر اللہ کے برابر لا بٹھایا جائے گا اور جو صفات صرف باری تعالیٰ کے لیے مختص ہیں ان سے کسی مخلوق کو متصف تسلیم کیا جائے گا۔ یہ دونوں صورتیں یکساں ’’ظلم‘‘ ہیں۔ یہ دونوں افعال ’’وَضْعُ الشَّیْئِ فِیْ غَیْرِ مَحَلِّہٖ‘‘ کے ذیل میں آئیں گے۔ اللہ کو اس کی منفرد شانِ رفیع اور مقامِ جلیل سے گرانا بہت بڑا ظلم ہے اور مخلوق میں سے کسی کو اس کے اصل و حقیقی مقام سے اٹھا کر اللہ کا ہمسر‘ ہم پلہ‘ ند‘ ضد‘ کفو اور مدمقابل بنا دینا‘ یہ بھی بہت بڑا ظلم اور بہت بڑی ناانصافی ہے۔

شرک فی الذّات

اب اختصار کے ساتھ شرک کی چند اقسام کو سمجھئے۔ اگرچہ اس کی تقسیمیں مختلف اعتبارات سے ہو سکتی ہیں‘ لیکن جس پہلو سے میں تقسیم آپ کے سامنے رکھوں گا مجھے توقع ہے کہ شاید آپ اسے بہت جامع اور نہایت قابل فہم پائیں گے۔ شرک کی تین موٹی موٹی قسمیں ہیں۔ پہلی ’’شرک فی الذات‘‘ ہے‘ یعنی اللہ کی ذات میں کسی کو شریک بنا دینا۔ یہ بدترین اور عریاں ترین شرک ہے۔ دوسری ’’شرک فی الصفات‘‘ ہے۔ یہ معاملہ کسی علمی مغالطے کے باعث بھی ہوسکتا ہے۔ تیسری ’’شرک فی الحقوق‘‘ ہے‘ یعنی اللہ کے حقوق میں کسی کو اس کا ساجھی بنا دینا۔ لہذا شرک کی یہ تین بڑی بڑی قسمیں یشِ نظر رکھیے‘ پھر ان کو علیحدہ علیحدہ سمجھئے۔

شرک فی الذات یعنی ذات ِباری تعالیٰ میں کسی کو شریک کر دینا‘ اس کی دو قسمیں ہیں۔ ان میں جو سب سے زیادہ مکروہ اور سب سے زیادہ گھناؤنی قسم ہے‘ عجیب ستم ظریفی ہے کہ یہ ان قوموں میں پیدا ہوئی جو اپنے آپ کو نبیوں اور رسولوں کی طرف منسوب کرتی ہیں۔ یہودیوں نے حضرت عزیر علیہ السلام کو اللہ کا بیٹا قرار دیا۔مشرکینِ عرب حضرت ابراہیم علیہ السلام کے نام لیوا تھے‘ انہوں نے فرشتوں کو خدا کی بیٹیاں قرار دیا۔ عیسائیوں نے یہ ظلم ڈھایا کہ اللہ کے رسول حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو اللہ کا بیٹا ہی نہیں صلبی بیٹا قرار دے دیا۔اس شرک پر اللہ کا غضب بہت بھڑکتا ہے۔ سورۃ مریم کی آیات ۸۸ تا ۹۲ میں اِس کا اظہار اس انداز سے فرمایا گیا ہے:

{وَ قَالُوا اتَّخَذَ الرَّحۡمٰنُ وَلَدًا ﴿ؕ۸۸﴾لَقَدۡ جِئۡتُمۡ شَیۡئًا اِدًّا ﴿ۙ۸۹﴾تَکَادُ السَّمٰوٰتُ یَتَفَطَّرۡنَ مِنۡہُ وَ تَنۡشَقُّ الۡاَرۡضُ وَ تَخِرُّ الۡجِبَالُ ہَدًّا ﴿ۙ۹۰﴾اَنۡ دَعَوۡا لِلرَّحۡمٰنِ وَلَدًا ﴿ۚ۹۱﴾وَ مَا یَنۡۢبَغِیۡ لِلرَّحۡمٰنِ اَنۡ یَّتَّخِذَ وَلَدًا ﴿ؕ۹۲﴾}

سورۃ 19 · آیات 88-92

’’انہوں نے کہا کہ رحمن نے کسی کو اپنا بیٹا بنا لیا ہے۔ لوگو! تم بہت گستاخی کی بات کر رہے ہو۔ (یہ گستاخی اللہ کی جناب میں اتنی شدید ہے کہ) آسمان پھٹ پڑنے کو ہے‘ زمین شق ہونے کو ہے اور قریب ہے کہ پہاڑ ایک دھماکے کے ساتھ زمین بوس ہو جائیں‘ (اس گستاخی پر) کہ لوگوں نے رحمن کے لیے بیٹاتراش لیا۔ حالانکہ یہ بات رحمن کے شایانِ شان ہی نہیں ہے کہ وہ کسی کو اپنابیٹا بنائے۔‘‘

اس شرک فی الذات کی دوسری صورت پیدا ہوئی فلسفیانہ مذاہب میں۔ ان میں حلول اور تجسّم کے عقیدے پیدا ہوئے جس کا مطلب ہے کہ اس پوری کائنات میں اللہ حلول کر گیا ہے۔ گویا اللہ ہی نے اس کائنات کی صورت اختیار کر لی ہے اور ہر شے اب اللہ کی ذات کا عین بن گئی ہے۔ یہ بھی اپنی نوع کا بدترین شرک ہے۔ پھر ایک اور عقیدہ ’’اَوتار‘‘ کا پیدا ہوا ‘یعنی خدا کسی انسانی شکل و صورت میں ظاہر ہو جاتا ہے یا کسی انسان میں حلول کر جاتا ہے ۔ اَوتار کا عقیدہ بھی بدترین شرک فی الذات ہے۔

شرک فی الصفات

آگے چلیے! شرک فی الصفات کا معاملہ جیسا کہ میں نے عرض کیا تھا‘ کچھ علمی نوعیت کا ہے‘ اس لیے کہ ہماری زبان میں الفاظ مشترک ہیں۔ جو الفاظ ہم اللہ کے لیے بطورِ صفت بولتے ہیں وہی مخلوقات کے لیے بھی بولتے ہیں۔ مثلاً اللہ بھی موجود ہے‘ ہم بھی موجود ہیں۔ اللہ بھی زندہ ہے‘ ہم بھی زندہ ہیں۔ اللہ بھی سنتا ہے‘ ہم بھی سنتے ہیں۔ اللہ بھی دیکھتا ہے‘ ہم بھی دیکھتے ہیں۔ اب اس لفظی اشتراک سے مغالطہ ہو سکتا ہے۔ لیکن ان صفات کا اطلاق جب اللہ پر ہوتا ہے تو مفہوم کچھ اور ہوتا ہے اور یہی صفات جب مخلوقات کے لیے استعمال ہوں گی تو ان کا مفہوم کچھ اور ہو گا۔ اس ضمن میں تین چیزیں پیش ِ نظر رکھنی ضروری ہیں تاکہ اس معاملے میں مغالطے سے نجات حاصل ہو۔ ایک یہ کہ اللہ کا وجود بھی ذاتی ہے اور صفات بھی ذاتی ہیں‘ جبکہ ماسوی اللہ کا وجود بھی عطائی ہے اور صفات بھی عطائی ہیں۔ اس لیے کہ مخلوقات کو اللہ ہی نے وجود بخشا ہے اور صفات بھی عطا کی ہیں۔ دوسرے یہ کہ اللہ کا وجود بھی لامحدود ہے اور صفات بھی لامحدود ہیں جبکہ ماسوی اللہ کا وجود بھی محدودہے اور صفات بھی محدود ہیں۔ تیسرے یہ کہ اللہ کی ہستی بھی قدیم ہے حادث نہیں‘ ہمیشہ سے ہے اور ہمیشہ رہے گی‘ اسی طرح اس کی صفات بھی قدیم ہیں۔ اس کے برعکس معاملہ مخلوقات کا ہے‘ وہ خود بھی حادث ہیں اور ان کی صفات بھی حادث ہیں۔ ان تینوں چیزوں کا فرق اگر سامنے رکھا جائے تو پھر اس میں مغالطہ نہیں ہو گا‘ لیکن اگر اس میں ذرا سی بھی بے احتیاطی ہو جائے تو شرک کی صورت پیدا ہو جائے گی۔

شرک فی العبادۃ اور اس کی شاخیں

اب آیئے شرک کی تیسری قسم کی طرف‘ یعنی اللہ کے حقوق میں کسی کو ساجھی بنا دینا۔ اگرہم اللہ کے حقوق شمار کریں تو ہم اس کا اِحصا ء نہ کر سکیں گے۔ لیکن ایک لفظ ایسا ہے کہ ’’ہاتھی کے پاؤ ں میں سب کا پاؤں‘‘ کے مصداق اس میں سب حقوق آ جاتے ہیں‘ اور وہ لفظ ہے ’’عبادت‘‘۔اللہ کی عبادت میں کسی کو شریک نہ ٹھہرایا جائے۔لیکن اس لفظ عبادت کی قدرے تشریح ہو گی تو بات سمجھ میں آئے گی۔ اس ضمن میں قارئین کرام سے درخواست ہے کہ پانچ چیزیں گن کر ذہن نشین کر لیں۔ عبادت میں اہم ترین چیز ہے ’’اطاعت‘‘۔ توحید فی الاطاعت یہ ہے کہ اللہ کی اطاعت تمام اطاعتوں پر غالب آ جائے۔ بقیہ تمام اطاعتیں اللہ کی اطاعت کے تابع ہوں۔ اگر کسی کی اطاعت اللہ کی اطاعت کے برابر ہو گئی تو یہ شرک فی الاطاعت ہو جائے گا۔ تمام اطاعتیں اللہ کے تابع ہوں تو یہ توحید ہے۔ نبی اکرمﷺ نے فرمایا:

حدیثماخذ: سنن الترمذی

((لَا طَاعَۃَ لِمَخْلُوْقٍ فِیْ مَعْصِیَۃِ الْخَالِقِ))

’’کسی مخلوق کی اطاعت نہیں ہوگی اس چیز میں کہ جس میں خالق کی معصیت لازم آ رہی ہو‘‘۔اللہ کی اطاعت کے تابع والدین کی اطاعت بھی ہے‘ اساتذہ کی بھی ہے‘ اولی الامر کی بھی ہے‘ حکام کی بھی ہے۔ کوئی اطاعت اللہ کی اطاعت سے آزادنہ ہو۔ اگر آزاد ہوئی تو شرک فی الاطاعت لازم آ جائے گا۔ یہاں یہ نکتہ بھی نوٹ کر لیجیے کہ اللہ کی اطاعت جناب محمد ٌرسول اللہﷺ کے واسطے سے ہو گی۔ قرآن مجید بھی ہمیں نبی اکرمﷺ کے توسط سے ملا ہے۔

دوسری چیز ہے ’’محبت‘‘۔ تمام محبتیں اللہ کی محبت کے تابع ہو جائیں۔ کوئی محبت اللہ کی محبت کے ہم پلہ نہ ہو۔ ہمارے قلب کے سنگھاسن پر بالاترین محبت اللہ کی براجمان ہو۔ بقیہ تمام محبتیں اللہ کی محبت کے تابع ہو جائیں۔ اگر کسی اور کی محبت اللہ کی محبت کے برابر آ کر بیٹہ گئی تو جان لیجیے کہ یہی شرک ہے۔ یہ دو چیزیں ’’اطاعت‘‘ اور ’’محبت‘‘ بہت اہم ہیں۔ ان کی تفصیل میں جانے کا موقع نہیں ہے۔ بس یوں سمجھ لیجیے کہ یہ وہ اصول ہیں کہ جن کو انسان خود حالات پر منطبق کر سکتا ہے۔ اصول اگر ہاتھ میں آجائیں تو ان کا اطلاق کر کے انسان تمام مسائل حل کر لے گا۔ ایک ضروری بات یہاں پھر نوٹ کر لیجیے کہ اطاعت اور محبت دونوں اعتبارات سے اللہ کے ساتھ اللہ کے رسولﷺ بھی شامل ہیں۔ اللہ کی اور اس کے رسولﷺ کی اطاعت تمام اطاعتوں پر غالب ہو تو یہ توحید ہے۔کوئی اور اطاعت ان کے ہم پلہ ہو گئی یا بالاترہو گئی اور کوئی محبت ان کے برابر ہو گئی یا بڑھ گئی تو یہ شرک فی الاطاعت اور شرک فی المحبت کی صورت ہو گی۔

تیسری چیز ہے دعا ۔ نبی اکرمﷺ نے فرمایا :

حدیثماخذ: سنن الترمذی

((اَلدُّعَاءُ مُخُّ الْعِبَادَۃِ))

’’دعا عبادت کا جوہر ہے‘‘۔ایک اور حدیث میں ہے کہ:

حدیثماخذ: سنن الترمذی

((اَلدُّعَاءُ ھُوَ الْعِبَادَۃُ))

’’دعا ہی اصل عبادت ہے‘‘۔چنانچہ دعا اللہ کے سوا کسی سے نہیں کی جائے گی۔ قرآن مجید میں فرمایا گیا:  (القصص:۸۸) ’’اللہ کے ساتھ کسی اور معبود کو مت پکارو‘‘۔ پکارو اسی کو‘ مانگو اسی سے۔ یہ ہے توحید فی الدعا۔ اور اگر اللہ سے بھی دعا کر رہے ہو ‘ مانگ رہے ہو اور کسی اور سے بھی تو یہ شرک فی الدعا ہے۔

چوتھی چیز ہے اخلاص۔ اگر متذکرہ بالا تینوں باتوں میں ریاکاری کا کہیں شائبہ ہو گیا تو یہ بھی شرک ہے۔ نبی اکرمﷺ نے فرمایا:

حدیثماخذ: مسند احمد

((مَنْ صَلّٰی یُرَائِیْ فَقَدْ اَشْرَکَ‘ وَمَنْ صَامَ یُرَائِیْ فَقَدْ اَشْرَکَ‘ وَمَنْ تَصَدَّقَ یُرَائِیْ فَقَدْ اَشْرَکَ))

’’جس نے دکھلاوے کے لیے نماز پڑھی وہ شرک کر چکا‘ جس نے دکھلاوے کے لیے روزہ رکھا وہ شرک کر چکااور جس نے دکھاوے کے لیے صدقہ و خیرات کیا وہ شرک کر چکا۔‘‘

یہ شرکِ خفی کہلاتا ہے جو نظر نہیں آتا۔ اقبال نے جو کہا ہے کہ ؏

شعر

’’ہوس چھپ چھپ کے سینوں میں بنا لیتی ہے تصویریں!‘‘

تواس کا اطلاق اسی نوع کے شرک پر ہوتا ہے۔ حضورﷺ نے تجزیہ کر کے بتا دیا کہ اگر ایک شخص نماز پڑھنے کھڑا ہوا اور اس نے دیکھا کہ کوئی مجھے دیکھ رہا ہے‘ اس لیے سجدہ طویل کر دیا تو اس نے شرک ِ خفی کا ارتکاب کیا‘ چونکہ اس طرح اس کے سجدے کے مسجود دو ہو گئے۔ وہ اللہ کو بھی سجدہ کر رہا ہے اور جسے دکھا رہا ہے گویا اسے بھی سجدہ کر رہا ہے۔معلوم ہوا کہ ریاء وسُمعہ یعنی عبادت دوسروں کو دکھانے یا سنانے کی نیت سے کرنا شرک فی الاخلاص ہے۔

خواہش ِ نفس کی بلاقید پیروی بھی شرک ہے۔ قرآن مجید میں دو جگہ یہ مضمون آیاہے:

{اَرَءَیۡتَ مَنِ اتَّخَذَ اِلٰـہَہٗ ہَوٰىہُ ؕ}

(الفرقان:۴۳)

اور:

{اَفَرَءَیۡتَ مَنِ اتَّخَذَ اِلٰـہَہٗ ہَوٰىہُ }

(الجاثیۃ:۲۳)سورۃ 45 · آیت 23

’’(اے نبی!)کیا آپ نے اس شخص کے حال پر غور کیا جس نے اپنی خواہش کو اپنا معبود بنا لیا؟‘‘

یہاں لفظ ’’الٰہ‘‘ آیا ہے جو ہمارے کلمۂ توحید کے جزوِ اوّل کا لفظ ہے۔ معلوم ہوا کہ صرف سامنے رکھی ہوئی مورتیاں ہی نہیں پوجی جاتیں‘ اندر کی نفسانی خواہشات کو بھی پوجا جاتا ہے۔

باطن کے اصنام میں مال و دولت کی وہ محبت بھی شامل ہے جس کے حصول میں حلال و حرام کی تمیزختم ہو جائے۔ نبی اکرمﷺ نے فرمایا:

حدیثماخذ: سنن ابن ماجہ

((تَعِسَ عَبْدُ الدِّیْنَارِ وَعَبْدُ الدِّرْھَمِ))

’’ہلاک ہو جائے (یا ہلاک ہو گیا )دینار و درہم کا بندہ۔‘‘

آنحضورﷺ نے لفظ کون سا استعمال فرمایا! عبد۔ اس لیے کہ جس شخص کے دل میں دولت کی محبت اتنی ہے کہ اسے کوئی غرض نہیں کہ حلال سے آئے یا حرام سے‘ جائز سے آئے یا ناجائز سے‘ صحیح راستے سے آئے یا غلط راستے سے‘ دولت کی اس طمع اور محبت کامطلب ہے کہ دولت اس کا معبود ہے‘ چاہے وہ ہندوؤں کی طرح ’’لکشمی دیوی‘‘ کو نہ پوج رہا ہو۔ شریعت کی قیود و حدود اور شرائط سے بے نیاز ہو کر دولت کی چاہت بھی شرک ہے۔

اس ضمن میں پانچویں اور آخری چیز یہ ہے کہ کچھ مراسم ِعبودیت ایسے ہیں جوصرف اللہ کے لیے خاص ہیں۔ کسی کو بھی سجدہ نہیں ہو گاسوائے اللہ کے۔ اس معاملے میں شیخ احمد سرہندیؒ کا جو مقام تھا اور ان کی جو عزیمت تھی‘ اسے علامہ اقبال نے خوب تعبیر کیا ہے : ؎

شعر

گردن نہ جھکی جس کی جہانگیر کے آگے

جس کے نفس ِ گرم سے ہے گرمی ٔ احرار

سجدہ صرف اللہ کے لیے ہے۔ اسی طرح رکوع بھی اللہ کے لیے خاص ہے‘ اس کے خلاف عمل شرک فی العبادۃ میں شمار ہو گا۔

یہاں موقع کی مناسبت سے شرک کی چند موٹی موٹی اقسام ہی بیان کی جا سکی ہیں‘ لیکن ان سے اندازہ ہو گیا ہو گا کہ شرک کا مسئلہ کتنا ہمہ گیرہے۔ ہر مسلمان کو شعوری طور پر شرک سے بچنے کی فکر کرنی چاہیے۔ اس کی تیر بہ ہدف تدبیر یہ ہے کہ اللہ کی ذات پر ہمارا یقین ِ محکم ہو۔ ہمارا جتنا توکّل اور اعتماد اللہ کی ذات اور اس کی ربوبیت پر بڑھے گا اتنا ہی ہم اِن تمام چیزوں سے بچ سکیں گے۔ جیسے علامہ اقبال نے کہا ہے : ؎

شعر

یہ ایک سجدہ جسے تو گراں سمجھتا ہے!

ہزار سجدوں سے دیتا ہے آدمی کو نجات

اگر ہمیں التزامِ توحید اور اجتنابِ شرک کی سعادت نصیب ہو جائے تو یہ ہماری اُخروی کامیابی اور فوز و فلاح کے لیے کفایت کرے گی۔

وَآخِرُ دَعْوَانَا اَنِ الْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ

فہرست

  1. شرک فی الذّات
  2. شرک فی الصفات
  3. شرک فی العبادۃ اور اس کی شاخیں