نحمدہٗ ونصلی علٰی رَسولہِ الکریم … امَّا بَعد:
اَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ ۔ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
آج ہم اللہ کے نام سے مطالعۂ قرآن حکیم کے اس منتخب نصاب کے آٹھویں درس کا آغاز کر رہے ہیں‘ جو اِن صفحات میں سلسلہ وار زیر اشاعت ہے۔ جیسا کہ اس سے قبل وضاحت کی جا چکی ہے ‘اس منتخب نصاب کا حصہ دوم مباحث ِ ایمانی پر مشتمل ہے‘ اور اس حصہ دوم کا یہ چوتھا درس ہے جو سورۃ التغابن پر مشتمل ہے۔ یہ سورۂ مبارکہ مصحف کے اٹھائیسویں پارے میں ہے اور دو رکوعوں اور اٹھارہ آیات پر مشتمل ہے۔ سورۃ العصر کے بعد یہ پہلی مکمل سورت ہے جو اِس منتخب نصاب میں شامل ہے۔
سورت کے مضامین کا اجمالی تجزیہ
میرے مطالعے اور غور و فکر کی حد تک قرآن مجید کی چھوٹی سورتوں میں ایمان کے موضوع پر جامع ترین سورت سورۃ التغابن ہے۔ یہاں اس بات کو دوبارہ ذہن میں مستحضر کر لیجیے کہ ان مباحث میں ایمان سے مراد قانونی اور فقہی ایمان نہیں ہے جس کی بنا پر ہم اس دنیا میں ایک دوسرے کو مسلمان سمجھتے ہیں‘ بلکہ یہاں ایمانِ حقیقی مراد ہے جو قلبی یقین سے عبارت ہے‘ اور سورۃ النور کی آیات ِ نور کے مطابق یہ ایمان ایک نور ہے جس سے انسان کا باطن روشن اور منور ہو جاتا ہے اور جس کا اصل محل و مقام قلب ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مصحف میں سورۃ التغابن سے متصلاً قبل سورۃ المنافقون واقع ہے‘ اور منافقین کے بارے میں یہ بات سب جانتے ہیں کہ وہ بھی قانوناً مسلمان شمار ہوتے تھے اور دنیا میں ان کے ساتھ بالکل مسلمانوں کا سا سلوک ہوتا تھا‘ اگرچہ وہ ایمانِ حقیقی سے محروم ہوتے تھے۔ یعنی وہ حقیقتاً کافر تھے۔ اس طرح قرآن مجید میں سورۃ المنافقون کے فوراً بعد سورۃالتغابن کو لا کر گویا تصویر کے دونوں رُخوں کو یکجا کر دیا گیا‘ یا یوں کہہ لیجیے کہ ’’تُعْرَفُ الْاَشْیَاءُ بِاَضْدَادِہَا‘‘ کے اصول کے مطابق ’’کفرِ حقیقی‘‘ کے بالمقابل ’’ایمانِ حقیقی‘‘ کا آئینہ رکھ دیا گیا۔
سورۃ التغابن کی اٹھارہ آیات ہیں جو دو رکوعوں میں منقسم ہیں۔ یہ بڑی پیاری اور دلکش تقسیم ہے۔ پہلے رکوع کی دس آیات میں سے پہلی سات آیات میں ایمانیات ِ ثلاثہ کا ذکر ہے۔ یعنی ایمان باللہ اور صفاتِ باری تعالیٰ‘ ایمان بالرسالت اور ایمان بالآخرت یا ایمان بالمعاد۔ پھر اگلی تین آیات میں ایمان کی نہایت پُر زور دعوت ہے کہ یہ واقعی حقائق ہیں‘ ان کو قبول کرو‘ان کو تسلیم کرو‘ انہیں حرزِ جاں بناؤ اور اِن پر یقین سے اپنے باطن کو منور کرو۔
دوسرے رکوع کی کُل آٹھ آیات ہیں۔ ان میں بھی یہی تقسیم ہے کہ پہلی پانچ آیات میں ایمان کے ثمرات اور ایمان کے نتیجے میں انسان کے فکر و نظر اور اس کی شخصیت میں جو تبدیلیاں رونما ہونی چاہئیں‘ ان کا بیان ہے۔ یعنی :(۱) تسلیم و رضا (۲)اطاعت و انقیاد (۳) توکل و اعتماد (۴) علائقِ دُنیوی کی فطری محبت کے پردے میں انسان کے دین و ایمان اور آخرت و عاقبت کے لیے جو بالقوۃ خطرہ مضمر ہے‘ اس سے متنبہ اور چوکس و چوکنا رہنا‘ اور (۵) مال اور اولاد کی فتنہ انگیزی سے ہوشیار و باخبررہنا اور آخری تین آیات میں ایمان کے ان تقاضوں کو پورا کرنے کی نہایت زوردار اور مؤثر ترغیب و تشویق ہے‘ اور ان میں تقویٰ‘ سمع و طاعت اور انفاق فی سبیل اللہ کی اہمیت پر بہت زور دیا گیا ہے۔ اس طرح یہ سورۂ مبارکہ واضح طور پر چار حصوں میں منقسم ہے۔
پہلے رکوع کی دس آیات
پہلی سات آیات میں ایمانیات ِ ثلاثہ کا ذکر ہے
ایمان باللہایمان بالرسالتایمان بالآخرت
اگلی تین آیات میں ایمان کی نہایت پُر زور دعوت
یہ واقعی حقائق ہیں‘ ان کو قبول کرو‘ان کو تسلیم کرو‘ انہیں حرزِ جاں بناؤ
دوسرے رکوع کی کُل آٹھ آیات
ان میں بھی یہی تقسیم ہے
پہلی پانچ آیات میں ایمان کے ثمرات
انسان کے فکر و نظر اور اس کی شخصیت میں جو تبدیلیاں رونما ہونی چاہئیں
آخری تین آیات میں ایمان کے ان تقاضوں کو پورا کرنے کی نہایت زوردار اور مؤثر ترغیب و تشویق
تقویٰسمع و طاعتانفاق فی سبیل اللہ
ابتدائی چار آیات
اللہ تعالیٰ کی توحید اور صفاتِ کمال کا ذکر
اب آئیے اس سورۂ مبارکہ کے پہلے رکوع کے پہلے حصے کی جانب جو چار آیات پر مشتمل ہے۔ ان آیات پر کسی تفصیلی گفتگو سے قبل مناسب ہوگا کہ متن کی تلاوت کےساتھ ان کا ایک رواں ترجمہ ذہن نشین کر لیا جائے۔
{یُسَبِّحُ لِلّٰہِ مَا فِی السَّمٰوٰتِ وَ مَا فِی الۡاَرۡضِ ۚ لَہُ الۡمُلۡکُ وَ لَہُ الۡحَمۡدُ ۫ وَ ہُوَ عَلٰی کُلِّ شَیۡءٍ قَدِیۡرٌ ﴿۱﴾ہُوَ الَّذِیۡ خَلَقَکُمۡ فَمِنۡکُمۡ کَافِرٌ وَّ مِنۡکُمۡ مُّؤۡمِنٌ ؕ وَ اللّٰہُ بِمَا تَعۡمَلُوۡنَ بَصِیۡرٌ ﴿۲﴾خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضَ بِالۡحَقِّ وَ صَوَّرَکُمۡ فَاَحۡسَنَ صُوَرَکُمۡ ۚ وَ اِلَیۡہِ الۡمَصِیۡرُ ﴿۳﴾یَعۡلَمُ مَا فِی السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضِ وَ یَعۡلَمُ مَا تُسِرُّوۡنَ وَ مَا تُعۡلِنُوۡنَ ؕ وَ اللّٰہُ عَلِیۡمٌۢ بِذَاتِ الصُّدُوۡرِ ﴿۴﴾}
سورۃ 64 · آیات 1-4’’اللہ کی تسبیح بیان کرتی ہے ہر وہ شے جو آسمانوں میں ہے اور ہر وہ شے جو زمین میں ہے۔ (واقعہ یہ ہے کہ کُل کائنات کی) بادشاہی بھی اُسی کی ہے اور کُل شکر و سپاس اور تعریف و ثنا کا مستحقِ حقیقی بھی صرف وہی ہے۔ مزید برآں وہ ہر چیز پر قادر ہے۔ وہی ہے جس نے تم سب کو تخلیق فرمایا ‘لیکن تم میں سے کچھ (اس کا) انکار کرنے والے ہیں اور کچھ (اس کو) ماننے والے ہیں‘ اور جو کچھ تم (اس دنیا میں)کر رہے ہو اللہ اسے دیکھ رہا ہے۔ اس نے آسمانوں اور زمین کو حق کے ساتھ پیدا فرمایا اور تمہاری نقشہ کشی کی اور تمہاری بہت ہی اچھی نقشہ کشی ( اور صورت گری) فرمائی‘ اور (تمہیں) اسی کی طرف لوٹنا ہے۔ وہ جانتا ہے جو کچھ آسمانوں اور زمین میں ہے اور وہ جانتا ہے جو کچھ تم چھپاتے ہو اور جو کچھ تم ظاہر کرتے ہو ‘ اور اللہ سینوں میں پوشیدہ رازوں کا بھی جاننے والا ہے‘‘۔
جیسا کہ ترجمہ سے ظاہر ہے‘ ان آیاتِ مبارکہ میں اللہ تعالیٰ کی توحید اور اس کی صفاتِ کمال کا بیان بڑے پُر جلال انداز میں ہوا ہے۔ اس موقع پر یہ اصولی بات ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ ایمان اصلا ً ایمان باللہ کا نام ہے۔ اصولی‘ علمی اور نظری اعتبار سے ایمان باللہ ہی ایمان کی اصل جڑ اور بنیاد ہے۔ ایمان بالرسالت اور ایمان بالآخرت دونوں اصلاً اسی کی فروع ہیں۔ چنانچہ ایمان بِالوحی‘ ایمان بالنبّوت‘ ایمان بالکتب یا فی الجملہ ایمان بالرسالت اصل میں اللہ تعالیٰ کی صفت ِ ہدایت کا مظہرِ اَتم ہے۔ اسی طرح بعث بعد الموت‘ حشر و نشر‘ حساب و کتاب‘ جزا و سزا اور جنت و دوزخ کی تصدیق یا فی الجملہ ایمان بالآخرت یاایمان بالمعاد اللہ تعالیٰ کی صفتِ عدل اور اس کے اسم گرامی’’الحسیب‘‘ کا مظہرِ اَتم ہے۔ گویا اللہ حساب لینے والا ہے اور حساب کے مطابق جزا و سزا دینے والا ہے۔ اور اس کی اسی شان کا کامل ظہور آخرت میں ہوگا۔ پس معلوم ہوا کہ اصل ایمان‘ ایمان باللہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سورۃ التغابن کے پہلے رکوع میں ایمان باللہ یعنی اللہ تعالیٰ کی توحید اور صفاتِ کمال کا بیان چار آیات میں ہوا ہے‘ جبکہ ایمان بالرسالت اور ایمان بالمعاد دونوں کو تین آیات میں سمو دیا گیا ہے۔
ان ابتدائی چار آیات میں ایمان باللہ کا بیان نہایت معجز نما اسلوب میں غایت درجہ اختصار لیکن حد درجہ جامعیت کے ساتھ ہوا ہے۔ ارشاد ہوتا ہے:
{یُسَبِّحُ لِلّٰہِ مَا فِی السَّمٰوٰتِ وَ مَا فِی الۡاَرۡضِ ۚ}
سورۃ 64 · آیت 1’’اللہ کی تسبیح کرتی ہے ہر وہ شے جو آسمانوں میں ہے اور ہر وہ شے جو زمین میں ہے‘‘۔
’’تسبیح‘‘ کا معنی ٰ ومفہوم
یہاں پہلے لفظ ’’تسبیح‘‘ پر غور کر لیا جائے ۔ اگرچہ فوری طور پر اس کے جو عام معنی ذہن میں آتے ہیں وہ یہ اقرار ہے کہ اللہ پاک ہے۔ لیکن اس کا حقیقی مفہوم کیا ہے ‘ اسے جاننا ضروری ہے۔ ’’سَبَحَ‘ یَسْبَحُ‘‘ فعل لازم ہے اور اس کا مطلب ہے کسی چیز کا تیرنا‘ خواہ وہ چیز پانی کی سطح پر تیر رہی ہو‘ خواہ فضا یا خلا میں اپنے مدار پر اپنی سطح کو برقرار رکھتے ہوئے حرکت کر رہی ہو۔ چنانچہ آپ کو قرآن مجید میں یہ الفاظ ایک سے زائد مقامات پر ملیں گے کہ : {کُلٌّ فِیۡ فَلَکٍ یَّسۡبَحُوۡنَ ﴿۳۳﴾} (الانبیاء) ’’یہ تمام (اجرامِ سماویہ خلا میں) اپنے اپنے مدار میں تیر رہے ہیں‘‘۔ اس سے فعل متعدی بنتا ہے سَبَّحَ یُسَبِّحُ جس کا مطلب ہے کسی شے کو ’’تیرانا‘‘ یا اسے اس کی سطح پر برقرار رکھنا۔ اس کا مصدر ’’تسبیح‘‘ ہے۔ گویا لفظ تسبیح کے لغوی معنی ہیں ’’کسی کو اس کی اصل سطح پر برقرار رکھنا‘‘۔ چنانچہ اللہ کی تسبیح یہ ہے کہ اس کا جو مقامِ بلند ہے‘ اس کی جو اعلیٰ و ارفع شان ہے‘ اسے اس پر برقرار رکھا جائے‘ اور اس کی ذاتِ اقدس‘ صفاتِ اکمل اور شانِ ارفع کے ساتھ کوئی ایسا تصور شامل نہ کیا جائے جو اس کے شایانِ شان نہ ہو۔ گویا کسی بھی درجے کے ضعف‘ عجز‘ نقص‘عیب یا محدودیت کا کوئی بھی تصور اُس کی ذات و صفات کے ساتھ شامل کرنے کے معنی یہ ہیں کہ انسان اسے ا س کے مقام ِ رفیع سے نیچے گرا رہا ہے۔ معاذ اللہ! پس تسبیح باری تعالیٰ کا مفہوم یہ ہوگا کہ اس بات کا اقرار و اعتراف کیا جائے کہ اللہ ہر عیب سے ‘ ہر نقص سے‘ ہر ضعف سے‘ ہر احتیاج سے منزہ و ماوراء اور اعلیٰ و ارفع ہے‘ گویا فی الجملہ ’’اللہ پاک ہے‘‘۔ واضح رہے کہ یہ معرفت ِ الٰہی کا سلبی پہلو ہے کہ ہم نے یہ جان لیا کہ اللہ میں کوئی نقص نہیں‘ کوئی عیب نہیں‘ اسے کوئی احتیاج نہیں۔ وہ ان سب سے منزہ اور پاک ہے۔ معرفتِ الٰہی کے مثبت پہلو کا بیان ’’ وَ لَہُ الۡحَمۡدُ‘‘ کے الفاظ میں آئے گا جو آگے آ رہے ہیں!
كُلٌّ فِى فَلَكٍ يَسْبَحُونَ
یہ تمام (اجرامِ سماویہ خلا میں) اپنے اپنے مدار میں تیر رہے ہیں
سَبَحَ‘ یَسْبَحُ
فعل لازم
کسی چیز کا تیرنا
سَبَّحَ یُسَبِّحُ
فعل متعدی
کسی شے کو ’’تیرانا‘‘ یا اسے اس کی سطح پر برقرار رکھنا
تسبیح
اس کا مصدر
کسی کو اس کی اصل سطح پر برقرار رکھنا
چنانچہ اللہ کی تسبیح یہ ہے کہ اس کا جو مقامِ بلند ہے‘ اس کی جو اعلیٰ و ارفع شان ہے‘ اسے اس پر برقرار رکھا جائے
معرفت ِ الٰہی
سلبی پہلو
ہر عیب سےہر نقص سےہر ضعف سےہر احتیاج سے
منزہ و ماوراء اور اعلیٰ و ارفع ہے
اللہ پاک ہے
مثبت پہلو
وَلَهُ ٱلْحَمْدُ
اب قابل غور امر یہ ہے کہ کائنات کی ہر شے کس معنی و مفہوم میں اللہ کی تسبیح کر رہی ہے! یہ بھی ہو سکتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہر چیز کو کوئی زبان دی ہو۔ جیسے کہ ہم جانتے ہیں کہ پرندوں کی بھی زبان ہے اور ان کی اپنی اپنی بولیاں ہیں۔ اسی طرح شجر و حجر میں بھی حس موجود ہے اورکوئی عجب نہیں کہ وہ بھی آپس میں مبادلۂ احساس کرتے ہوں۔ چیونٹی جیسی حقیر مخلوق کی گفتگو کاذکر سورۃ النمل میں موجود ہے: {قَالَتۡ نَمۡلَۃٌ یّٰۤاَیُّہَا النَّمۡلُ ادۡخُلُوۡا مَسٰکِنَکُمۡ ۚ } (آیت ۱۸) ’’ایک چیونٹی نے کہا کہ اے چیونٹیو! اپنے بلوں میں گھس جاؤ‘‘۔ لہذا یہ بات بعید از قیاس نہیں ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہر شے کو کوئی زبان عطا کی ہو‘ کیونکہ قرآن مجید میں ایک مقام پر یہ الفاظ بھی وارد ہوئے ہیں: {اَنۡطَقَنَا اللّٰہُ الَّذِیۡۤ اَنۡطَقَ کُلَّ شَیۡءٍ } (حٰم السجدۃ:۲۱) ’’(قیامت میں انسان کے اعضاء کہیں گے کہ) اُس اللہ نے ہمیں بھی گویائی عطا فرما دی ہے جس نے ہر شے کو گویائی بخشی‘‘۔ میدانِ حشر میں انسان کے اعضاء جب اس کے خلاف گواہی دیں گے تو انسان پکار اٹھے گا کہ تم ہمارے جسم کا حصہ ہوتے ہوئے ہمارے خلاف گواہی کیوں دے رہے ہو؟ تو وہ جواب میں مذکورہ بالا بات کہیں گے۔ لیکن ظاہر بات ہے کہ کائنات کی ہر شے جو تسبیح لسانی کررہی ہے وہ ہمارے فہم سے ماوراء ہے۔ چنانچہ سورۂ بنی اسراء یل میں ارشادفرمایا:
{تُسَبِّحُ لَہُ السَّمٰوٰتُ السَّبۡعُ وَ الۡاَرۡضُ وَ مَنۡ فِیۡہِنَّ ؕ وَ اِنۡ مِّنۡ شَیۡءٍ اِلَّا یُسَبِّحُ بِحَمۡدِہٖ وَ لٰکِنۡ لَّا تَفۡقَہُوۡنَ تَسۡبِیۡحَہُمۡ ؕ} (آیت۴۴)’’اُس (اللہ) کی تسبیح تو ساتوں آسمان اور زمین اور وہ ساری چیزیں کر رہی ہیں جو آسمانوں اور زمین میں ہیں۔اور کوئی شے ایسی نہیں ہے جو اُس کی تحمید کے ساتھ تسبیح نہ کر رہی ہو ‘لیکن تم ان کی تسبیح کو سمجھ نہیں سکتے‘‘۔
البتہ اس کائناتی اور آفاقی تسبیح کا ایک پہلو ایسا بھی ہے جو ہماری سمجھ میں آتا ہے جسے تسبیحِ حالی قرار دینا مناسب ہوگا۔ یعنی یہ کہ ہر شے اپنے وجود سے اعلان کر رہی ہے‘ گویا زبانِ حال سے اس بات کی گواہی دے رہی ہے کہ میرا خالق‘ میرا مالک‘ میرا صانع‘ میرا مصوّر‘ میرا موجد‘ اور میرا مدبّر ایک ایسی ہستی ٔ کامل ہے جس کے نہ علم میں کوئی کمی ہے‘ نہ قدرت میں کوئی کمی ہے اور نہ حکمت میں کوئی کمی ہے۔ آپ کو معلوم ہے کہ اگر کوئی تصویر نہایت اعلیٰ ہے‘ فن مصوری کا شہ پارہ ہے تو درحقیقت وہ تصویر اپنے وجود سے اپنے مصور کے کمالِ فن کو ظاہر کرتی ہے۔ تخلیق اگر کامل ہے تو اس سے اس کے خالق کا کمال ظاہر ہو رہا ہے۔ لہذا یہ کُل کائنات‘ یہ جملہ مصنوعات اور یہ تمام مخلوقات اللہ تعالیٰ کی صفتِ تخلیق کے حد درجہ اکمل و اَتم اور صفتِ ’’تصویر‘‘ یعنی صورت گری کے نہایت حسین و جمیل مظاہر ہیں۔ سورۃ الحشر کی آخری تین آیاتِ مبارکہ میں اللہ تعالیٰ کے سولہ اسمائے حسنیٰ آئے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے اسمائے حسنیٰ کا ایسا حسین اور اتنا عظیم گلدستہ کسی اور مقام پر نہیں آیا ہے۔ ان سولہ اسمائے حسنیٰ میں سے تین الخالق‘ الباری اور المصور ہیں۔ یعنی اللہ تخلیق کی منصوبہ بندی فرمانے والا ہے‘ اس کو خارج میں ظاہر فرمانے والا ہے‘ اور اس کی آخری صورت گری اور نقشہ کشی کرنے والا ہے۔ پس معلوم ہوا کہ کُل کائنات اور کُل موجودات کا الخالق‘ الباری اور المصور اللہ سبحانہ کی ذاتِ اقدس ہے۔ اور یہ تخلیق و تصویر کامل ہے جس کے بارے میں اللہ تعالیٰ نے سورۃ الملک میں چیلنج کے انداز میں ارشاد فرمایا:
{مَا تَرٰی فِیۡ خَلۡقِ الرَّحۡمٰنِ مِنۡ تَفٰوُتٍ ؕ فَارۡجِعِ الۡبَصَرَ ۙ ہَلۡ تَرٰی مِنۡ فُطُوۡرٍ ﴿۳﴾ثُمَّ ارۡجِعِ الۡبَصَرَ کَرَّتَیۡنِ یَنۡقَلِبۡ اِلَیۡکَ الۡبَصَرُ خَاسِئًا وَّ ہُوَ حَسِیۡرٌ ﴿۴﴾}
سورۃ 67 · آیات 3-4’’تم رحمن کی تخلیق میں کوئی نقص تلاش نہ کر سکو گے۔ ذرا (چاروں طرف) نظردوڑاؤ‘ کیا تمہیں کوئی رخنہ نظر آتا ہے؟ بار بار نگاہ دوڑاؤ‘ تمہاری نگاہ ناکام اورتھک ہار کر لوٹ آئے گی (اور تم ہماری اس تخلیق میں کوئی نقص و عیب نہ نکال سکوگے)۔‘‘
تو سوچو کہ عیب و نقص سے مبرا و منزہ کون ہے؟ وہ ہستی کہ جس نے ان سب کی تخلیق فرمائی اور جو اِس پوری کائنات کی خالق و مصور بھی ہے اور محافظ و مدبر بھی! الغرض یہ ہیں معانی و مفاہیم {یُسَبِّحُ لِلّٰہِ مَا فِی السَّمٰوٰتِ وَ مَا فِی الۡاَرۡضِ ۚ} کے!
لَہُ الْمُلکُ وَلَہُ الْحَمدُ کا مفہوم
اسی آیت مبارکہ میں آگے ارشاد فرمایا: {لَہُ الۡمُلۡکُ } ’’بادشاہی اُسی کی ہے‘‘۔ یعنی اس پوری کائنات کا حقیقی حکمران وہی ہے۔ بقول علامہ اقبال مرحوم : ؎
سروری زیبا فقط اُس ذاتِ بے ہمتا کو ہے
حکمراں ہے اِک وہی باقی بتانِ آزری!
وہ قانوناً (de jure) بھی اس پوری کائنات کا بلا شرکت ِ غیرے بادشاہ ہے۔ یعنی حکمرانی کا استحقاق بھی صرف اُسی کو حاصل ہے اور واقعتا (de facto) بھی بادشاہی اُسی کی ہے۔ یعنی فی الواقع بھی بادشاہِ حقیقی اور حاکمِ مطلق صرف اسی کی ذات ہے۔ گویا ’’لَـہٗ‘‘ میں حرفِ جار ’’لام‘‘ لامِ استحقاق کے معنی بھی دے رہا ہے اور لامِ تملیک کے بھی۔ اگر صحیح نہج پر غور کیا جائے تو اس لازمی نتیجے تک پہنچے بغیر چارہ نہیں ہے کہ اللہ تعالیٰ نے جن مخلوقات کو کچھ اختیار بخشا ہے‘ جیسے جِن و اِنس‘ ان کا اپنا پورا وجود بھی اللہ کے قانون میں جکڑا ہوا ہے۔ چنانچہ ہم اس بات پر قادر نہیں ہیں کہ اپنے جسم کے کسی حصے پر بالوں کی روئیدگی کو روک سکیں۔ ہمیں یہ اختیار حاصل نہیں ہے کہ جب چاہیں اپنے قلب کی حرکت کو روک دیں اور جب چاہیں اسے رواں کر دیں۔ اسی طرح ہم آنکھ سے سننے کا کام نہیں لے سکتے اور کان سے دیکھنے کا کام نہیں لے سکتے۔ معلوم ہوا کہ ہمارا اپنا وجود بھی ہمارے حکم کے تابع نہیں ہے‘ بلکہ اللہ تعالیٰ کے قوانینِ تکوینی و طبعی میں جکڑا ہوا ہے۔ گویا وہ بھی اسی بادشاہِ حقیقی کا حکم مان رہا ہے‘ جس کے لیے نہایت ایجاز و اعجاز کے ساتھ فرمایاگیا ہے : { لَہُ الۡمُلۡکُ } ’’حقیقی بادشاہی صرف اسی کی ہے‘‘۔ یہ دوسری بات ہے کہ اپنے وجود کے ایک نہایت محدود اور حقیر سے حصے میں اختیار اور ارادے کی اس آزادی پر‘ جو تمام تر اللہ ہی کی عطا کردہ ہے‘ ہم اتنے از خود رفتہ ہو جائیں کہ اردو ضرب المثل کے مطابق ہلدی کی گانٹھ پا کر پنساری بن بیٹھیں اور اپنے آپ کو کلیتاً خود مختار سمجھنے لگیں!
آگے ارشاد فرمایا: { لَہُ الۡمُلۡکُ } ’’اور کُل حمد بھی اُسی کے لیے ہے‘‘۔ لفظ ’’حمد‘‘ (جس کی تشریح اس سے قبل سورۃ الفاتحہ کے درس میں بیان ہو چکی ہے) مجموعہ ہے شکر و ثنادونوں کا۔ گویا کُل شکر اسی کے لیے ہے اور کُل ثنا بھی اُسی کے لیے ہے۔ اس لیے کہ اس پورے سلسلۂ کون و مکاں میں جہاں کہیں کوئی خیر و خوبی‘ کوئی حسن و جمال اور کوئی مظہرِ کمال نظر آ رہا ہے اس کا سرچشمہ و منبع اللہ تعالیٰ ہی کی ذاتِ والا صفات ہے۔ لہذا تعریف کا حقیقی مستوجب و سزاوار اور مالک و مستحق بھی صرف وہی ہے۔ اسی طرح چونکہ ہمیں جو کچھ بھی حاصل ہو رہا ہے اور ہماری جو ضرورت بھی پوری ہو رہی ہے وہ چاہے بہت ہی طویل سلسلۂ اسباب کے تعلق و توسط سے ہو رہی ہو‘ لیکن اصل مسبّب الاسباب تو بہرحال اللہ تعالیٰ ہی ہے‘ لہذا شکر کی حقیقی مستحق بھی صرف اُسی کی ذات ہے۔
اللہ تعالیٰ کی قدرتِ کاملہ کا تصور
آگے ارشاد فرمایا: {وَ ہُوَ عَلٰی کُلِّ شَیۡءٍ قَدِیۡرٌ ﴿۱﴾} ’’اور وہ ہر چیز پر قادر ہے‘‘۔ اُس کے قبضۂ قدرت اور اختیار و اقتدار سے کوئی چیز باہر نہیں ہے! یہاں پہلی آیت ختم ہوئی۔ اس سے قبل ایک درس میں عرض کیا جا چکا ہے کہ معرفت ِ الٰہی کے ضمن میں جہاں تک ذاتِ باری تعالیٰ کا تعلق ہے تو وہ ہمارے فہم و ادراک ہی نہیں ہماری قوتِ متخیلہ سے بھی وراء الوراء ثم وراء الوراء ہے۔ چنانچہ ہمارا اللہ تعالیٰ کو جاننا اور پہچاننا کُل کا کُل اس کی صفات کے حوالے سے ہے‘ اور ان کے ضمن میں بھی ہمارے فہم وشعور کا دائرہ بہت ہی محدود ہے۔ یعنی ہم یہ تو جانتے ہیں کہ اللہ سمیع ہے‘ بصیر ہے اور کلام فرماتا ہے‘ لیکن یہ نہیں جان سکتے کہ وہ کیسے سنتا ہے‘ کیسے دیکھتا ہے اور کیسے کلام کرتا ہے۔ اسی طرح ہم یہ تو جانتے ہیں کہ وہ علیم ہے‘ قدیر ہے اور حکیم ہے‘ لیکن ہم اس کا کوئی تصور تک نہیں کرسکتے کہ وہ کتنا علیم ہے‘ کتنا قدیر ہے اور کس قدر حکیم ہے۔ گویا صفاتِ باری تعالیٰ کے یہ مختلف پہلو بھی ہمارے ذہن و شعور اور فہم و ادراک سے ماوراء ہیں‘ اور ہمارے ذہن کے چھوٹے سے سانچے میں‘ جو نہایت محدود ہے‘ اللہ تبارک و تعالیٰ کی صفاتِ مطلقہ اپنی پوری شان کے ساتھ سما ہی نہیں سکتیں۔ لہذا ہمارے لیے واحد پناہ گاہ ایک لفظ ’’کُل‘‘ ہے۔ جیسے { وَ ہُوَ عَلٰی کُلِّ شَیۡءٍ قَدِیۡرٌ } (وہ ہر چیز پر قادر ہے) جس پریہ پہلی آیت ِ مبارکہ ختم ہو رہی ہے ‘ اور {وَ ہُوَ بِکُلِّ شَیۡءٍ عَلِیۡمٌ } (اور وہ ہر چیز کا علم رکھتا ہے) جس پر اس سورۂ مبارکہ کا پہلا رکوع ختم ہوتا ہے! ہر صاحب ِ ذوق اندازہ کر سکتا ہے کہ ان دونوں مقامات پر اصل زور لفظ ’’کُلّ‘‘ پر ہے۔
ایمان و کفر کی بحث
دوسری آیت کے آغاز میں فرمایا: {ہُوَ الَّذِیۡ خَلَقَکُمۡ } ’’وہ (اللہ) ہی ہے جس نے تم سب کو پیدا فرمایا‘‘۔گویا پہلی آیت ایک پُر جلال تمہید کی حیثیت رکھتی ہے جس کے بعد ایمان اور کفر کی بحث شروع ہو رہی ہے‘ جس کے لیے نہایت فصیح و بلیغ اور حد درجہ لطیف پیرایۂ بیان اختیار فرمایا کہ ذرا غور کرو کہ اللہ تعالیٰ ہی کی ذاتِ والا صفات ہے جو تم سب کی خالق ہے۔ گوروں کو بھی اُسی نے پیدا کیا اور کالوں کوبھی ‘ مشرق کے رہنے والوں کو بھی اور مغرب کے رہنے والوں کو بھی تو پھر کتنی حیرت کی بات ہے کہ : {فَمِنۡکُمۡ کَافِرٌ وَّ مِنۡکُمۡ مُّؤۡمِنٌ ؕ } ’’تو تم میں سے کوئی کافر ہے اور کوئی مؤمن!‘‘ حالانکہ اُس نے ارادے اور اختیار کی جو تھوڑی سی آزادی تمہیں عطا فرمائی ہے وہ اصلاً ابتلاء و آزمائش اور امتحان کے لیے ہے۔ جیسا کہ سورۃ الملک میں ارشاد ہوا: {الَّذِیۡ خَلَقَ الۡمَوۡتَ وَ الۡحَیٰوۃَ لِیَبۡلُوَکُمۡ اَیُّکُمۡ اَحۡسَنُ عَمَلًا ؕ } (آیت ۲) ’’(اللہ ہی ہے) جس نے موت و حیات (کے سلسلے) کو پیدا فرمایا تا کہ تم لوگوں کو آزمائے کہ کون ہے تم میں سے بہتر عمل کرنے والا‘‘۔ یہی بات سورۃ الدھر میں اس اسلوب سے ارشاد ہوئی : {اِنَّا ہَدَیۡنٰہُ السَّبِیۡلَ اِمَّا شَاکِرًا وَّ اِمَّا کَفُوۡرًا ﴿۳﴾} ’’یقینا ہم نے اس (انسان) کو (ہدایت کا) راستہ دکھا دیا‘ اب وہ (مختار ہے) خواہ شکر گزار بندہ بنے‘ خواہ ناشکرااورانکار کرنے والا بن جائے!‘‘ اسی اختیار کا ظہور اس طرح ہو رہا ہے کہ کچھ لوگ اللہ کا کفر کرنے والے ہیں اور کچھ لوگ اس کو ماننے والے ہیں‘ لیکن ظاہر بات ہے کہ انسان کا رویہ اور اس کی روش بے نتیجہ نہیں رہے گی‘ بلکہ اس کا بھلا یا برا نتیجہ نکل کر رہے گا۔ لہذا اس آیت کے اختتام پر انسان کو مطلع اور خبردار کر دیا گیا کہ: {وَ اللّٰہُ بِمَا تَعۡمَلُوۡنَ بَصِیۡرٌ ﴿۲﴾} ’’اور جو کچھ تم کر رہے ہو اسے اللہ تعالیٰ دیکھ رہا ہے‘‘۔ اس ارشاد میں بیک وقت ایک دھمکی بھی مضمر ہے اور ایک بشارت بھی۔ یعنی جو لوگ اس کے منکر‘باغی اور سرکش ہوں گے‘ گویا ناشکرے ہوں گے ‘اور جو اس کے ساتھ شرک کریں گے ان کو وہ سزا دے گا۔ یہ ان الفاظِ مبارکہ کا دھمکی والا پہلو ہے۔ اور بشارت والا پہلو یہ ہے کہ جو اس کے شکرگزار ہوں گے‘ اس کے مطیع و فرماں بردار ہوں گے اور اس کی معرفت سے اپنے قلوب و اذہان کو منور کریں گے ان کو وہ انعام و اکرام سے نوازے گا۔ اس لیے کہ وہ سب کچھ دیکھ رہا ہے اور سب کی روش سے آگاہ ہے!
کائنات اور انسان کی بامقصد تخلیق
اگلی آیت میں ارشاد فرمایا: {خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضَ بِالۡحَقِّ} ’’اُس نے آسمانوں اور زمین کو حق کے ساتھ پیدا فرمایا‘‘۔ یعنی اللہ نے یہ ساتوں آسمان اور یہ زمین جو پیدا فرمائے ہیں تو بے کار و بے مقصد اور بلا غرض و غایت پیدا نہیں فرمائے‘ بلکہ ’’بالحق‘‘ پیدا فرمائے ہیں ‘یعنی ایک مقصد کے ساتھ ان کی تخلیق فرمائی ہے۔ ’’حق‘‘ عربی زبان کا بڑا وسیع المفہوم لفظ ہے۔ اس کا اصل مفہوم ہے ’’وہ چیز جو فی الواقع موجود ہو‘‘۔باطل کا لفظ حق کی ضد ہے‘ چنانچہ باطل اصلاً اس کو کہتے ہیں کہ جو نظر تو آئے‘ محسوس و مشہود تو ہو‘ لیکن حقیقتاً موجود نہ ہو‘ جیسے سراب۔ لیکن حق کے اس مفہومِ اصلی پر چند مفاہیم زائدہیں۔ مثلاً حق ہر وہ چیز ہے جو عقلاً مسلّم ہو‘ اس کے مقابلہ میں باطل وہ چیز ہے جو عقلاً مسلّم نہ ہو۔ اسی طرح حق ہر وہ شے ہے جو اخلاقاً ثابت ہو اور اس کے مقابلہ میں باطل وہ ہے جو اخلاقاً ثابت نہ ہو۔ مزید برآں حق ہر وہ چیز ہے جو بامقصد ہو‘ جس کے پیچھے کوئی حکمت کار فرما ہو اور اس کے مقابلہ میں باطل و عبث ہر وہ فعل ہے جوبے مقصدہواورجس کی پشت پر کوئی حکمت نہ ہو۔ اس آیت میں لفظ ’’حق‘‘ اسی آخری مفہوم میں استعمال ہوا ہے اور کلام کا حاصل اور مدعا یہ ہے کہ اللہ نے یہ کائنات بے مقصد اور بغیر حکمت کے گویا باطل اور عبث نہیں بنائی۔ یہ مضمون سورۂ آل عمران کے آخری رکوع میں بھی بایں الفاظ آ چکا ہے: {رَبَّنَا مَا خَلَقۡتَ ہٰذَا بَاطِلًا ۚ } (آیت ۱۹۱) ’’اے ربّ ہمارے! تو نے یہ سب کچھ باطل و بے مقصد نہیں بنایا!‘‘
کائنات کی عمومی تخلیق کے ذکر کے بعد خاص طور پر تخلیقِ انسانی کا ذکر فرمایاگیا: {وَ صَوَّرَکُمۡ فَاَحۡسَنَ صُوَرَکُمۡ ۚ } ’’اور (اس نے) تمہاری نقشہ کشی کی اور تمہاری بہت ہی اچھی نقشہ کشی اور صورت گری فرمائی‘‘۔ یعنی ذرا اپنی عظمت کو پہچانو‘ تم اس کُل سلسلۂ تخلیق کا نقطۂ عروج ہو‘ اللہ نے تمہیں اشرف المخلوقات بنایا اور تمہیں کیسی کیسی عمدہ و اعلیٰ اور ظاہری و باطنی استعدادات سے نوازا۔ اس نے تمہاری تخلیق ’’فِیۡۤ اَحۡسَنِ تَقۡوِیۡمٍ ۫‘‘ یعنی ’’نہایت اعلیٰ اور بہترین انداز‘‘ پر کی۔ پھر تمہاری صورت گری کی اور ناک نقشہ عطا فرمایا اور کیاہی عمدہ شکل و صورت سے نوازا۔ تو کیا یہ سب کچھ بے کار اور بے مقصد ہے؟ اورکیا ’’نشستند‘ گفتند و برخاستند‘‘کے مانند تمہارا اس دنیا میں پیدا ہونا اور حیوانوں کی طرح پیٹ اور جنس کے تقاضے پورے کرکے مر جانا ہی تمہاری کُل حقیقت ہے؟ نہیں‘ ایسا نہیں ہے‘ بلکہ: {وَ اِلَیۡہِ الۡمَصِیۡرُ ﴿۳﴾} ’’اور اسی کی طرف (سب کو ) لوٹنا ہے‘‘۔اور ظاہر ہے کہ لوٹنا جواب دہی کے لیے ہوگا۔ وہاں تمہارا محاسبہ ہوگا۔ تم محض حیوان نہیں ہو‘ تمہارا مرتبہ و مقام بہت بلند ہے‘ تم اشرف المخلوقات ہو۔لہذا ؏
’’جن کے رتبے ہیں سوا اُن کی سوا مشکل ہے!‘‘
کے مصداق تمہاری ذمہ داری بھی بہت زیادہ ہے اور تمہیں لازماً جواب دہی کرنی ہوگی۔ یہاں آپ نے دیکھا کہ مضمون تدریجاً ایمان باللہ سے ایمان بالآخرۃ کی طرف منتقل ہو گیا۔ قرآن حکیم میں اس مضمون کی دوسری نہایت حسین نظیر سورۃ المؤمنون کے آخر میں ہے کہ: {اَفَحَسِبۡتُمۡ اَنَّمَا خَلَقۡنٰکُمۡ عَبَثًا وَّ اَنَّکُمۡ اِلَیۡنَا لَا تُرۡجَعُوۡنَ ﴿۱۱۵﴾} ’’کیا تم نے یہ گمان کیا ہے کہ ہم نے تمہیں عبث پیدا کیا ہے اور تم ہماری طر ف لوٹائے نہ جاؤ گے؟‘‘
صفت ِ علم کے تین اَبعاد
چوتھی آیت میں اللہ تعالیٰ کی صفاتِ کمال کے ضمن میں صفتِ علم کا ذکر ہے۔ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ کی جن دو صفات پر سب سے زیادہ زور دیا گیا ہے وہ صفت ِ قدرت اور صفت ِ علم ہیں۔ چنانچہ {وَ ہُوَ عَلٰی کُلِّ شَیۡءٍ قَدِیۡرٌ ﴿۱﴾} اور {وَ ہُوَ بِکُلِّ شَیۡءٍ عَلِیۡمٌ } کے الفاظ قرآن حکیم میں بتکرار و اعادہ وارد ہوئے ہیں۔ ان میں سے صفت ِ علم کے بیان میں سورۃ التغابن کی یہ چوتھی آیت اس اعتبار سے بڑی منفرد ہے کہ اس میں اللہ تعالیٰ کی صفتِ علم کو تین مختلف اسالیب سے بیان کیا گیا ہے‘ یا یوں کہہ لیجیے کہ ہماری تفہیم کے لیے اس مقام پر اللہ کے علم کے تین اَبعاد (dimensions) کو نمایاں کیا گیا ہے۔ چنانچہ ارشاد فرمایا: {یَعۡلَمُ مَا فِی السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضِ} ’’وہ جانتا ہے جو کچھ آسمانوں اور زمین میں ہے‘‘۔ اب آپ غور کیجیے کہ بات مکمل ہو گئی‘ اس لیے کہ ’’ آسمانوں اور زمین‘‘ سے مراد کُل کائنات ہے اور اس کے علم میں ہر شے کا علم شامل ہے‘ لیکن اس پر مزید اضافہ فرمایا: {وَ یَعۡلَمُ مَا تُسِرُّوۡنَ وَ مَا تُعۡلِنُوۡنَ ؕ } ’’اور وہ جانتا ہے جو کچھ تم چھپاتے ہو (یا چھپا کر کرتے ہو) اور جو کچھ تم ظاہر کرتے ہو (یا اعلانیہ کرتے ہو)‘‘۔یہ ایک دوسرے رُخ سے اللہ کے احاطۂ علمی کا بیان ہو گیا۔ لیکن پھر مزید تاکید اور زور کے لیے فرمایا: {وَ اللّٰہُ عَلِیۡمٌۢ بِذَاتِ الصُّدُوۡرِ ﴿۴﴾} ’’اور اللہ تعالیٰ دلوں کا حال تک جانتا ہے‘‘۔ جو کچھ تمہارے سینوں میں مخفی ہے اور تمہارے تحت الشعور میں مضمر ہے وہ سب بھی اللہ تعالیٰ پر عیاں ہے اور اللہ اس کا بھی جاننے والا ہے۔ ان الفاظِ مبارکہ میں اللہ کے احاطۂ علمی کے ایک تیسرے عرض کی جانب اشارہ ہے‘ اس لیے کہ بعض چیزیں تو وہ ہوتی ہیں جنہیں انسان جان بوجھ کر گویا شعوری ارادے کے ساتھ چھپاتا ہے‘ ان کا ذکر تو آیت کے دوسرے حصے میں ہو گیا۔ اور بعض چیزیں وہ ہیں جو انسان کے تحت الشعور میں مؤثر اور محرک عوامل کی حیثیت سے کارفرما ہوتی ہیں‘ اگرچہ انسان کو خود اُن کا شعور نہیں ہوتا۔ آیت کے تیسرے اور آخری حصے میں ان کا بھی احاطہ کر لیا گیا کہ تمہارے وہ اصل محرکاتِ عمل جن کا خود تمہیں شعور حاصل نہیں ہوتا‘ اللہ ان سے بھی باخبرہے‘ اور یہ سب اصلاً شرح ہے {وَ ہُوَ بِکُلِّ شَیۡءٍ عَلِیۡمٌ } کی!اس چوتھی آیت پر اللہ تعالیٰ کی توحید اور صفات ِ کمال کا بیان ختم ہوتا ہے۔
يَعْلَمُ مَا فِى ٱلسَّمَـٰوَٰتِ وَٱلْأَرْضِ
وہ جانتا ہے جو کچھ آسمانوں اور زمین میں ہے
وَيَعْلَمُ مَا تُسِرُّونَ وَمَا تُعْلِنُونَ
اور وہ جانتا ہے جو کچھ تم چھپاتے ہو (یا چھپا کر کرتے ہو) اور جو کچھ تم ظاہر کرتے ہو
وَٱللَّهُ عَلِيمٌۢ بِذَاتِ ٱلصُّدُورِ
اور اللہ تعالیٰ دلوں کا حال تک جانتا ہے
تمہارے وہ اصل محرکاتِ عمل جن کا خود تمہیں شعور حاصل نہیں ہوتا
آغازِ درس میں اس سورۂ مبارکہ کا ایک تجزیہ پیش کیا جا چکا ہے کہ اس کی پہلی سات آیات میں ایمانیات ِ ثلاثہ یعنی ایمان باللہ ‘ ایمان بالرسالت اور ایمان بالآخرت کا ذکر ہے اور اس کے بعد تین آیات میں ایمان کی پُر زور دعوت ہے۔ پہلے رکوع کی ان دس آیات میں سے چار آیات کا ہم مطالعہ کر چکے ہیں‘اور اب ہم بقیہ چھ آیات کا مطالعہ کرتے ہیں۔ لہذا پہلے ہم ان کا سلیس و رواں ترجمہ ذہن نشین کر لیں:
{اَلَمۡ یَاۡتِکُمۡ نَبَؤُا الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡا مِنۡ قَبۡلُ ۫ فَذَاقُوۡا وَبَالَ اَمۡرِہِمۡ وَ لَہُمۡ عَذَابٌ اَلِیۡمٌ ﴿۵﴾ذٰلِکَ بِاَنَّہٗ کَانَتۡ تَّاۡتِیۡہِمۡ رُسُلُہُمۡ بِالۡبَیِّنٰتِ فَقَالُوۡۤا اَبَشَرٌ یَّہۡدُوۡنَنَا ۫ فَکَفَرُوۡا وَ تَوَلَّوۡا وَّ اسۡتَغۡنَی اللّٰہُ ؕ وَ اللّٰہُ غَنِیٌّ حَمِیۡدٌ ﴿۶﴾زَعَمَ الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡۤا اَنۡ لَّنۡ یُّبۡعَثُوۡا ؕ قُلۡ بَلٰی وَ رَبِّیۡ لَتُبۡعَثُنَّ ثُمَّ لَتُنَبَّؤُنَّ بِمَا عَمِلۡتُمۡ ؕ وَ ذٰلِکَ عَلَی اللّٰہِ یَسِیۡرٌ ﴿۷﴾فَاٰمِنُوۡا بِاللّٰہِ وَ رَسُوۡلِہٖ وَ النُّوۡرِ الَّذِیۡۤ اَنۡزَلۡنَا ؕ وَ اللّٰہُ بِمَا تَعۡمَلُوۡنَ خَبِیۡرٌ ﴿۸﴾یَوۡمَ یَجۡمَعُکُمۡ لِیَوۡمِ الۡجَمۡعِ ذٰلِکَ یَوۡمُ التَّغَابُنِ ؕ وَ مَنۡ یُّؤۡمِنۡۢ بِاللّٰہِ وَ یَعۡمَلۡ صَالِحًا یُّکَفِّرۡ عَنۡہُ سَیِّاٰتِہٖ وَ یُدۡخِلۡہُ جَنّٰتٍ تَجۡرِیۡ مِنۡ تَحۡتِہَا الۡاَنۡہٰرُ خٰلِدِیۡنَ فِیۡہَاۤ اَبَدًا ؕ ذٰلِکَ الۡفَوۡزُ الۡعَظِیۡمُ ﴿۹﴾وَ الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡا وَ کَذَّبُوۡا بِاٰیٰتِنَاۤ اُولٰٓئِکَ اَصۡحٰبُ النَّارِ خٰلِدِیۡنَ فِیۡہَا ؕ وَ بِئۡسَ الۡمَصِیۡرُ ﴿٪۱۰﴾}
سورۃ 64 · آیات 5-10’’کیا نہیں پہنچ چکی ہے تمہیں خبر ان لوگوں کی جنہوں نے کفر کی روش اختیار کی تھی (تم سے ) پہلے؟ تو وہ چکھ چکے اپنے کیے کی سزا اور ان کے لیے (آخرت کا) دردناک عذاب (مزید) ہے۔ یہ اس لیے ہوا کہ ان کے پاس ان کے رسول واضح اور روشن تعلیمات کے ساتھ آتے رہے تو انہوں نے کہا کہ کیا انسان ہمیں ہدایت دیں گے؟پس انہوں نے کفر کیا اور پیٹھ موڑ لی تو اللہ نے بھی استغناء اختیار فرمایا‘ اور اللہ تو ہے ہی غنی اور (اپنی ذات میں از خود) محمود۔ کافروں کو یہ مغالطہ لاحق ہو گیا ہے کہ انہیں (موت کے بعد) اٹھایا نہ جائے گا۔ (اے نبیﷺ!) کہہ دیجیے: کیوں نہیں! اور مجھے میرے ربّ کی قسم ہے کہ تمہیں لازماًاٹھایا جائے گا ‘پھر تم کو جتلایا جائے گا جو کچھ تم کرتے رہے تھے۔ اور یہ چیز اللہ پر بہت آسان ہے۔ پس ایمان لاؤ اللہ پر اور اس کے رسولؐ پر اور اُس نور پر جو ہم نے نازل فرمایا (یعنی قرآن مجید)۔ اور جو کچھ تم کر رہے ہو اللہ اس سے باخبر ہے۔ جس دن وہ تم کو جمع کرے گا جمع ہونے کے دن (یعنی قیامت کے دن) وہ ہوگا (اصل) ہار اور جیت کے فیصلے کا دن۔ اور جو ایمان لائے گا اللہ پر اورنیک عمل کرے گا تو وہ اس سے اس کی برائیوں کو دور کر دے گا اور اسے داخل کرے گا ان باغات میں جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی‘ وہ اس میں رہیں گے ہمیشہ ہمیش۔ یہی ہے بہت بڑی کامیابی۔ اور وہ لوگ جنہوں نے کفر کیا ہوگا اور ہماری آیات کو جھٹلایا ہوگا وہ ہوں گے آگ والے‘ وہ اس میں ہمیشہ رہیں گے۔ اور وہ بہت ہی برا ٹھکانہ ہے‘‘۔
آیاتِ مبارکہ اور ان کے ترجمہ سے یہ بات سامنے آجاتی ہے کہ یہاں اوّلاً ایمان بالرسالت اور ایمان بالآخرت کا بیان نہایت ہی مؤثر اسلوب اور حد درجہ فصاحت و بلاغت سے ہوا ہے۔ اس اندازِ کلام کے اعجاز سے ہر وہ شخص لطف لے سکتا ہے جو عربی زبان کی تھوڑی سی بھی شُدبُد رکھتا ہو۔
دو آیات میں ایمان بالرسالت کا بیان
پہلے ایمان بالرسالت کے ضمن میں یہ عظیم حقیقت واضح کی جا رہی ہے کہ رسولوں کا معاملہ عام واعظین ‘ناصحین ‘ مصلحین یا مبلغین کا سا نہیں ہے کہ چاہے لوگ ان کی بات مانیں چاہے نہ مانیں کوئی اہم فرق واقع نہیں ہوتا۔ اس کے برعکس رسول تو اللہ تعالیٰ کی طرف سے آخری حجت بن کر آتے ہیں۔ لہذا ان کے انکار‘ ان سے اعراض اور ان کی تکذیب کے دو نتیجے نکل کر رہتے ہیں اور ان کا انکار کرنے والوں کو دو سزائیں مل کر رہتی ہیں۔ ایک اس دنیا میں عذابِ استیصال جس کے ذریعے پوری پوری قومیں ہلاک و برباد کر دی گئیں‘ جیسے قومِ نوحؑ‘ قومِ ہودؑ‘ قومِ صالح ؑ‘ قومِ لوطؑ‘قومِ شعیب ؑ اور آلِ فرعون۔ ان قوموں کا ذکر قرآن مجید میں بار بار اسی اعتبار سے آیا ہے کہ ان کے پاس اللہ کے رسول ایسی واضح تعلیمات کے ساتھ آئے جو فطرتِ انسانی کے لیے جانی پہچانی تھیں۔مزید برآں یہ رسول کھلے کھلے معجزات بھی لے کر آئے۔ ’’بیّنات‘‘ میں دونوں چیزیں یعنی واضح تعلیمات اور روشن معجزات شامل ہیں۔ لیکن جب ان قوموں نے ان رسولوں کا انکار کیا اور ان کی دعوت کو ردّ کر دیا تو وہ نسیاً منسیّاکر دی گئیں۔ جیسے کہ قرآن مجید میں ایک دوسرے مقام پر ارشاد فرمایا گیا کہ: {کَاَنۡ لَّمۡ یَغۡنَوۡا فِیۡہَا ؕ} (ھُود:۶۸و۹۵) ’’وہ قومیں ایسے ہو گئیں جیسے کبھی دنیا میں تھیں ہی نہیں‘‘۔ یہ وہ سزا ہے جو رسولوں کے انکار پر اس دنیا میں ملتی ہے۔ اس کے علاوہ ابھی ایک دوسری سزا باقی ہے اور وہ ہے آخرت کی سزا ‘ یعنی جہنم! یہ مختصر سی تشریح و توضیح ہے اس آیت مبارکہ کی:
{اَلَمۡ یَاۡتِکُمۡ نَبَؤُا الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡا مِنۡ قَبۡلُ ۫ فَذَاقُوۡا وَبَالَ اَمۡرِہِمۡ وَ لَہُمۡ عَذَابٌ اَلِیۡمٌ ﴿۵﴾}
سورۃ 64 · آیت 5’’کیا نہیں پہنچ چکی ہے تمہیں خبر ان کی جنہوں نے کفر کیا تھا پہلے؟ تو وہ اپنے کرتوتوں کی سزا کا ایک مزا (اس دنیا میں) چکھ چکے‘ اور ان کے لیے (آخرت میں دوسری سزا کے طور پر) دردناک عذاب تیار ہے‘‘۔
اس جگہ ’’استفہامِ تقریری‘‘ کا اسلوب اس لیے اختیار کیا گیا کہ سورۃ التغابن مدنی سورت ہے۔ گویا قرآن مجید کا لگ بھگ دو تہائی حصہ جو مکی سورتوں پر مشتمل ہے‘ اس سے بہت پہلے نازل ہو چکا تھا جس میں ان اقوام کاذکر بارہا آ چکا تھا جو رسولوں کی دعوت کو ردّ کرنے کے جرم کی پاداش میں ہلاک کر دی گئی تھیں۔
رسالت کے ضمن میں اگلی آیت میں جو دوسری نہایت اہم بات بیان ہوئی وہ یہ ہے کہ رسولوں کے باب میں لوگوں نے جو سب سے بڑی ٹھوکر کھائی اور ان کو ماننے اور ان پر ایمان لانے میں جو سب سے بڑی رکاوٹ ان کے سامنے آ گئی وہ ان رسولوں کی بشریت تھی۔ ظاہر ہے کہ رسول انسان تھے‘ انسانوں کی طرح کھاتے پیتے تھے۔ وہ نبوت و رسالت پر فائز ہونے سے قبل دنیا میں کاروبار کرتے تھے‘ بازاروں میں چلتے پھرتے تھے ‘ ان کو بھی وہ احتیاجیں لاحق ہوتی تھیں جو دوسرے تمام انسانوں کو لاحق ہوتی ہیں۔ جیسے خود نبی اکرم ﷺ نے مکہ میں چالیس برس کی عمر شریف تک کاروبار کیا ہے۔ چنانچہمشرکین مکہ نبی اکرمﷺ پر اجرائے وحی اور ظہورِ نبوت کے بعد اسی نوع کے اعتراضات وارد کیا کرتے تھے جن کا قرآن مجید میں مختلف اسالیب سے متعدد مقامات پر ذکر ہوا ہے۔ مثلاً سورۃ الفرقان میں اللہ تعالیٰ نے مشرکین مکہ کا یہ قول نقل فرمایا ہے: {وَ قَالُوۡا مَالِ ہٰذَا الرَّسُوۡلِ یَاۡکُلُ الطَّعَامَ وَ یَمۡشِیۡ فِی الۡاَسۡوَاقِ ؕ} (الفرقان:۷) ’’اور (یہ مشرکین) کہنے لگے کہ اس رسول کی کیا کیفیت ہے کہ کھانا کھاتا ہے اور بازاروں میں چلتا پھرتا ہے؟‘‘ لہذا ہمیشہ یہی ہوا کہ رسولوں کی بشریت ان پر ایمان لانے میں بہت بڑی رکاوٹ بنتی رہی کہ یہ تو ہم جیسے انسان ہیں‘ ہماری ہی طرح کے ہاتھ پاؤں ان کے بھی ہیں اور ہماری ہی طرح کی ضروریات و حوائج ان کو بھی لاحق ہیں‘ پھر یہ کیسے ہماری ہدایت پر مأمور ہو سکتے ہیں؟ چنانچہ یہ ہے وہ سب سے بڑی ٹھوکر جو لوگوں نے نبوت و رسالت کے باب میں کھائی اور یہ ہے وہ سب سے بڑا حجاب جو رسالت کے باب میں لوگوں کے سامنے آیا‘ جسے کفر کے سرداروں اور وقت کے بڑے بڑے چودھریوں نے جن کی سیادت و قیادت کو رسول کی دعوتِ توحید سے خطرہ لاحق ہوتا تھا‘ لوگوں کو ورغلانے کا ذریعہ بنایا۔ انہوں نے لوگوں سے کہا کہ تم اپنے ہی جیسے انسان کو رسول مان کر ان کا اتباع کرو گے تو بڑے گھاٹے میں رہو گے۔ چنانچہ انہوں نے خود بھی رسولوں کی تصدیق سے انکار کیا اور عامۃ الناس کو بھی اس سے باز رکھا اسی حقیقت کا ذکر ہے اگلی آیت مبارکہ میں کہ رسولوں کی دعوت سے انکار کا ایک اہم سبب ان کا انسان ہونا بھی رہا ہے۔ ارشاد ہوتا ہے:
{ذٰلِکَ بِاَنَّہٗ کَانَتۡ تَّاۡتِیۡہِمۡ رُسُلُہُمۡ بِالۡبَیِّنٰتِ فَقَالُوۡۤا اَبَشَرٌ یَّہۡدُوۡنَنَا ۫ فَکَفَرُوۡا وَ تَوَلَّوۡا وَّ اسۡتَغۡنَی اللّٰہُ ؕ وَ اللّٰہُ غَنِیٌّ حَمِیۡدٌ ﴿۶﴾}
سورۃ 64 · آیت 6’’یہ اس لیے ہوا کہ ان کے پاس ان کے رسول واضح اور روشن تعلیمات اور معجزات کے ساتھ آتے رہے تو انہوں نے کہا کہ کیا بشر ہمیں ہدایت دیں گے؟ پس انہوں نے کفر کیا اور پیٹھ موڑ لی تو اللہ نے بھی استغناء اختیار فرمایا‘ اور اللہ تو ہے ہی غنی اور (اپنی ذات میں از خود) محمود (اور ستودہ صفات)‘‘۔
یہاں آیت کے آخری الفاظ میں سمجھانے کا بڑا ہی پیارا انداز ہے۔ یعنی اللہبے نیاز ہے‘ اس کو کسی کی احتیاج نہیں۔ کوئی اسے مان لے تو اس کی بادشاہی میں کوئی اضافہ نہیں ہوتا اورکوئی انکار کر دے تو اس کی جلالت ِ شان میں کوئی کمی واقع نہیں ہوتی۔ یہ تو اس کا کرم ‘اس کا فضل اور اس کی عنایت و رحمت ہے کہ اس نے انسانوں کی ہدایت کے لیے ان ہی میں سے رسول مبعوث فرمائے‘ جنہیں اپنی ہدایت ِ کاملہ سے سرفراز فرمایا اور جن پر اپنی کتاب نازل کی۔ اب اگر کوئی ناقدری کرے اور انکار و اعراض کی روش اختیار کرے تو اس سے اللہ کا کچھ نہیں بگڑتا‘ اس لیے کہ ان سے اللہ کی کوئی غرض وابستہ نہیں ہے۔ البتہ اس کا فوری نقصان اور خسارہ ان ناشکروں اور نافرمانوں کو یہ ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنی نظر ِ عنایت اور نگاہِ التفات کا رُخ ان کی جانب سے پھیر لیتا ہے اور اپنی شانِ بے نیازی کا اظہار فرماتاہے۔ اور ظاہر ہے کہ یہ بے نیازی کا جامہ تو صرف اسی کی ذات پر راست آتا ہے‘ اس لیے کہ وہ ’’الغنی‘‘ بھی ہے اور ’’الحمید‘‘ بھی!
رسالت کے ضمن میں ایک گمراہی کے دو مختلف مظاہر
یہاں یہ بات بھی غور طلب ہے کہ رسالت کے باب میں ایک گمراہی کا ظہور تو اس طرح ہوتا ہے کہ لوگ رسول کی رسالت کو اس دلیل سے ردّ کر دیتے ہیں کہ یہ تو ہمارے ہی جیسا انسان ہے۔ گویا رسول کی بشریت قبولِ حق میں مانع ہو جاتی ہے‘ جس کا مفصل ذکر اس آیت میں آ گیا ۔ لیکن یہ معاملہ یہیں پر ختم نہیں ہو جاتا ‘بلکہ اسی مرض کا ظہور رسولوں کی اُمتوں میں بعد میں ایک دوسری شکل میں ہوتا ہے اور وہ یہ کہ بہت سے لوگ محبت اور عقیدت کے غلو کے باعث نبیوں اور رسولوں کی بشریت کا انکار کر دیتے ہیں۔ گویا بنیادی طور پر مرض وہی ہے کہ بشریت اور نبوت و رسالت میں لوگوں نے بُعد اور تضاد محسوس کیا اور اس سبب سے ایک جانب منکروں اور کافروں نے رسول کی بشریت کی بنیاد پر اس کی رسالت کی نفی کر دی اور اس کی دعوت کو قبول کرنے سے انکار کر دیا‘ اور دوسری جانب غالی اُمتیوں نے رسولوں کی رسالت کی بنیاد پراُن کی بشریت کا انکار کر دیا‘ یہاں تک کہ بعض انبیاء و رُسل کو خدا کا بیٹا قرار دے کر الوہیت میں شریک کر دیا گیا۔ جیسے یہود کے ایک گروہ نے حضرت عزیرعلیہ السلام کو خدا کا بیٹا قرار دیا ‘اور پال کےمتبعین نے تو حد ہی کر دی کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو خدا کا صُلبی بیٹا قرار دے کر مستقل تثلیث ایجاد کر لی۔ گویا ذہنی مرض اور گمراہی ایک ہی ہے‘ البتہ اس کے ظہور کی شکلیں مختلف ہیں۔ یعنی رسولوں کی موجودگی میں بشریت کی بنیاد پر رسالت کا انکار اور بعد میں رسالت کی بنیاد پر بشریت کا انکار!
رسولوں کی موجودگی میں
منکروں اور کافروں
بشریت کی بنیاد پررسالت کا انکار
فَقَالُوٓا۟ أَبَشَرٌ يَهْدُونَنَا
تو انہوں نے کہا کہ کیا بشر ہمیں ہدایت دیں گے؟
بعد میں
غالی اُمتیوں
رسالت کی بنیاد پربشریت کا انکار
محبت اور عقیدت کے غلو کے باعث
وقوعِ قیامت کا پُر زور اثبات
اس کے بعد ایمان بالآخرۃ یا ایمان بالمعاد کابیان شروع ہوتا ہے‘ اور ساتویں آیت اسی مضمون پر مشتمل ہے۔ ایمان بالآخرۃ کی عقلی اور منطقی اساس تو ایمان باللہ کے ضمن میں تیسری آیت کے آخر ہی میں ’’وَاِلَـیْہِ الْمَصِیْرُ‘‘ کے الفاظِ مبارکہ میں قائم کر دی گئی تھی۔ اب یہاں بڑی فصاحت و بلاغت اور بڑے شدّو مد کے ساتھ ایک آیت میں اس کے انکار کی پُر زور نفی اور اس کے وقوع کا نہایت تاکیدی اثبات کردیا گیا ۔ چنانچہ ارشاد ہوتا ہے: {زَعَمَ الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡۤا اَنۡ لَّنۡ یُّبۡعَثُوۡا ؕ} ’’مغالطہ ہو گیا ہے اِن کافروں کو کہ ان کو دوبارہ اٹھایا نہ جائے گا‘‘۔ زعم کا لفظ اردو میں بھی بے بنیاد خیال کے معنوںمیں مستعمل ہے۔ جیسے ہم کہتے ہیں کہ فلاں کو بڑا زعم ہے‘ یعنی اسے اپنے بارے میں مغالطہ ہے اور وہ اپنے آپ کو بہت کچھ سمجھتا ہے‘ درآنحالیکہ اس کی اصل حیثیت کچھ نہیں ہے اور وہ محض ایک خیالِ خام اور ایک بے بنیاد ظن میں مبتلا ہے۔ کفار اسی زعم اور خیالِ خام میں مبتلا تھے کہ مرنے کے بعد اُن کو دوبارہ اٹھایانہ جائے گا۔ قرآن مجید میں کفار کے اس اعتراض اور استعجاب کو بہت سے مقامات پر مختلف الفاظ میں بیان کیا گیا ہے‘ اور خاص طور پر مکی سورتوں میں ان کے اس خیالِ خام کی نفی اور بعث بعدالموت کے اثبات کے لیے آفاق و انفس سے مفصل دلائل دیے گئے ہیں۔ یہاں ان دلائل و براہین کے اعادے کے بجائے نبی اکرمﷺ کو حکم دیا جا رہا ہے کہ: {قُلۡ بَلٰی وَ رَبِّیۡ لَتُبۡعَثُنَّ ثُمَّ لَتُنَبَّؤُنَّ بِمَا عَمِلۡتُمۡ ؕ } ’’(اے نبیؐ!) کہہ دیجیے کیوں نہیں‘ اور مجھے اپنے ربّ کی قسم ہے‘ تم لازماً اٹھائے جاؤ گے‘ پھر تم نے (دنیا میں) جو کچھ کیا ہے وہ لازماً تمہیں جتلا دیا جائے گا (تمہارے سامنے رکھ دیا جائے گا)‘‘۔ اس اسلوب میں جو زور اور تاکید ہے اس کاصحیحاندازہ وہی لگا سکتے ہیں جو عربی زبان سے تھوڑی بہت واقفیت رکھتے ہوں۔ عربی زبان میں اس سے زیادہ تاکید کا کوئی اور اسلوب نہیں ہے کہ فعل مضارع سے پہلے لامِ مفتوح اور آخر میں نونِ مشدّد ہو۔ یہاں تاکید کا یہی اسلوب آیا ہے۔
اس آیت کے آخر میں ارشاد فرمایا: {وَ ذٰلِکَ عَلَی اللّٰہِ یَسِیۡرٌ ﴿۷﴾} ’’اور یہ چیز اللہ پر بہت آسان ہے‘‘۔ یعنی بظاہر تمہیں بہت مشکل معلوم ہو رہا ہے‘ لیکن جب اللہ کو مان لیا جائے اور یہ بھی تسلیم کر لیا جائے کہ وہ ہر چیز پر قادر ہے تو اس استعجاب کی گنجائش کہاں باقی رہتی ہے؟ جس قادرِ مطلق نے پہلے پیدا کیا تھا اس کے لیے دوبارہ پیدا کرنا بہت آسان ہے۔
جیسے کہ پہلے عرض کیا جا چکا ہے‘ اس آیت مبارکہ میں کوئی عقلی استدلال یا منطقی دلیل موجود نہیں ہے ‘بلکہ یہاں دراصل خطابی اور اذعانی دلیل کا اسلوب ہے۔ یعنی نبی اکرمﷺ سے فرمایا جا رہا ہے کہ آپؐ پورے یقین و و ثوق کے ساتھ اللہ کی قسم کھا کر اور اپنے ربّ کی شہادت پیش کرتے ہوئے ان منکرین سے کہہ دیجیے کہ ایسا لازماً ہو کر رہے گا اور تم لازماً محاسبہ کے لیے دوبارہ اٹھائے جاؤگے۔ زیادہ گہرائی میں غور کیا جائے تو نظر آتا ہے کہ یہاں دراصل نبی اکرمﷺ کی سیرت و شخصیت کا وزن بطورِ دلیل پیش کیا جا رہا ہے کہ غور کرو کہ یہ کون کہہ رہا ہے اور کس کی زبانِ مبارک سے یہ کلمات ادا کرائے جا رہے ہیں ! اس کی سیرت اوراخلاق کا عالم کیا ہے! اس کی صداقت و امانت کے بارے میں تمہاری متفقہ رائے کیا ہے! وہ ’’الصادق‘‘ اور ’’الامین‘‘ شخص ہے جو قسم کھا کر بعث بعد الموت کی خبر دے رہا ہے اور پورے یقین اور اذعان کے ساتھ دے رہا ہے۔ یعنی وہ فلسفیوں کی طرح یہ نہیں کہہ رہا کہ میر اگمان یہ ہے‘ یا میراخیال یہ ہے‘ یا میری عقل یہ حکم لگاتی ہے‘ یا مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے‘ بلکہ پورے وثوق کے ساتھ خبر دے رہا ہے کہ ایسا ہو کر رہے گا۔ گویا یہ فلسفیانہ کلام نہیں ہے کہ جس میں کسی شک و شبہ کا امکان ہو‘ بلکہ اللہ کاکلام ہے جو رسول اللہ ﷺ کی زبان سے ادا ہو رہا ہے۔ لہذا اس میں شبہ کا ذرا بھی شائبہ موجود نہیں!مزید برآں رسولوں کا معاملہ محض ’’ایمان بالغیب‘‘ کا نہیں ہوتا‘ بلکہ انہیں حیاتِ دُنیوی ہی میں ’’مَلَکُوۡتَ السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضِ ‘‘ یہاں تک کہ جنت اور دوزخ کا مشاہدہ کرا دیا جاتا ہے تا کہ وہ لوگوں کو احوالِ آخرت کی جوخبریں دیں تو اپنے ذاتی مشاہدہ اور معائنہ کی اساس پر اور کامل یقین و اذعان کے ساتھ دیں۔ پس معلوم ہوا کہ یہاں اگرچہ کوئی عقلی و منطقی دلیل موجود نہیں ہے ‘لیکن اس اسلوبِ بیان اور اندازِ کلام میں ایک بڑی عظیم اذعانی و ایقانی دلیل مضمر ہے جس میں اصل وزن جناب محمدٌ رسول اللہﷺ کی سورج کے مانند روشن سیرت و شخصیت کا ہے۔ چنانچہ سیرت کی کتابوں میں ذکر موجود ہے کہ نبی اکرمﷺ نے جب کوہِ صفا پر کھڑے ہو کر اپنا پہلا دعوتی و تبلیغی خطبہ ارشاد فرمایا تو پہلے لوگوں سے دریافت کیا کہ تم نے مجھے کیسا پایا؟ گویا پہلے ان سے اپنی اس صداقت‘ امانت اور دیانت کی تصدیق و توثیق کرا لی جسے وہ بہت پہلے سے تسلیم کر چکے تھے‘ بعد میں دعوت پیش فرمائی۔ اس کا مقصد یہ تھا کہ مخاطبین یہ سوچیں کہ جس شخص نے کبھی جھوٹ نہ بولا ہو‘ جس کا شعار ہی صداقت و امانت ہو‘ جس نے کبھی کسی کو دھوکہ اور فریب نہ دیا ہو‘ کیا وہ اللہ پر جھوٹ باندھنے لگ جائے گا! کیا وہ پوری نوعِ انسانی کو فریب دینے پر آمادہ ہو جائے گا! پس حضورنبی اکرمﷺ کی یہی سیرت و کردار اور آپﷺ کا یہی اخلاقِ حسنہ سورۃ التغابن کی ساتویں آیت کے پس منظر میں بطورِ دلیل پنہاں ہے۔
نبی اکرمﷺ کی دعوت کے ابتدائی دَور کا ایک خطبہ بھی ملتا ہے جسے ’’نہج البلاغہ‘‘ میں نقل کیا گیا ہے اور جس میں بالکل وہی انداز‘ وہی اسلوب‘ فصاحت و بلاغت کا وہی معیار اور خطابت کی وہی شان ہے جو اِس آیت ِ مبارکہ کا طرۂ امتیاز ہے۔ نبی اکرمﷺ خود بھی اس کے مدعی ہیں کہ:
((اَنَا اَفْصَحُ الْعَرَبِ))
’’میں عرب کا فصیح ترین انسان ہوں‘‘۔ اور واقعہ یہ ہے کہ آپﷺ کا یہ خطبہ اس دعویٰ کی بہت بڑی دلیل ہے۔ ارشادفرمایا:
((اِنَّ الرَّائِدَ لَا یَکْذِبُ اَھْلَـہٗ ‘ وَاللہِ لَوْ کَذَبْتُ النَّاسَ جَمِیْعاً مَا کَذَبْتُـکُمْ‘ وَلَوْ غَرَرْتُ النَّاسَ جَمِیْعاً مَا غَرَرْتُـکُمْ‘ وَاللہِ الَّذِیْ لَا اِلٰـہَ اِلاَّ ھُوَ اِنِّیْ لَرَسُوْلُ اللہِ اِلَـیْـکُمْ خَاصَّۃً وَاِلَی النَّاسِ کَافَّـۃً‘ وَاللہِ لَتَمُوْتُنَّ کَمَا تَنَامُوْنَ‘ ثُمَّ لَتُبْعَثُنَّ کَمَا تَسْتَیْقِظُوْنَ‘ ثُمَّ لَتُحَاسَبُنَّ بِمَا تَعْمَلُوْنَ‘ ثُمَّ لَتُجْزَوُنَّ بِالْاِحْسَانِ اِحْسَانًا وَبِالسُّوْءِ سُوْءً‘ وَاِنَّھَا لَجَنَّــۃٌ اَبَداً اَوْ لَنَارٌ اَبَداً))
’’لوگو! تم جانتے ہو کہ رائد (قافلہ کا رہبر و رہنما) اپنے قافلے کو کبھی دھوکہ نہیں دیتا۔ اللہ کی قسم! اگر (بفرضِ محال) میں تمام انسانوں سے جھوٹ کہہ سکتا تب بھی تم سے کبھی نہ کہتا‘ اور اگر تمام انسانوں کو فریب دے سکتا تب بھی تمہیں کبھی نہ دیتا۔ اس اللہ کی قسم جس کے سوا کوئی الٰہ نہیں! میں اللہ کا رسول ہوں تمہاری طرف خصوصاً اور پوری نوعِ انسانی کی طرف عموماً اللہ کی قسم! تم سب یقینا مر جاؤ گے جیسے (روزانہ) سو جاتے ہو‘ پھر یقینا اٹھائے جاؤگے جیسے (ہر صبح) بیدار ہو جاتے ہو۔ پھر لازماً تمہارے اعمال کا حساب کتاب ہوگا اور پھر لازماً تمہیں پور اپورا بدلہ ملے گا‘ اچھائی کا اچھا اور برائی کا برا‘ اور وہ جنت ہے ہمیشہ کے لیے یاآگ ہے دائمی‘‘۔
وَاللہِاللہ کی قسم
لَتَمُوْتُنَّ کَمَا تَنَامُوْنَ
تم سب یقینا مر جاؤ گے
جیسے (روزانہ) سو جاتے ہو
ثُمَّ لَتُبْعَثُنَّ کَمَا تَسْتَیْقِظُوْنَ
پھر یقینا اٹھائے جاؤگے
جیسے (ہر صبح) بیدار ہو جاتے ہو
ثُمَّ لَتُحَاسَبُنَّ بِمَا تَعْمَلُوْنَ
پھر لازماً تمہارے اعمال کا حساب کتاب ہوگا
ثُمَّ لَتُجْزَوُنَّ بِالْاِحْسَانِ اِحْسَانًا وَبِالسُّوْءِ سُوْءً
پھر لازماً تمہیں پور اپورا بدلہ ملے گا
اچھائی کا اچھا اور برائی کا برا
وَاِنَّھَا لَجَنَّــۃٌ اَبَداً اَوْ لَنَارٌ اَبَداً
وہ جنت ہے ہمیشہ کے لیے
یاآگ ہے دائمی
اب تک کے مطالعے پر ایک نگاہِ بازگشت ڈالنے سے معلوم ہوتا ہے کہ سات آیات میں ایمانیات ِ ثلاثہ یعنی توحید‘ رسالت اور آخرت کا بیان ہو گیا۔ چنانچہ توحید اور صفات ِ باری تعالیٰ کے ضمن میں چار آیات‘ رسالت کے موضوع پر دو آیات‘ اور آخرت یا معاد کے بارے میں ایک آیت وارد ہوئی۔ ان ایمانیات ِ ثلاثہ بالخصوص ایمان بالآخرت کی مزید تشریح ایک خطبہ ٔ نبویؐ سے بھی ہمارے سامنے آگئی۔ اب اگلی یعنی آٹھویں آیت سے ایمان کی پُر زور دعوت دی جا رہی ہے۔ ارشاد ہوتا ہے: {فَاٰمِنُوۡا بِاللّٰہِ وَ رَسُوۡلِہٖ وَ النُّوۡرِ الَّذِیۡۤ اَنۡزَلۡنَا ؕ} ’’پس ایمان لاؤ اللہ پر اور اس کے رسول(ﷺ) پر اور اس نور پر جو ہم نے نازل کیا (یعنی قرآن مجید)‘‘ ان الفاظ میں اوّلاً اللہ پر ایمان کی دعوت دی گئی اور پھر ایمان بالرسولؐ کے ساتھ اس نورِ ہدایت پر ایمان کو بھی شامل کر لیا گیا جو وحی اور کتاب کی صورت میں رسولؐ پر نازل کیا گیا۔ اور چونکہ بعد کی دو آیات (۹ اور ۱۰) میں ایمان بالآخرت کی زوردار دعوت آ رہی ہے لہذا آیت ۸ کے اختتام پر ایک بار پھر اللہ کی صفت ِ علم کا حوالہ دے دیا گیا کہ: {وَ اللّٰہُ بِمَا تَعۡمَلُوۡنَ خَبِیۡرٌ ﴿۸﴾} ’’اور جوکچھ تم کر رہے ہو اللہ اس سے باخبر ہے!‘‘ یعنی وہ تمہاری ہر ہر حرکت‘ ہر ہر عمل اورہرہرفعل ہی نہیں‘ تمہاری نیتوں اور ارادوں سے بھی باخبر ہے‘ یہاں تک کہ تمہارے تحت الشعور اور لاشعور بھی اس پر بالکل عیاں ہیں!
ہار اورجیت کے فیصلے کا دن
اگلی دو آیات (۹‘۱۰) میں پھر ایمان بالآخرت کا بیان ہے۔ اس سے قبل آیت۷ میں بھی ایمان بالآخرت کے اوّلین اور اہم ترین جزو یعنی بعث بعد الموت کا اثبات نہایت پُر زور انداز میں ہو گیا ہے۔ اب ان دو آیات میں اوّلاً آخرت کی اصل حقیقت اجمالاً بیان کی گئی ‘ یعنی قیامت کا دن ہی ہار اور جیت اور کامیابی و ناکامی کے اصل فیصلے کا دن ہے۔ جو اُس دن کامیاب قرار پائے گا وہی حقیقتاً کامیاب ہوگا اور جو اُس روز ناکام قرار دے دیا گیا وہی اصلاً ناکام ہو گیا۔ گویا جو اُس دن جیتا وہی جیتا اور جو اُس دن ہارا وہی ہارا! چنانچہ ارشاد ہوتا ہے: {یَوۡمَ یَجۡمَعُکُمۡ لِیَوۡمِ الۡجَمۡعِ ذٰلِکَ یَوۡمُ التَّغَابُنِ ؕ } ’’وہ دن کہ جس دن وہ (اللہ) تمہیں جمع کرے گا جمع ہونے کے دن (یعنی یوم قیامت) ‘وہی ہے ہار اور جیت کے فیصلے کا اصل دن‘‘ ’’تغابن‘‘ بنا ہے لفظ ’’غبن‘‘ سے۔ غبن کا لفظ ہمارے یہاں اردو میں بھی مستعمل ہے‘ یعنی کسی کو نقصان پہنچانا‘ کسی کا مال دبا لینا‘ مالک کی اجازت اور اس کے علم میں لائے بغیر اس کے مال میں تصرف کر لینا‘ یہ تمام مفاہیم لفظ غبن میں شامل ہیں۔ لیکن جب یہ لفظ باب تفاعل میں ’’تغابن‘‘ کی صورت اختیار کرتا ہے تو اس میں مزید بہت سے معانی و مطالب شامل ہو جاتے ہیں۔ ’’تغابن‘‘ کا لفظ اس کیفیت کو ظاہر کرتا ہے جو اِس دنیا کے جملہ معاملات میں معلوم و معروف ہے۔ یعنی یہ کہ اس دنیا میں جو باہمی معاملات ہوتے ہیں ان میں ہر فریق چاہتا ہے کہ وہ دوسرے سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائے یا بالفاظِ دیگر دوسرے کو زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچائے۔ دکان دار چاہے گا کہ گاہک سے زیادہ سے زیادہ منافع حاصل کرے‘ جبکہ خریدار کی خواہش ہوگی کہ اسے داموں میں زیادہ سے زیادہ رعایت حاصلہو۔ اسی طرح کاروبارِ دنیا کے ہر شعبے میں ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی ایک دوڑ لگی ہوئی ہے۔ پس ایک دوسرے کو زیادہ سے زیادہ زک پہنچانے کی کوشش کا نام ہے ’’تغابن‘‘۔
اس تغابن کا ایک ظہور تو دُنیوی معاملات میں ہر آن ہو رہا ہے کہ کسی کی جیت ہو رہی ہے اور کسی کی ہار‘ اور کسی کو نفع حاصل ہو رہا ہے اور کسی کو نقصان۔ لیکن اس دنیا کی ہار جیت بھی عارضی ہے اور نفع نقصان بھی عارضی ہے۔ ہار جیت کے فیصلے کا اصل دن یومِ قیامت ہے‘ اس لیے کہ اس دن کی جیت بھی ابدی ہوگی اور ہار بھی دائمی ہوگی ‘اور نفع بھی مستقل ہوگا اور نقصان بھی دائمی ہوگا۔ اس کے لیے یہاں فرمایاگیا: {ذٰلِکَ یَوۡمُ التَّغَابُنِ ؕ } کہ اصل میں تو وہاں جا کر کھلے گا کہ کون کیا تھا اور کس کی حقیقت کیا تھی! اور کون بامراد ہوا اور کون نامراد! اور ہار کس کی ہوئی اور جیت کس کی! رہی اس دنیا کی ہار جیت اور کامیابی و ناکامی‘ تو یہ سب عارضی اور فانی ہیں۔ اصل تختۂ واصل باقی ‘یعنی اصل بیلنس شیٹ تو قیامت کے روز سامنے آئے گی!
آگے اسی ہار جیت اور کامیابی و ناکامی کی تفصیل بیان ہوئی ہے:
{وَ مَنۡ یُّؤۡمِنۡۢ بِاللّٰہِ وَ یَعۡمَلۡ صَالِحًا یُّکَفِّرۡ عَنۡہُ سَیِّاٰتِہٖ وَ یُدۡخِلۡہُ جَنّٰتٍ تَجۡرِیۡ مِنۡ تَحۡتِہَا الۡاَنۡہٰرُ خٰلِدِیۡنَ فِیۡہَاۤ اَبَدًا ؕ ذٰلِکَ الۡفَوۡزُ الۡعَظِیۡمُ ﴿۹﴾}
سورۃ 64 · آیت 9’’اور جو اللہ پر ایمان رکھے گا اور عمل کرے گا بھلے اور درست اللہ اس سے اس کی برائیوں کو دور فرما دے گا اور داخل کرے گا اسے ان باغات میں جن کے دامن میں ندیاں بہتی ہوں گی‘ جن میں وہ ہمیشہ ہمیش رہیں گے۔ یہی ہے بڑی اور اصل کامیابی‘‘۔
یہ جیت کی شرح ہو گئی‘ یعنی جنت میں داخلہ اور ہمیشہ کا خلود! گویا یہ ہے مستقل ‘ واقعی اور حقیقی جیت! اس کے برعکس ہار کیا ہے؟ اسے آیت ۱۰ میں واضح فرما دیا گیا:
{وَ الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡا وَ کَذَّبُوۡا بِاٰیٰتِنَاۤ اُولٰٓئِکَ اَصۡحٰبُ النَّارِ خٰلِدِیۡنَ فِیۡہَا ؕ وَ بِئۡسَ الۡمَصِیۡرُ ﴿٪۱۰﴾}
سورۃ 64 · آیت 10’’اور جن لوگوں نے انکار کیا اور ہماری آیات کو جھٹلایا وہ آگ والے ہیں‘ جس میں وہ ہمیشہ رہیں گے ‘ اور وہ بہت ہی برا ٹھکانہ ہے‘‘۔اس موقع پر ایک اور ضروری بات بھی سمجھ لینی چاہیے۔ وہ یہ کہ قرآن مجید میں جہاں کفر اور تکذیب دونوں جرائم کا ذکر ساتھ ساتھ ہوتا ہے وہاں کفر اس کیفیت کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی معرفت کی جو شہادتیں انسان کی اپنی فطرت اور اس کے اپنے باطن میں مضمر ہیں‘ انسان ان کو دبا دے‘ چھپا دے اور انہیں بروئے کار نہ آنے دے۔ اور تکذیب اس کے اوپر دہرا جرم ہے کہ جب رسول آئے‘ کتاب اتری‘ اور نورِ وحی نے حق کو بالکل روشن اور مبرہن کر دیا تو اس نے اسے جھٹلا دیا۔ اس طرح دو جرم جمع ہو گئے۔ گویا کفر اور تکذیب بالکل ہم معنیٰ نہیں ہیں‘ بلکہ سورۃ النور کی آیت ۴۰ میں وارد الفاظ {ظُلُمٰتٌۢ بَعۡضُہَا فَوۡقَ بَعۡضٍ ؕ } کے مصداق ظلم پر مزید ظلم اور ایک جرم پر دوسرے جرم کے اضافے کے مترادف ہیں۔
غبن
کسی کو نقصان پہنچانا
باب تفاعل
تغابن
ایک دوسرے کو زیادہ سے زیادہ زک پہنچانے کی کوشش کا نام ہے
دکان دار چاہے گا کہ گاہک سے زیادہ سے زیادہ منافع حاصل کرے
جبکہ خریدار کی خواہش ہوگی کہ اسے داموں میں زیادہ سے زیادہ رعایت حاصلہو
عارضی
اس دنیا کی ہار جیت بھی عارضی ہے اور نفع نقصان بھی عارضی ہے
ہار جیت کے فیصلے کا اصل دن یومِ قیامت ہے
جیت بھی ابدی
ذَٰلِكَ ٱلْفَوْزُ ٱلْعَظِيمُ
جنت میں داخلہ اور ہمیشہ کا خلود
ہار بھی دائمی
وَبِئْسَ ٱلْمَصِيرُ
وہ آگ والے ہیں‘ جس میں وہ ہمیشہ رہیں گے
خلاصۂ مباحث
سورۃ التغابن کے پہلے رکوع کی مختصر تشریح و توضیح ختم ہوئی۔ اس رکوع میں سب سے پہلے اللہ کی ہستی‘ اس کی توحید اور اس کی صفاتِ کمال پر آیاتِ آفاقی کی شہادت کو اس پیرائے میں بیان کیا گیا ہے کہ آسمانوں اور زمین میں جو کچھ ہے اللہ کی تسبیح کر رہا ہے۔ اور پھر اس کی جلالت ِ شان اور اس کی بعض صفاتِ کمال خصوصاً ’’قدرت‘‘ اور ’’علم ‘‘ کابیان ہوا۔ پھر رسالت کے ذیل میں رسولوں کی تکذیب کرنے والی قوموں کے عذابِ الٰہی سے ہلاک ہونے کا بیان بھی آ گیا اور رسالت کے باب میں ان کی اصل گمراہی کی نشاندہی بھی کر دی گئی کہ انہوں نے بشریت اور نبوت و رسالت کو ایک دوسرے کی ضد خیال کیا۔ اس کے بعد منکرینِ بعث بعد الموت کی شدت کے ساتھ تردید اور بعث بعد الموت‘ حشر و نشر اور جزاو سزا کا بیان اور اس حقیقت کی وضاحت ہوئی کہ اصل ہار جیت اور کامیابی و ناکامی کا فیصلہ قیامت کے دن ہوگا۔ ساتھ ہی اللہ تعالیٰ اُس کے رسولﷺ اور قرآن مجید پر ایمان کی پُر زو ر دعوت بھی آ گئی۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو حقیقی ایمان نصیب فرمائے ‘ ہمارے قلوب و اذہان کو ایمان کے حقیقی نور سے منور فرمائے اور ہمیں آخرت کی فوز و فلاح سے بہرہ ور فرمائے۔ آمین یا ربّ العالمین!گزشتہ صفحات میں سورۃ التغابن کے پہلے رکوع کا مطالعہ مکمل ہو چکا ہے۔ چنانچہ اس رکوع کی کُل دس آیتوں میں سے پہلی سات آیات میں ایمانیات ِ ثلاثہ یعنی توحید‘ معاد اور رسالت کا بیان بھی ہو چکا ہے اور بقیہ تین آیات میں ایمان کی نہایت مؤثر اور زوردار دعوت بھی آ چکی ہے۔ اس رکوع کے مضامین کی تقسیم و ترتیب کے ضمن میں ایک نہایت حسین توازن ہمارے سامنے آتا ہے‘ اور وہ یہ کہ جہاں ایمان کے بیان میں چار آیات توحید کے لیے وقف ہیں اور رسالت اور معاد دونوں کوتین آیات میں سمو لیا گیا ہے‘ وہاں دعوتِ ایمان کے ضمن میں توحید و رسالت پر ایمان کی دعوت صرف ایک آیت میں آ گئی ہے‘ جبکہ ایمان بالآخرت کے لیے نہ صرف یہ کہ دو نہایت عظیم اور پُر جلال آیات کلیتاً وقف ہیں بلکہ اس کا ذکر ضمنی طور پر توحید و رسالت پر ایمان کی دعوت والی آیت کے اختتام پر بھی موجود ہے اور اس کا سبب وہی ہے جس کی جانب اس سے قبل بھی اشارہ کیا جا چکا ہے‘ یعنی یہ کہ اگرچہ علمی اور نظری اعتبار سے اصل ایمان‘ ایمان باللہ ہے‘ لیکن عملی اعتبار سے سب سے زیادہ مؤثر ایمان‘ ایمان بالآخرت ہے۔ اس عکسی ترتیب کاایک اضافی فائدہ یہ ہوا کہ چونکہ دوسرے رکوع میں ایمان کے عملی تقاضوں کا بیان آ رہا ہے‘ لہذا پہلے رکوع کے اختتام پر ایمان بالآخرت کی نہایت مؤثر تاکید اس کے لیے حد درجہ مناسب تمہید بن گئی!
توحیدرسالتمعاد
جہاں ایمان کے بیان میں
چار آیات توحید کے لیے وقف ہیں
رسالت اور معاد دونوں کوتین آیات میں سمو لیا گیا ہے
وہاں دعوتِ ایمان کے ضمن میں
توحید و رسالت پر ایمان کی دعوت صرف ایک آیت میں آ گئی ہےوَٱللَّهُ بِمَا تَعْمَلُونَ خَبِيرٌ
ایمان بالآخرت کے لیے نہ صرف یہ کہ دو نہایت عظیم اور پُر جلال آیات کلیتاً وقف ہیں
بلکہ اس کا ذکر ضمنی طور پر توحید و رسالت پر ایمان کی دعوت والی آیت کے اختتام پر بھی موجود ہے
ایمان کے پانچ بنیادی لوازم
اب ہم اللہ کے نام سے دوسرے رکوع کا مطالعہ شروع کرتے ہیں۔ یہ رکوع آٹھ آیات پر مشتمل ہے‘ جن میں سے پہلی پانچ آیات میں ایمان کے پانچ بنیادی نتائج کا ذکر ہے اور بقیہ تین آیات میں ان عملی تقاضوں کو بالفعل ادا کرنے کی تاکیدی دعوت ہے۔ لہٰذا پہلے ہم ابتدائی پانچ آیات کا مطالعہ کرتے ہیں‘ جن کا متن اور سلیس و رواں ترجمہ حسب ِ ذیل ہے:{مَاۤ اَصَابَ مِنۡ مُّصِیۡبَۃٍ اِلَّا بِاِذۡنِ اللّٰہِ ؕ وَ مَنۡ یُّؤۡمِنۡۢ بِاللّٰہِ یَہۡدِ قَلۡبَہٗ ؕ وَ اللّٰہُ بِکُلِّ شَیۡءٍ عَلِیۡمٌ ﴿۱۱﴾وَ اَطِیۡعُوا اللّٰہَ وَ اَطِیۡعُوا الرَّسُوۡلَ ۚ فَاِنۡ تَوَلَّیۡتُمۡ فَاِنَّمَا عَلٰی رَسُوۡلِنَا الۡبَلٰغُ الۡمُبِیۡنُ ﴿۱۲﴾اَللّٰہُ لَاۤ اِلٰہَ اِلَّا ہُوَ ؕ وَ عَلَی اللّٰہِ فَلۡیَتَوَکَّلِ الۡمُؤۡمِنُوۡنَ ﴿۱۳﴾یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡۤا اِنَّ مِنۡ اَزۡوَاجِکُمۡ وَ اَوۡلَادِکُمۡ عَدُوًّا لَّکُمۡ فَاحۡذَرُوۡہُمۡ ۚ وَ اِنۡ تَعۡفُوۡا وَ تَصۡفَحُوۡا وَ تَغۡفِرُوۡا فَاِنَّ اللّٰہَ غَفُوۡرٌ رَّحِیۡمٌ ﴿۱۴﴾اِنَّمَاۤ اَمۡوَالُکُمۡ وَ اَوۡلَادُکُمۡ فِتۡنَۃٌ ؕ وَ اللّٰہُ عِنۡدَہٗۤ اَجۡرٌ عَظِیۡمٌ ﴿۱۵﴾} ’’نہیں نازل ہوتی کوئی مصیبت مگر اللہ کی اجازت سے۔اور جو کوئی اللہ پر ایمان رکھتا ہے اللہ اس کے دل کوہدایت دیتا ہے۔ اور اللہ ہر چیز کا علم رکھنے والاہے۔ اور اطاعت کرو اللہ کی اور اطاعت کرو (اس کے) رسول(ﷺ) کی۔ پھر اگر تم نے روگردانی کی تو (جان رکھو کہ) یقینا ہمارے رسول پر تو صرف صاف صاف پہنچا دینے کی ذمہ داری ہے۔ اللہ وہ ہستی ہے جس کے سواکوئی معبود نہیں ہے‘ پس اہل ایمان کو صرف اللہ پر بھروسہ کرنا چاہیے۔ اے اہل ایمان! یقیناتمہاری بیویوں اور تمہاری اولاد میں سے بعض تمہارے دشمن ہیں‘ پس ان سے بچ کر رہو‘ اور اگر تم معاف کر دیا کرو اور چشم پوشی سے کام لواور بخش دیا کرو تو بے شک اللہ بھی بخشنے والا رحم فرمانے والا ہے۔ بلاشبہ تمہارے مال اورتمہاری اولاد (تمہارے حق میں) فتنہ ہیں‘ اور اللہ ہی ہے جس کے پاس بڑا اجرہے‘‘۔
جیسا کہ اس سے قبل عرض کیا جا چکا ہے ‘اس سورۂ مبارکہ کے دوسرے رکوع میں جو آیات ہیں ان میں نہایت جامعیت کے ساتھ ایمان کے مقتضیات و متضمنات ‘ مضمرات و مقدرات اور ثمرات و نتائج کا ذکر ہے۔ گویا ان مضمرات کو کھولا گیا ہے جو ’’ایمان‘‘ میں بالکل اسی طرح مخفی ہیں جیسے آم کی گٹھلی میں آم کا پورا درخت بِالقُوّہ (in potential) موجود ہوتا ہے‘ اس لیے کہ ’’ایمان‘‘ ایک خاص ما بعد الطبیعیاتی فکر کا عنوان ہے جس سے انسان کا ایک خاص زاویۂ نظر بننا چاہیے اور انسان کے اندازِ فکر میں ایک مخصوص تبدیلی پیدا ہونی چاہیے‘ اور زاویۂ نگاہ اور طرزِ فکر کی اس تبدیلی کے نتیجے میں اس کی پوری زندگی میں ایک انقلاب آ جانا چاہیے۔ اگر یہ انقلاب بالفعل رونما نہیں ہوتاتو اس کا صاف مطلب یہ ہوگا کہ ابھی ایمان کا اقرار صرف نوکِ زبان تک محدود ہے اور اس نے انسان کی فکر میں جڑیں نہیں پکڑیں۔ اس بات کو اس مثال سے نہایت آسانی کے ساتھ سمجھا جا سکتا ہے کہ ایک تو ایسا ٹُنڈ منڈ درخت ہوتا ہے جس میں نہ پتے ہوتے ہیں‘ نہ پھول نہ پھل۔ اور ایک ایسا سرسبز و شاداب اور بار آور اور مثمر درخت ہوتا ہے جس میں خوبصورت پتے بھی ہیں اور حسین و دلفریب پھول یا میٹھے اور فرحت بخش پھل بھی۔ تو معاذ اللہ‘ ایمانِ حقیقی کسی ٹُنڈ منڈ درخت کے مانند نہیں ہوتا‘ بلکہ ایک سر سبز و شاداب اور مثمر و بار آور درخت کے مشابہ ہوتا ہے۔ چنانچہ جب ایمان اِقْرَارٌ بِاللِّسَانِ سے آگے بڑھ کر تَصْدِیْقٌ بِالْقَلْبِ کی صورت اختیار کرتا ہے اور دل میں راسخ ہو جاتا ہے‘ گویا جب انسان کا باطن نورِ ایمان سے منور ہو جاتا ہے تو اس کے اثرات اور اس کے ثمرات و نتائج انسانی شخصیت میں لازماً ظاہر ہوتے ہیں۔
اس بات کو یوں کہہ لیجیے کہ اگر کوئی شخص سلیم الفطرت ہے‘ گویا اس کے قلب کی زمین صالح ہے‘ تو جب اس میں ایمان کا بیج جمتا اور پھوٹتا اور نشوونما پاتا ہے تو وہ رفتہ رفتہ ایک تناور درخت کی شکل اختیار کر لیتا ہے۔ اس درخت میں خوبصورت پتے بھی لگتے ہیں اور حسین و جمیل پھول بھی‘ جو وقت آنے پر خوش ذائقہ اور رسیلے پھلوں کی صورت اختیار کر لیتے ہیں۔ ایمان کے اس شجرۂ طیبہ پر جن ثمراتِ طیبات کا ظہور ہوتا ہے ان میں سے پانچ کا ذکر ان پانچ آیات میں ہے۔ یعنی: (۱) تسلیم و رضا (۲)اطاعت و انقیاد (۳) توکل و اعتماد (۴) ان خطرات سے متنبہ اور چوکس و چوکنا رہنا جو علائقِ دُنیوی خصوصاً بیویوں اور اولاد کی فطری محبت کے پردے میں انسان کے دین و ایمان اور آخرت و عاقبت کے لیے بالقوہ مضمر ہوتے ہیں اور (۵) مال و اولاد کے بارے میں آگاہ رہنا کہ یہ امتحان اور آزمائش کے ذرائع ہیں!
قلب کی زمین صالح ہے · ایمان کا بیج
سرسبز و شاداب اور بار آور اور مثمر درخت
تَصْدِیْقٌ بِالْقَلْبِ
دل میں راسخ ہو جاتا ہے
- 1تسلیم ورضا
- 2اللہ اور رسولﷺ کی اطاعت
- 3توکل علی اللہ
- 4طبعی محبتوں کے ضمن میں احتیاط
- 5مال اور اولاد فتنہ ہیں
الغرض اگر کسی انسان کے دل میں ایمانِ حقیقی راسخ ہو جائے اور اس سے اس کا باطن منور ہو جائے تو اس کے نتیجے میں اس کی پوری شخصیت میں ایک تغیر اور انقلاب واقع ہو جاتا ہے جیسا کہ علامہ اقبال نے فرمایا : ؎
چوں بجاں در رفت جاں دیگر شود
جاں چوں دیگر شد جہاں دیگر شود
حضرت علامہ نے تو یہ بات قرآن مجید کے بارے میں کہی ہے‘ لیکن چونکہ قرآن منبعِ ایمان ہے‘ لہذا یہی بات ایمان کے بارے میں کہی جا سکتی ہے کہ جب ایمان انسان کے باطن میں سرایت کر جاتا ہے تو اس کے باطن میں ایک انقلاب آجاتا ہے‘اس کی سوچ بدل جاتی ہے‘ اس کا نقطۂ نظر تبدیل ہو جاتا ہے‘ اس کا زاویۂ نگاہ بدل جاتا ہے‘ اس کی اَقدار تبدیل ہو جاتی ہیں۔ الغرض اس کی پوری سیرت و شخصیت‘ اس کاہر فعل و عمل‘ اس کی پسند و ناپسندکا معیاراور اس کی سعی و جُہد کا رُخ سب بدل کر رہ جاتے ہیں‘اور فی الواقع ایک بالکل نیا انسان وجود میں آجاتا ہے۔ علامہ اقبال کے محولہ بالا شعر کا دوسرا مصرع بہت معنی خیز بلکہ ذو معنی ہے‘ اس لیے کہ اس میں جہاں ایک جانب اس حقیقت کی طرف اشارہ ہے کہ جب انسان میں یہ باطنی تبدیلی آجاتی ہے تو اس کے لیے تو کُل جہاں ہی تبدیل ہو جاتا ہے‘ وہاں اس عظیم حقیقت کی جانب بھی راہنمائی موجود ہے کہ افرادِ نوعِ انسانی کا یہ باطنی انقلاب ہی ایک عالمی انقلاب کا پیش خیمہ بنتاہے!
سورۃ التغابن کی جو پانچ آیات اس وقت زیر مطالعہ ہیں‘ اِن میں اللہ تعالیٰ نے نہایت معجز نما اسلوب میں ان پانچ بنیادی تبدیلیوں کی نشاندہی کر دی ہے جو ایمان کے نتیجے میں انسان کے نقطۂ نظر ‘اس کے اندازِ فکر اور اس کے عملی رویے اور روش میں نمایاں اور ظاہر ہو جانی چاہئیں۔ اس طرح ان آیات کے ذریعے ہمیں ایک کسوٹی مہیا ہو جاتی ہے جس پر اپنے ایمان کو پرکھ سکیں۔ چنانچہ اگر یہ اثرات و ثمرات ہماری شخصیتوں میں ظاہر ہو گئے ہوں تو ہمیں اللہ کا شکر ادا کرناچاہیے کہ ایمانِ حقیقی کا نور ہمارے دلوں میں موجود ہے‘ اور اگر یہ ظاہر نہیں ہو رہے ہیں تو گویا یہ ایک تنبیہہ ہے کہ ہمیں سوچنا چاہیے کہ ہم کہیں ایمانِ حقیقی کی روشنی سے محروم تو نہیں ہیں!
ایمان کے پانچ اساسی ثمرات کا بیان ان آیات ِ مبارکہ میں جس حکیمانہ ترتیبکے ساتھ ہوا ہے اس کے صحیح فہم و شعور کے لیے پہلے اس حقیقت کو ذہن نشین کر لیں کہ اوّلاً ہر انسان اپنی انفرادی حیثیت میں انسانی معاشرے کی مکمل اکائی کا درجہ رکھتا ہے‘ اور ثانیاً اس کا اپنے معاشرے اور ماحول کے ساتھ گہرا ربط و تعلق ہوتا ہے۔ پھر ایک فرد کی حیثیت سے بھی انسان کی شخصیت کے دو رُخ ہیں۔ یعنی ایک تو وہ خارجی حالات و واقعات اور تغیرات و حوادث ہیں جو اس پر اثر انداز ہوتے ہیں اور دوسرے وہ افعال و اعمال ہیں جو اس کے اعضاء و جوارح اور فی الجملہ پورے وجود سے ’’صادر‘‘ ہوتے ہیں۔ اسی طرح ہر فرد اپنے گردوپیش اور معاشرے و ماحول سے دو قسم کے بندھنوں میں بندھا ہوا ہے‘ ایک علائقِ دُنیوی اور دوسرے مال و اسبابِ دُنیوی‘ جنہیں علامہ اقبال مرحوم نے نہایت خوبصورتی سے اس شعر میں سمو دیا ہے کہ: ؎
یہ مال و دولتِ دنیا‘ یہ رشتہ و پیوند
بتانِ وہم و گماں‘ لا الٰہ الاّ اللہ!
پھر دو آیات میں انسان سے صادر ہونے والے اعمال و افعا ل کے ضمن میں دوپہلوؤں سے ایمان کے اثرات کا بیان ہے اور آخری دو آیات میں ’’مال ودولتِ دنیا‘‘ اور ’’رشتہ و پیوند ِ دُنیوی‘‘ کے ضمن میں ایک مؤمن کے نقطۂ نظر کو واضح کیاگیا ہے۔
انسان کی شخصیت کے دو رُخ
11خارجی حالات و واقعات اور تغیرات و حوادث
جو اس پر اثر انداز ہوتے ہیں
مَآ أَصَابَ مِن مُّصِيبَةٍ
12 · 13افعال و اعمال
انسان سے صادر ہونے والے
وَأَطِيعُوا۟ ٱللَّهَ وَأَطِيعُوا۟ ٱلرَّسُولَ
وَعَلَى ٱللَّهِ فَلْيَتَوَكَّلِ ٱلْمُؤْمِنُونَ
دو قسم کے بندھنوں
14علائقِ دُنیوی
إِنَّ مِنْ أَزْوَٰجِكُمْ وَأَوْلَـٰدِكُمْ عَدُوًّا لَّكُمْ
15مال و اسبابِ دُنیوی
إِنَّمَآ أَمْوَٰلُكُمْ وَأَوْلَـٰدُكُمْ فِتْنَةٌ
۱) تسلیم ورضا
سب سے پہلی بات مصائب ِ دُنیوی کے بارے میں فرمائی گئی ۔ فرمایا: {مَاۤ اَصَابَ مِنۡ مُّصِیۡبَۃٍ اِلَّا بِاِذۡنِ اللّٰہِ ؕ } ’’نہیں نازل ہوتی کوئی مصیبت مگر اللہ کی اجازت سے‘‘۔ آیت کے اس چھوٹے سے ٹکڑے میں معانی و مفاہیم کا ایک خزینہ پنہاں ہے۔اس کی قدرے تشریح و توضیح کی جائے تو وہ یہ ہو گی کہ اگر تم ایک علیم اور حکیم اللہ کو مانتے ہو کہ وہ ہر چیز پر قدرت بھی رکھتا ہے‘ اور یہ بھی تسلیم کرتے ہو کہ وہی اس کائنات کا اصل حکمران ہے اور اس کے اِذن کے بغیر ایک پتہ تک نہیں ہل سکتا ‘تو اس کا لازمی اور منطقی نتیجہ یہ ہے کہ کوئی مصیبت‘ کوئی تکلیف‘ کوئی نقصان‘ کوئی حادثہ‘ کوئی موت‘ کوئی افتاد اور کسی بھیقسم کے ناخوشگوار واقعات و حوادث اِذنِ خداوندی کے بغیر وارد اور ظہور پذیر نہیں ہو سکتے اب جو چیز اُس اللہ کے اِذن سے ہو جو سمیع بھی ہے اور بصیر بھی‘ علیم بھی ہے اور خبیر بھی اور ان سب پر مستزاد کامل حکیم بھی‘ تو اس پر شکوہ و شکایت کیسی اور اس پر دل میں تکدّر کیوں؟
واضح رہے کہ یہاں اس صدمہ اور ملال کی بات نہیں ہو رہی جس کا فوری اور غیراختیاری اثر طبیعت پر ہوتا ہے ‘بلکہ یہاں اس حقیقت کی جانب رہنمائی ہو رہی ہے کہ بندۂ مؤمن کا قلب ناخوشگوار واقعات و حوادث سے کوئی مستقل تأثر قبول نہیں کرتا۔چنانچہ نہ اس کی زبان پر گلہ اور شکوہ آتا ہے اور نہ ہی اس کے دل میں اپنے ربّ کی جانب سے کسی بدگمانی کا شائبہ پیدا ہوتا ہے‘ بلکہ ان مصائب و آلام پر بھی اس کا ردِّعمل بالکل وہی ہوتا ہے جو اس مصرعے میں بیان ہوا ہے کہ ؏ ’’ہر چہ ساقی ٔ ماریخت عین الطاف است‘‘ (میرے ساقی نے میرے پیمانے میں جو بھی ڈال دیا ہے وہ سراسر اس کا لطف و کرم ہے) اس لیے کہ توحید پر ایمان کا لازمی تقاضا یہ ہے کہ انسان کو یہ یقین ہو کہ جملہ واقعات و حوادث خواہ وہ اس عالمِ اسباب و عِلل کے کتنے ہی طول طویل سلسلے کے نتیجے میں ظہور پذیر ہو رہے ہوں‘ چونکہ ان جملہ اسباب و علل کا آخری سرا اللہ کے ہاتھ میں ہے‘ لہذا مسبّبِ حقیقی اور مؤثرِ حقیقی اس کے سوا اور کوئی نہیں۔ لہذا ان حوادثِ دُنیوی پرایک بندۂ مؤمن کا ردِّعمل یہی ہونا چاہیے کہ اگر میرے ربّ کو یہی منظور ہے تو میں بھی اس پر راضی ہوں۔ اسی کو مقامِ تسلیم و رضا کہتے ہیں جس کے بارے میں علامہ اقبال نے کہا ہے: ؎
بروں کشید ز پیچاکِ ہست و بود مرا
چہ عقدہ ہا کہ مقامِ رضا کشود مرا
یعنی اس مقامِ رضا نے میرے کیسے کیسے عقدے حل کر دیے کہ میں اس پیچ و تاب سے بالکل نجات پا گیا کہ ایسا کیوں ہے اور ویسا کیوں نہیں ہے‘ اور یہ کیوں ہوا ‘ وہ کیوں نہ ہوا؟
چنانچہ اسی کا ذکر ہے آیت کے بقیہ حصے میں کہ : {وَ مَنۡ یُّؤۡمِنۡۢ بِاللّٰہِ یَہۡدِ قَلۡبَہٗ ؕ وَ اللّٰہُ بِکُلِّ شَیۡءٍ عَلِیۡمٌ ﴿۱۱﴾} ’’اور جو کوئی اللہ پر ایمان رکھتا ہے اللہ اس کے دل کو ہدایت دیتا ہے‘ اور اللہ ہر چیز کا علم رکھنے والا ہے۔‘‘ یعنی جب انسان قلبی ایمان و یقین کے نتیجے میں اس حقیقتِ نفس الامری کا ادراک حاصل کر لیتا ہے کہ اس کائنات اور عالمِ اسباب و علل میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ اذنِ خداوندی سے ہو رہا ہے‘ تو اللہ اس کے دل کو تسلیم و رضا کی ہدایت بخشتا ہے اور اسے قلبی اطمینان و سکون کی دولت سے نوازتا ہے۔ اور جب انسان اس مقامِ تسلیم و رضا پر پہنچ جاتا ہے تو اس کے احساسات فی الواقع یہ ہو جاتے ہیں کہ مجھے بھی وہی پسند ہے جو میرے ربّ نے میرے لیے پسند کیا ہے‘ وہ میرا مولیٰ ہے‘ آقا ہے‘ پروردگار ہے‘ خالق و مالک ہے اور مزید برآں میرا خیر خواہ ہے‘ جو میری مصلحتوں کو مجھ سے زیادہ جاننے والا ہے لہذا مجھے اس کا ہر فیصلہ بسر و چشم قبول ہے۔ گویا ؏
’’سرِ تسلیم خم ہے جو مزاجِ یار میں آئے!‘‘
بلکہ اس سے بھی بڑھ کر یہ کہ ؎
نہ شود نصیبِ دشمن کہ شود ہلاکِ تیغت
سرِ دوستاں سلامت کہ تو خنجر آزمائی!
جب کسی بندۂ مؤمن کے دل میں راضی برضائے ربّ ہونے کی یہ کیفیت پیدا ہو جاتی ہے تو اسے سینکڑوں الجھنوں سے نجات مل جاتی ہے‘ اور اس کے نہاں خانۂ قلب میں نہ حزن و ملال مستقل طو رپر ڈیرہ ڈال سکتے ہیں‘ نہ حسرتوں کے الاؤ سلگتے ہیں اور نہ ہی اسے گوناگوں قسم کی محرومیوں اور دل شکنیوں کے اس کرب سے سابقہ پیش آتا ہے جو بسا اوقات اختلالِ ذہنی کا سبب بنتا ہے اور اگر شدت اختیار کر جائے تو خود کشی تک پر منتج ہوجاتا ہے۔
۲) اللہ اور رسولﷺ کی اطاعت
اب آیئے دوسرے رُخ یعنی ان اَفعال و اعمال کی طرف جو ہم سے صادرہوتے ہیں‘ اور ان میں سے بھی اصلاً وہ جو ہمارے ارادے کے تابع ہیں۔ اس لیے کہ ہمارےجسم کے بہت سے اعضاء تو وہ ہیں جو اپنے فطری وظائف از خودادا کرتے رہتے ہیں اور ان کے فعل میں ہمارے شعور اور ارادے کا دخل نہیں ہوتا۔ ایسے غیر ارادی افعال کے ضمن میں ظاہر ہے کہ ہماری کوئی اخلاقی مسئولیت نہیں ہے۔ لیکن ہماری زندگی کی اصل باگ ڈور جن ارادی اور اختیاری افعال و اعمال سے عبارت ہے ان کے ضمن میں ایمان کا جو لازمی نتیجہ نکلنا چاہیے اس میں مقدّم ترین شے ہے اطاعت یعنی یہ کہ ہمارے اعضاء و جوارح سے کوئی عمل اللہ کے حکم کے خلاف صادر نہ ہو‘ اس لیے کہ اگر ہم اللہ پر ایمان لانے کے مدّعی ہیں اور ہم نے دلی یقین کے ساتھ اللہ کو مانا ہے تو ہم پر لازم اور واجب ہے کہ ہم کوئی ایسا کام اور کوئی ایسی حرکت نہ کریں جس سے اللہ کا کوئی حکم ٹوٹتا ہو یا اس کی نافرمانی کا ارتکاب ہوتا ہو۔چنانچہ ہماری زبان سے کوئی ایسا لفظ نہ نکلے جو اللہ کو ناپسند ہو اور ہمارے ہاتھ پاؤں کسی ایسے کام کے لیے حرکت میں نہ آ جائیں جو حکمِ خداوندی کے خلاف ہو۔
پھر معاملہ صرف اللہ کا نہیں بلکہ اس کے رسول حضرت محمدﷺ کا بھی ہے۔ اس لیے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنی ہدایت ہر انسان کے پاس براہِ راست نہیں بھیجی۔ اس دنیا میں ہدایتِ ربّانی کا ذریعہ رسول ہوتے ہیں ‘ لہذا اللہ کی اطاعت اس کے رسولؐ کے واسطے سے ہی ممکن ہے۔ چنانچہ اطاعت کے باب میں اللہ اور اس کارسولؐ باہم اس طرح جمع ہیں گویا وہ ایک وحدت ہیں۔ لہذا اگلی آیت کے پہلے حصے میں ارشاد ہوا: {وَ اَطِیۡعُوا اللّٰہَ وَ اَطِیۡعُوا الرَّسُوۡلَ ۚ} ’’اور اطاعت کرو اللہ کی اور اطاعت کرو (اس کے) رسول(ﷺ) کی‘‘۔ گویا مدعیانِ ایمان سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ جب تم نے مانا ہے اللہ اور اس کے رسولﷺ کو تو اس ایمان کا لازمی نتیجہ یہ نکلنا چاہیے کہ تمہارے اعضاء و جوارح سے جو بھی اعمال و افعال صادر ہوں وہ سب کے سب اللہ اور اس کے رسولﷺ کی اطاعت کے سانچے میں ڈھلے ہوئے ہوں۔ یہ ایمان کا دوسرا لازمی نتیجہ ہے۔
اطاعت کے حکم کے ساتھ ہی یہ تنبیہہ بھی فرما دی کہ : {فَاِنۡ تَوَلَّیۡتُمۡ فَاِنَّمَا عَلٰی رَسُوۡلِنَا الۡبَلٰغُ الۡمُبِیۡنُ ﴿۱۲﴾} ’’پھر اگر تم نے روگردانی کی (پیٹھ موڑ لی‘ اعراض کیا) تو(جان رکھو کہ) ہمارے رسولؐ پر تو صرف صاف صاف پہنچا دینے کی ذمہ داری ہے‘‘۔ اللہ اور اس کے رسولﷺ کی تعلیمات سے روگردانی اور ان کی تکذیب سے اللہ تعالیٰ کا کچھ نہیں بگڑتا‘ انسان خود اپنی عاقبت خراب کرتا ہے اور آخرت میں سزا و عذاب کا مستوجب قرار پاتا ہے۔اسی طرح رسولؐ پر بھی سوائے صاف صاف پہنچا دینے کے اور کوئی ذمہ داری نہیں ہے۔ لہذا اگر رسولؐ نے اپنی یہ ذمہ داری پوری کر دی ہے تو وہ آخرت میں سرخرو ہوں گے‘ اس لیے کہ وہ تمہاری جانب سے جواب دہ نہیں‘ تمہیں اپنے اعمال و افعال کی خود جواب دہی کرنی ہو گی‘ اپنے بھلے برے ‘ اپنے نفع و نقصان اور اپنی کامیابی یا ناکامی کے ذمہ دار تم خود ہو گے!
۳) توکل علی اللہ
ہمارے وجود سے صادر ہونے والے افعال و اعمال کا ایک دوسرا رُخ بھی ہے۔ چنانچہ اس کو بھی یہاں واضح کر دیا گیا۔ ارشاد ہوتا ہے : {اَللّٰہُ لَاۤ اِلٰہَ اِلَّا ہُوَ ؕ وَ عَلَی اللّٰہِ فَلۡیَتَوَکَّلِ الۡمُؤۡمِنُوۡنَ ﴿۱۳﴾} ’’اللہ ہی وہ ذات ہے جس کے سوا کوئی معبود نہیں‘ لہذا اہل ایمان کو صرف اللہ پر ہی بھروسہ رکھنا چاہیے!‘‘یعنی ایمان کے نتیجے میں ہمارا سارا بھروسہ‘ سارا تکیہ‘ سارا اعتماد اور سارا توکّل اللہ کی ذات پر ہونا چاہیے‘ اگرچہ ہم اس اسباب و علل کی دنیا میں ساز و سامان اور ذرائع و وسائل سے مستغنی نہیں ہو سکتے اور اپنی امکانی حد تک ہمیں اسباب بھی فراہم کرنے ہوں گے‘ جیسے ایک دوسرے مقام پر فرمایا: {وَ اَعِدُّوۡا لَہُمۡ مَّا اسۡتَطَعۡتُمۡ مِّنۡ قُوَّۃٍ وَّ مِنۡ رِّبَاطِ الۡخَیۡلِ۔۔۔} (الانفال:۶۰) یعنی اپنے دشمن کے مقابلے کے لیے تیاری کرو اور مقدور بھر جو ساز و سامان فراہم کر سکتے ہو فراہم کرو۔ اور جیسے نبی کریمﷺنے تعلیم دی کہ ’’پہلے اونٹ کو باندھو‘ پھر اللہ پر بھروسہ کرو‘‘۔ جس کی بہترین ترجمانی مولانا روم نے اس مصرع میں فرمائی ہے ؏ ’’بر توکّل زانوئے اشتربہ بند!‘‘چنانچہ اپنی استطاعت کے مطابق دُنیوی اور مادی اسباب اور ساز و سامان فراہم کرنا ایمان کے منافی نہیں ہے‘ لیکن اگر یہ خیال ہو گیا کہ مجرد اِن اسباب و وسائل اور ساز و سامان سے کام ہو جائے گا‘ گویا اصل بھروسہ‘ اعتماد اورتکیہ اپنی محنت‘ اپنی تیاری اوراپنے ساز و سامان پر اور اصل توکل مادی اسباب و وسائل پر کیا تو اس کا مطلب یہ ہو گا کہ اللہ کی ذات سے ہماری نگاہیں ہٹ گئیں اور ہم اس سے محجوب ہو گئے‘ اس کی کمالِ قدرت کا یقین دل میں قائم نہیں رہا۔ حاصلِ کلام یہ کہ اس عالمِ اسباب میں محنت و کوشش اپنی جگہ ضروری ہے اور امکانی حد تک اسباب و وسائل کی فراہمی اور ان کا استعمال بھی لازمی ہے‘ لیکن توکّل صرف اور صرف اللہ کی ذات پر ہو گا۔ ان تین آیاتِ مبارکہ میں انفرادی سطح پر ایمان کے ثمرات و نتائج کا بیان مکمل ہو گیا۔
۴) طبعی محبتوں کے ضمن میں احتیاط
انسان اس دنیا میں تنہا نہیں رہتا۔ مدنیت اس کی جبلت اور طبیعت میں رچی بسی ہے۔ لہذا وہ اس دنیا میں بہت سے تعلقات میں جکڑا ہوا ہے جن کے کئی دائرے ہیں۔ ایک دائرہ اس کے والدین‘ بھائی بہن اور بیوی بچوں کا ہے۔ دوسرے دائرے میں رشتہ دار اور اعزّہ و اقارب ہیں۔ پھر کنبے اور قبیلے کا دائرہ اور اس کے بعد قوم کا دائرہ ہے اور بالآخر یہ سلسلہ پوری نوعِ انسانی تک پھیل جاتا ہے۔ ان سب کو ایک لفظ میں جمع کیا جائے تو وہ ہے ’’علائقِ دُنیوی‘‘۔ اللہ تعالیٰ نے اس دنیا میں تمدن و تہذیب کی گاڑی کو چلانے کے لیے ان علائقِ دُنیوی کے ضمن میں بہت سی فطری محبتیں انسان کے دل میں ڈال دی ہیں۔ انسان کو والدین‘ بہن بھائیوں‘ بیوی ‘ اولاد اور رشتہ داروں سے محبت ہوتی ہے۔ لیکن واقعہ یہ ہے کہ ان محبتوں میں سب سے زیادہ قوی محبت بیویوں اور اولاد کی محبت ہے۔ اس طبعی محبت کی طرف اگلی آیت میں متنبہ فرمایا گیا کہ اگر اس میں حدِّ اعتدال سے تجاوز ہو جائے تو یہی محبت انسان کے لیے دشمنی کا روپ دھار لے گی۔ لہذا اس کے ضمن میں احتیاط کی ضرورت ہے۔ ارشاد ہوتا ہے: {یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡۤا اِنَّ مِنۡ اَزۡوَاجِکُمۡ وَ اَوۡلَادِکُمۡ عَدُوًّا لَّکُمۡ فَاحۡذَرُوۡہُمۡ ۚ} ’’اے اہلِ ایمان! یقینا تمہاری بیویوں اور تمہاری اولاد میں سے بعض تمہارے دشمن ہیں‘ پس ان سے ہوشیار رہو!‘‘
یہ انتباہ اس لیے ضروری ہے کہ فی الواقع ان محبتوںمیں انسان کے لیے بالقو ہ خطرہ موجود ہے‘ اس لیے کہ اگر آخرت نہ ہوتی اور حساب کتاب نہ ہوتا اور کوئی جوابدہی نہ ہوتی تب تو کوئی تشویش کی بات نہ ہوتی۔ اس صورت میں توانسان کو کھلی چھٹی ہوتی کہ بیویوں کی فرمائشیں پوری کرے‘ خواہ حلال سے کرے‘ خواہ حرام سے کرے‘ اولاد کو اچھے سے اچھا کھلائے اور پہنائے اور ان کو اعلیٰ سے اعلیٰ تعلیم دلانے کی فکر کرے‘ چاہے جائز ذرائع آمدنی سے ہو‘ چاہے ناجائز ذرائع آمدنی سے ہو لیکن جب یہ حقیقت سامنے آ چکی ہے کہ یہ زندگی تو بہت عارضی اور مختصر ہے‘ اصل زندگی تو آخرت کی زندگی ہے جسے کبھی ختم نہیں ہونا اور اصل فیصلے کا دن تو قیامت کا دن ہے‘ یعنی وہی ہے ہار اور جیت کے فیصلے کا دن! پس اگر اس حقیقت کو جاننے کے بعد بھی تم نے اپنی بیویوں اور اولاد کی محبت سے مغلوب ہو کر اور ان کی خوشنودی کی خاطر اللہ کی حرام کردہ چیزوں میں مُنہ مارا‘ ناجائز آمدنیوں کا رُخ کیا اور ان کو عیش کرانے اور ان کی فرمائشیں پوری کرنے کے لیے تم نے حلال و حرام کی تمیز کو ختم کر دیا اور جائز و ناجائز کا خیال نہ رکھا تو جان لو کہ یہ تمہارے حق میں محبت نہیں‘ دشمنی ہے‘ اور اگر تم محتاط‘ چوکس اور چوکنے نہ رہے تو یہی بے جا محبت اور لاڈ پیار تمہاری عاقبت کی بربادی کا سبب بن جائے گا۔ چنانچہ نبی اکرمﷺ کا ارشادِ مبارک ہے کہ: ’’بڑا ہی نادان ہے وہ شخص جس نے دوسروں کی دنیا بنانے کے لیے اپنی عاقبت تباہ و برباد کر لی‘‘۔
آیت کے دوسرے حصے میں ارشاد ہوتا ہے: {وَ اِنۡ تَعۡفُوۡا وَ تَصۡفَحُوۡا وَ تَغۡفِرُوۡا فَاِنَّ اللّٰہَ غَفُوۡرٌ رَّحِیۡمٌ ﴿۱۴﴾} ’’اور اگر تم معاف کر دیا کرو اور چشم پوشی سے کام لو اور بخش دیا کرو تو بے شک اللہ بھی بخشنے والا رحم کرنے والا ہے‘‘۔ آیت کے اس حصے میں جہاں فصاحت و بلاغت کا کمال سامنے آتا ہے وہاں صحیح اور معتدل رویّہ اختیار کرنے کی نہایت پُرزور اور مدلّل دعوت بھی سامنے آتی ہے۔چنانچہ جہاں اس پرزور دیا گیا کہ تمہاری بیویوں اور اولاد میں سے بعض تمہارے حق میں بالقوہ دشمن ہیں‘ لہذا اپنا تحفظ کرو کہ کہیں ان کی محبت تمہیں جادۂ حق سے منحرف نہ کر دے اور تمہاری عاقبت تباہ نہ کرا دے‘ وہاں دوسری طرف اس کو متوازن کیا گیا کہ ایسا نہ ہو کہ تمہارے مزاج میں خشونت‘ درشتی اور سختی کا غلبہ ہو جائے اور گھر میدانِ جنگ کا سماں پیش کرنے لگے‘ اور محبت‘ شفقت اور نرمی کاظہور بالکل نہ ہو۔ لہذا اس اعتبار سے تو ضرور چوکس اور چوکنے رہو کہ ان کی محبت کہیں غفلت میں تم سے دین کے خلاف کوئی کام نہ کرا لے‘ لیکن ان کی صحیح تربیت کے لیے محبت‘ شفقت اور نرمی لازمی ہے‘ لہذا عفو اور درگزر بھی ضروری ہے!
یہاں غور کیجیے کہ اس عفو و درگزر کے لیے دلیل کیا دی جا رہی ہے !اور پھر اس میں کتنی مؤثر اپیل مضمر ہے! یعنی یہ کہ اللہ بھی تو غفور اور رحیم ہے‘ ذرا سوچو کہ اللہ نے تم کو کتنی ڈھیل دے رکھی ہے۔ اپنے باطن میں جھانک کر دیکھو کہ کتنے مفاسد لیے پھر رہے ہو‘ لیکن اللہ پھر بھی چشم پوشی کیے ہوئے ہے اور تمہیں مہلت دے رہا ہے اور اس کی ربوبیت اور جُود و سخا کا سلسلہ جاری ہے‘ لہذا تم کو بھی چاہیے کہ اپنی بیویوں اور اولاد کے لیے یہی رویہ اختیار کرو۔
میرے نزدیک یہ آیت قرآن حکیم کے ان خاص مقامات میں سے ہے جہاں ذہنِ انسانی بے اختیار یہ بات تسلیم کرنے پر مجبور ہو جاتا ہے کہ یہ اللہ کے سوا کسی اور کا کلام نہیں ہو سکتا ‘ اس لیے کہ یہ توازن اور اعتدال صرف اللہ تعالیٰ ہی کے کلام میں ممکن ہے الغرض یہ آیتِ مبارکہ جملہ علائقِ دُنیوی کے ضمن میں ایک بندۂ مؤمن کے زاویۂ نگاہ اور اندازِ فکر کے ساتھ اس کے عملی رویے کو بھی متعین کر دیتی ہے۔ اس لیے کہ جب محبوب ترین علائق کے ضمن میں ہدایت مل گئی تو علائقِ دُنیوی کے دوسرے دائرے تو بہرحال ان کے مقابلے میں ثانوی حیثیت کے حامل ہیں۔
۵) مال اور اولاد فتنہ ہیں!
اس دنیا میں علائقِ دُنیوی کے ساتھ جس دوسری چیز سے انسان بندھا ہوا ہے وہ مال و اسبابِ دُنیوی ہیں جن سے انسان کی حیاتِ دُنیوی کی ضروریات پوری ہوتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ قرآن حکیم میں ایک دوسرے مقام پر (سورۃ النساء:۵) انہیں حیاتِ دُنیوی کے بقاء اور قیام کا ذریعہ قرار دیا گیا ہے‘ لہذا ان سے ایک طبعی اور قدرتی لگاؤ بھی انسان کی جبلّت کا جزوِ لاینفک ہے۔ لیکن اگر اس طبعی لگاؤ میں شدت پیدا ہو جائے اور یہ چیزیں فی نفسہٖ محبوب اور مطلوب و مقصود بن جائیں تو آخرت اور عاقبت کے اعتبار سےان سے زیادہ مضر اور تباہ کن اور کوئی چیز نہیں ہوتی پھر اپنے دُنیوی مستقبل کے لیے انسان جس طرح پس انداز اور جمع شدہ مال پر تکیہ کرتا ہے ایسے ہی اولاد سے بھی امیدیں لگاتا ہے۔ لہذا اس مقام پر مال کے ساتھ اولاد کا ذکر دوبارہ کر دیا گیا کہ ہوشیار رہو کہ ان دونوں کی محبت تمہارے حق میں فتنہ ہے۔ چنانچہ ارشاد ہوتا ہے : {اِنَّمَاۤ اَمۡوَالُکُمۡ وَ اَوۡلَادُکُمۡ فِتۡنَۃٌ ؕ} ’’بلاشبہ تمہارے مال اور تمہاری اولاد (تمہارے حق میں) فتنہ ہیں‘‘ فتنہ کے لغوی معنی ’’کسوٹی‘‘ کے ہیں۔ یعنی وہ چیز جس پر پرکھ کر دیکھا جاتا ہے کہ سونا خالص ہے یا اس میں کھوٹ اور ملاوٹ ہے۔ چنانچہ اہل ایمان کو بتایا جا رہا ہے کہ اس دنیا میں مال اور اولاد تمہارے لیے کسوٹی ہیں‘ یعنی تمہاری آزمائش کا ذریعہ ہیں اور ان پر تم کو پرکھا جا رہا ہے کہ کہیں تم ان کی محبت سے مغلوب ہو کر اللہ کو بھول تو نہیں جاتے اور اس کے اوامر و نواہی سے بے پروا ہو کر اپنی عاقبت تو خراب نہیں کر لیتے !
اس آیت کا اختتام ان الفاظِ مبارکہ پر ہوتا ہے : {وَ اللّٰہُ عِنۡدَہٗۤ اَجۡرٌ عَظِیۡمٌ ﴿۱۵﴾} ’’اور اللہ ہی کے پاس ہے اجرِ عظیم!‘‘ گویا امیدیں وابستہ کرنی ہیں تو اللہ سے کرو‘ امیدوں کو بر لانے والا‘ توقعات کو پورا کرنے والا اور تمہاری محنت کی صحیح اجرت دینے والا تو حقیقت میں صرف اللہ ہی ہے۔ لہذا اپنی ذاتی صلاحیتوں اور قوتوں کے علاوہ اپنے مال اور اپنی اولاد کو بھی اسی کی راہ میں لگاؤ۔ عام طو رپر انسان کی تمام توانائیاں اور اس کا کُل وقت یا زیادہ سے زیادہ وقت مال و دولت جمع کرنے کی خاطرصرف ہوتاہے یا اولاد پر صرف ہو جاتا ہے‘ اور انسان توقع کرتا ہے کہ اولاد اس کے بڑھاپے کاسہارا بنے گی۔ جبکہ ایمان کا تقاضا یہ ہے کہ انسان مال و اسبابِ دُنیوی کو صرف حیاتِ دُنیوی کی ضروریات پوری کرنے کا ذریعہ سمجھے اور اس سے دلی محبت نہ رکھے اور اولاد کی پرورش اور تعلیم و تربیت کو بھی اللہ کی طرف سے عائد شدہ ذمہ داری کی حیثیت سے ادا کرے‘ نہ کہ طبعی محبت کی بنیاد پر‘ یا اسے اپنے مستقبل اور بڑھاپے کا سہارا سمجھ کر اور اپنی سعی وجہد کا اصل مطلوب و مقصود اللہ کی رضا جوئی اور آخرت کی فلاح کوقرار دے۔
ایمان کے عملی تقاضے
اب ہم اللہ کے نام سے سورۃ التغابن کی آخری تین آیات پر توجہ مرکوز کرتے ہیں۔ اس سورۂ مبارکہ کے بارے میں یہ تأثر اس سے قبل بیان کیا جا چکا ہے کہ یہ ’’ایمان اور اس کے ثمرات و مقتضیات‘‘ کے موضوع پر قرآن مجید کی جامع ترین سورت ہے۔اس سورت کے مضامین کی ترتیب اس اعتبار سے بڑی حسین ہے کہ اس کے پہلے رکوع میں ایمان کے تینوں اجزاء (ایمان باللہ‘ ایمان بالرسالت اور ایمان بالآخرت) کی نہایت جامع وضاحت اور ان پر ایمان لانے اور انہیں حرزِ جان بنانے کی زورداردعوت ہے۔
دوسرا رکوع آٹھ آیات پر مشتمل ہے۔ ان میں سے پانچ آیات کا مطالعہ ہم کر چکے ہیں ۔ ان میں ایمان کے ثمرات اور مضمرات کا نہایت جامع بیان ہمارے سامنے آچکا ہے۔ اس کے بعد تین آیات جن پر یہ سورۂ مبارکہ مکمل ہوتی ہے‘ ایمان کے عملی تقاضوں کو بالفعل ادا کرنے کی دعوت پر مشتمل ہیں‘ جنہیں تین اہم اصطلاحات کے حوالے سے بیان کیا گیا ہے۔ یعنی (۱) تقویٰ (۲) سمع و اطاعت اور (۳) انفاق فی سبیل اللہ اور اللہ کو قرضِ حسنہ دینا۔ آخر میں مضمون کی مناسبت سے اللہ تعالیٰ کی چندصفاتِ کمال اور اسمائے حسنیٰ کا بیان ہے۔ تو آیئے پہلے ان آیات کا متن اور رواں ترجمہ ذہن نشین کر لیں!{فَاتَّقُوا اللّٰہَ مَا اسۡتَطَعۡتُمۡ وَ اسۡمَعُوۡا وَ اَطِیۡعُوۡا وَ اَنۡفِقُوۡا خَیۡرًا لِّاَنۡفُسِکُمۡ ؕ وَ مَنۡ یُّوۡقَ شُحَّ نَفۡسِہٖ فَاُولٰٓئِکَ ہُمُ الۡمُفۡلِحُوۡنَ ﴿۱۶﴾اِنۡ تُقۡرِضُوا اللّٰہَ قَرۡضًا حَسَنًا یُّضٰعِفۡہُ لَکُمۡ وَ یَغۡفِرۡ لَکُمۡ ؕ وَ اللّٰہُ شَکُوۡرٌ حَلِیۡمٌ ﴿ۙ۱۷﴾عٰلِمُ الۡغَیۡبِ وَ الشَّہَادَۃِ الۡعَزِیۡزُ الۡحَکِیۡمُ ﴿٪۱۸﴾}
’’پس اللہ کا تقویٰ اختیار کرو جتنا تمہارے امکان میں ہو اور سنو اور اطاعت کرو اور خرچ کرو‘ یہی تمہارے حق میں بہتر ہے‘ اور جو کوئی اپنے جی کے لالچ سے بچا لیاگیا تو وہی ہوں گے جو آخری منزلِ مراد کو پہنچ سکیں گے۔ اگر تم اللہ کو قرضِ حسنہ دو تو وہ اسے تمہارے لیے دوگنا کرتا رہے گا اور تمہاری بخشش فرمائے گا‘ اور اللہ قدر دان بھی ہے نہایت علم والا بھی ہے۔ وہ کھلے اور چھپے سب کا جاننے والا ہے‘ زبردست‘ صاحبِ حکمتِ کاملہ ہے!‘‘
جیسے اس سورۂ مبارکہ کی ابتدائی سات آیات میں ایمان کے بنیادی اجزاء کا بیان تھا اور پھر کلمہ ’’ف‘‘ سے پُرزور پیرائے میں دعوتِ ایمانی شروع ہوئی تھی‘ اسی طرح دوسرے رکوع کی پہلی پانچ آیات میں ایمان کے ثمرات و مضمرات کا بیان تھا اور اب پھر کلمہ ’’ف‘‘ ہی سے دعوتِ عمل شروع ہوتی ہے اور اس کے ضمن میں تھوڑا ساغور کرنے پر ایک نہایت حسین ربط نظرآتا ہے کہ ایمانیات میں اوّلین ایمان ہے ایمان باللہ۔ لہذا یہاں عمل کی دعوت اس بات سے شروع ہوئی کہ : {فَاتَّقُوا اللّٰہَ مَا اسۡتَطَعۡتُمۡ} ’’پس اللہ کا تقویٰ اختیار کرو جتنا بھی تمہاری حدِ استطاعت میں ہے‘‘ گویا ایمان باللہ کا عملی تقاضا یہ ہے کہ انسان میں اللہ کا تقویٰ پیدا ہو جائے‘ اور تقویٰ بھی تھوڑا بہت نہیں‘ بلکہ امکانی حد تک‘ مقدور بھر۔ ایمان کے بیان میں دوسرے نمبر پر ذکر تھا ایمان بالرسالت کا‘ لہذا یہاں ایمان کا دوسرا عملی تقاضا بیان ہوا ’’سمع و طاعت‘‘ کے حوالے سے ‘جس کا نقطۂ آغاز عملی اعتبار سے رسول اللہﷺ کی ذات و شخصیت ہے۔ آخر میں ذکر تھا ایمان بالآخرت کا ‘جس کا اہم ترین عملی مظہر انفاق فی سبیل اللہ ہے‘ لہذا تیسرے نمبر پرذکر ہوا انفاق اور اللہ کو قرضِ حسن دینے کا!
فَـَٔامِنُوا۟
دعوتِ ایمانی
کلمہ ’’ف‘‘ سے
فَٱتَّقُوا۟
دعوتِ عمل
ایمان کے بنیادی اجزاء
عملی تقاضا
ایمان باللہ
فَٱتَّقُوا۟ ٱللَّهَ مَا ٱسْتَطَعْتُمْ
اللہ کا تقویٰ
ایمان بالرسالت
وَٱسْمَعُوا۟ وَأَطِيعُوا۟
سمع و طاعت
ایمان بالآخرت
وَأَنفِقُوا۟ خَيْرًا لِّأَنفُسِكُمْ
انفاق فی سبیل اللہ
۱) تقویٰ
عام طو رپر ’’تقویٰ‘‘ کا ترجمہ ’’خوف‘‘یا ’’ڈر‘‘ کے الفاظ سے کر دیا جاتا ہے‘ حالانکہ یہ ’’تقویٰ‘‘ کے معنی و مفہوم کی صحیح اور کامل ترجمانی نہیں ہے۔ ڈر یا خوف ایک تو ہوتا ہے کسی خطرناک‘ خوفناک اور ڈراؤنی شے کا ‘ توتقویٰ سے یہ ڈر مراد نہیں۔ اور ایک خوف اور ڈر وہ ہوتا ہے جس میں محبت کی آمیزش اور چاشنی بھی موجود ہوتی ہے‘ یعنی محبت بھرا خوف۔ یہ خوف تقویٰ کی کسی حد تک صحیح ترجمانی ہے۔ بغرضِ تفہیم مثال پیشِ خدمتہے کہ جیسے آپ کو اپنے والد سے محبت ہے اور آپ نہیں چاہتے کہ آپ کے والد آپ سے ناراض ہوں یا آپ کے کسی کام سے ان کی دل شکنی ہو یا ان کے جذبات کو ٹھیس پہنچے۔اس کا منطقی نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ آپ کوئی ایسا کام نہیں کرتے جو آپ کے والد کو ناپسند ہو۔ گویا آپ اپنے والد کی ناراضی کے خوف سے اُن کاموں کے ارتکاب سے احتراز کرتے ہیں جو انہیں ناپسند ہوں‘ پس آپ کے اس محبت بھرے خوف کو ’’تقویٰ‘‘ سے تعبیر کیا جا سکتا ہے۔ گویا اللہ کا تقویٰ یہ ہے کہ انسان اپنی پوری زندگی میں پھونک پھونک کر قدم رکھے اور اس کے قلب اور ذہن پر ہر وقت یہ خیال مستولی رہے کہ میرے کسی قول اور میرے کسی عمل سے میرا خالق و مالک مجھ سے ناراض نہ ہو جائے‘ اور اسے ہر وقت یہ فکر دامن گیر رہے کہ کوئی ایسا کام نہ کر بیٹھوں جو میرے ربّ کو پسند نہ ہو۔ یہ کیفیت‘ یہ طرزِ عمل‘ یہ رویہ اور یہ اندازِ فکر تقویٰ کی اصل حقیقت ہے!
قرآن حکیم میں سورۂ آل عمران کی آیت ۱۰۲ میں تقویٰ کے ضمن میں یہ شدید تاکید آئی ہے کہ : {یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوا اتَّقُوا اللّٰہَ حَقَّ تُقٰتِہٖ۔۔۔} ’’اے اہل ایمان! اللہ کا تقویٰ اختیار کرو جتنا کہ اس کے تقویٰ کا حق ہے‘‘ روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ اس پر صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین بڑے ہی مضطرب اور پریشان ہو گئے تھے کہ اللہ کا اتنا تقویٰ جتنا اس کا حق ہے‘ کون اختیار کر سکتا ہے!! بالکل ایسے جیسے کہ اللہ کی اتنی معرفت حاصل کرنا جتنی کہ اس کا حق ہے ‘کسی انسان کے بس میں نہیں ہے۔ چنانچہ رسولِ کامل اور عارفِ اعظم حضرت محمدٌ رسول اللہﷺخود فرماتے ہیں:
((مَا عَبَدْنَاکَ حَقَّ عِبَادَتِکَ وَمَا عَرَفْنَاکَ حَقَّ مَعْرِفَتِکَ))
’’(اے اللہ!) ہم تیری بندگی نہ کر پائے جیسا کہ تیری بندگی کا حق ہے‘ اور ہم تجھے پہچان نہ سکے جیسا کہ تجھے پہچاننے کا حق ہے‘‘۔ تو اگرچہ آنحضورﷺ کے بارے میں تو یہی گمان ہے کہ یہ کلمات آپؐ نے بربنائے تواضع ارشاد فرمائے‘ لیکن کسی بھی دوسرے انسان کے بارے میں تو اس میں کسی شک و شبہ کی گنجائش نہیں ہے کہ اللہ کی ’’کماحقّہٗ‘‘ معرفت کا حصول اس کے دائرۂ اختیار اور حدِّ امکان سے خارج ہے! یہی معاملہ تقویٰ کا ہے۔ اللہ کا اتنا تقویٰ جتنا اس کے تقویٰ کا حق ہے‘ یہ کسی انسان کے بسکی بات نہیں ہے‘ اس لیے کہ اس کا تقاضا تو یہ ہو گا کہ ہم ایک لمحہ کے لیے بھی اللہ کی یاد سے غافل نہ ہوں‘ اور ہروقت شعوری طور پر چوکنے اور چوکس رہیں کہ ہمارے اعضاء و جوارح سے کہیں اور کبھی کوئی ایسی حرکت صادر نہ ہونے پائے جو اللہ کے کسی حکم یا منشاء کے خلاف ہو۔ لہذا اس پر صحابہؓ ‘کی تشویش بالکل بجا تھی۔ البتہ جب سورۃ التغابن کی یہ آیت نازل ہوئی کہ {فَاتَّقُوا اللّٰہَ مَا اسۡتَطَعۡتُمۡ} ’’پس اللہ کا تقویٰ اختیار کرو جتنا تمہارے امکان اور حدِّ استطاعت میں ہے‘‘ تب صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو تسکین حاصل ہوئی!
واضح رہے کہ یہی بات سورۃ البقرۃ میں بھی ایک قاعدہ کلیہ کے طور پر وارد ہوئی ہے کہ : {لَا یُکَلِّفُ اللّٰہُ نَفۡسًا اِلَّا وُسۡعَہَا ؕ} (آیت ۲۸۶) ’’اللہ کسی نفس کو مکلف نہیں ٹھہراتا مگر اُس کی وسعت کے مطابق‘‘۔ اور یہی اصول سورۃ المؤمنون میں بھی وارد ہوا ہے کہ : {وَ لَا نُکَلِّفُ نَفۡسًا اِلَّا وُسۡعَہَا} (آیت ۶۲) ’’اور ہم کسی نفس کو مکلف نہیں ٹھہراتے مگر اُس کی وسعت کے مطابق‘‘۔البتہ اس مقام پر تھوڑا سا توقف کر کے استطاعت‘ استعداد اور وسعت کے بارے میں ایک اصولی بات سمجھ لینی چاہیے اور وہ یہ کہ کسی انسان میں کتنی استطاعت و استعداد اور وسعت و طاقت ہے جس کے مطابق وہ مکلف او رجواب دہ ہے‘ اس کا صحیح شعور و ادراک بسا اوقات اسے خود نہیں ہوتا۔ بنا بریں وہ اپنے آپ کو دین کے عملی تقاضوں کے ضمن میں رعایتیں دیتا چلا جاتا ہے اور دین کی جانب سے عائد ہونے والی مشکل اور کٹھن ذمہ داریوں سے خود کو بالکل ہی بری ٹھہرا لیتا ہے‘ حالانکہ اللہ تعالیٰ جو فاطرِ فطرت ہے‘ انسان کا خالق ہے اور اس کا علم کامل ہے‘ وہ خوب جانتا ہے کہ اس نے اس میں کتنی استطاعت‘ استعداد اور وسعت رکھی ہے۔ چنانچہ وہ ہر انسان کا اسی کے مطابق محاسبہ اور مؤاخذہ فرمائے گا۔ بلکہ اس معاملے میں واقعہ یہ ہے کہ ہم ؏’’دیوانہ بکارِ خویش ہشیار!‘‘کے مصداق اپنے آپ کو دھوکہ دیتے رہتے ہیں کہ جب دین اور نیکی کے کام کی بات ہوتی ہے یا تبلیغ و دعوت کی بات ہوتی ہے یا دین کے دوسرے عملی تقاضے اور مطالبے ادا کرنے کی بات ہوتی ہے تو ہم عذر پیش کردیتے ہیں کہ ہم میں اس کی استطاعت و استعدادنہیں ہے‘ جبکہ دنیا کےمعاملات میں ہماری جولانیاں اظہر من الشمس ہوتی ہیں اور ہماری توانائیوں‘ ہماری تگ و دَو اور ہماری اہلیت و صلاحیت کا نتیجہ بھرپور طور پر سامنے آ رہاہوتا ہے۔
حقیقت میں یہ ایک فریب ہے جو انسان اپنے آپ کو دیتا ہے۔ اس لیے کہ اگر ایک شخص دنیا میں پھل پھول رہا ہے‘ اس کے جوہر نمایاں ہو رہے ہیں اور وہ دُنیوی امور میں دوسروں سے آگے نکل رہا ہے اور ترقی پر ترقی کرتا چلا جا رہا ہے تو یہ استطاعت و استعداد کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ لامحالہ اس میں ذہانت‘ صلاحیت‘ قوتِ کار‘ وسعتِ عمل اور جذبۂ محنت و مسابقت موجود ہے‘ تب ہی تو وہ آگے سے آگے نکلتا جا رہاہے۔ لہذا صحیح روش اور درست رویہ یہ ہوگا کہ بِرّ و تقویٰ کے تقاضوں اور دینی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے ضمن میں آگے بڑھنے کی شعوری طور پر اور امکان بھر کوشش کی جائے اور اس میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ رہنے دیا جائے اور اپنی امکانی حد تک نہ کوئی تساہل ہو اور نہ ہی کسی فراری ذہنیت کو بروئے کار آنے دیا جائے۔ البتہ یہ بات بالکل ظاہر و باہر ہے کہ اس سب کے باوجود انسان اتنا ہی آگے بڑھ سکے گا جتنی اللہ تعالیٰ نے اس میں استطاعت و وسعت رکھی ہے‘ اگرچہ جب تک انسان اس کے لیے شعوری طو رپر عزمِ مصمم کے ساتھ کوشش نہیں کرے گا اُس وقت تک یہ ظاہر ہی نہیں ہو سکے گا کہ اس میں وسعت ‘ صلاحیت اور استطاعت کتنی ہے! رہا محاسبۂ اُخروی کا معاملہ تو وہ یقینا ہر شخص کی وسعت و استطاعت کی بنیاد ہی پر ہو گا جس کا صحیح علم اللہ کو حاصل ہے۔ چنانچہ وہ اسی کے مطابق فیصلہ فرمائے گا کہ کسی شخص نے اس وسعت و استعداد کے مطابق جو اسے دی گئی تھی‘ دین کے مقتضیات و مطالبات پورے کرنے کی کس حد تک محنت اور کوشش کی۔
تقویٰ کے مفہوم کی بہترین تعبیر کے ضمن میں دورِ خلافتِ فاروقی ؓ کا ایک بڑا عجیب واقعہ ملتا ہے کہ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے ایک بار اکابر صحابہ رضوان اللہ علیہم اجمعین کی محفل میں یہ سوال کیا کہ ’’تقویٰ‘‘ کی جامع و مانع تعریف کیا ہے؟ اس کے جواب میں حضرت اُبی بن کعب رضی اللہ عنہ نے جو وضاحت پیش فرمائی اس کا مفہوم یہ ہے کہ :
’’امیر المؤمنین! جب کسی شخص کو جنگل کی ایسی پگڈنڈی سے گزرنے کا اتفاقہوجس کے دونوں اطراف میں خاردار جھاڑیاں ہوں تو ایسی پگڈنڈی پر گزرتے وقت وہ شخص لامحالہ اپنے کپڑوں کو ہر طرف سے سمیٹ کر اُس راستہ کو اس طرح طے کرنے کی کوشش کرتا ہے اور سنبھل سنبھل کر پھونک پھونک کر قدم اٹھاتا ہے کہ اس کے کپڑے جھاڑیوں اور کانٹوں سے الجھنے نہ پائیں۔ اس احتیاطی رویّے اور بچ بچ کر چلنے کو ’’تقویٰ‘‘ کہتے ہیں۔‘‘
فاروقِ اعظمؓ نے اس تعریف کی تصویب و توثیق فرمائی اور حضرت اُبی بن کعب کو داد دی۔ حقیقت اور امرِ واقعہ یہی ہے کہ اس دنیا میں ہم جو زندگی بسر کر رہے ہیں یہ بھی ایک سفر ہی ہے اور یہاں ہر چہار طرف گناہ‘ معصیت اور شہوات و لذّات کی نہایت خاردار جھاڑیاں موجود ہیں‘ چنانچہ ہر ہر قدم پر گناہ کی ترغیب ہے‘ معصیت کی تحریک ہے اور طرح طرح کے ظلم و اثم اور طغیان و عدوان کی دعوت موجود ہے! اب اگر انسان ان جھاڑیوں سے بچ کر نکل جائے اور اپنے دامن کو اِن میں اُلجھنے نہ دے اور اس دُنیوی سفر کو اس طرح طے کرنے کی کوشش کرے کہ اس کے دامن پر معصیت کا کوئی داغ دھبہ نہ پڑنے پائے تو اس روش‘ اس رویے اور اس طرزِ عمل کو تقویٰ سے تعبیر کیا جاتا ہے۔ ظاہر ہے کہ یہ ایمان کا اوّلین تقاضا ہے!
گناہمعصیتشہوات و لذّاتظلم و اثمطغیان و عدوان
مثال
حقیقت
جنگل کی ایسی پگڈنڈی
یہ بھی ایک سفر ہی ہے
خاردار جھاڑیاں
یہاں ہر چہار طرف گناہ‘ معصیت اور شہوات و لذّات کی نہایت خاردار جھاڑیاں موجود ہیں
اپنے کپڑوں کو ہر طرف سے سمیٹ کر
اپنے دامن کو اِن میں اُلجھنے نہ دے
۲) سمع و طاعت
تقویٰ کے تاکیدی حکم کے بعد اس آیت میں دوسری بات فرمائی : {وَ اسۡمَعُوۡا وَ اَطِیۡعُوۡا } ’’اور سنو اور اطاعت کرو‘‘۔ اس سمع و طاعت کا تعلق بھی اصلاً تو ایمان باللہ ہی سے ہے‘ لیکن عملاً اس کا تعلق ایمان بالرسالت سے ہے‘ اس لیے کہ اگرچہ مطاعِ حقیقی تو اللہ ہی ہے‘ مگر اللہ کا نمائندہ اور اس کے اِذن سے بالفعل ’’مطاع‘‘ بن کر رسول آتا ہے ۔ جیسے سورۃ النساء میں ارشاد فرمایا گیا: {مَنۡ یُّطِعِ الرَّسُوۡلَ فَقَدۡ اَطَاعَ اللّٰہَ ۚ} (آیت ۸۰) ’’جس نے رسول ؐ کی اطاعت کی درحقیقت اس نے اللہ کی اطاعت کی‘‘ اور: {وَ مَاۤ اَرۡسَلۡنَا مِنۡ رَّسُوۡلٍ اِلَّا لِیُطَاعَ بِاِذۡنِ اللّٰہِ ؕ} (آیت۶۴) ’’اور نہیں بھیجا ہم نے کوئی رسول مگر اس لیے کہ اللہ کے حکم سے اس کی اطاعت کی جائے‘‘۔رسول کی یہاطاعت اصلاًمطلوب ہے ’’سمع و طاعت‘‘ کی شان کے ساتھ‘ یعنی بلاچون و چرا اور بلا پس و پیش! اس بات کو پورے شعور اور ادراک کے ساتھ سمجھ لینے کی ضرورت ہے کہ ایک اطاعت تو وہ ہوتی ہے جو آپ کے فہم‘ آپ کی سمجھ اور آپ کی پسند پر منحصر ہے‘ یعنی یہ کہ اگر کوئی حکم آپ کی سمجھ میں آ گیا یا آپ کو پسند آ گیا تو آپ نے مان لیا اور اطاعت کی روش اختیار کر لی‘ اور اگر وہ آپ کی سمجھ میں نہیں آیا یا آپ کو اچھا نہ لگا تو آپ نے اطاعت نہیں کی‘ بلکہ لاپروائی اختیار کی۔ اس رویّے اور طرزِ عمل کا تجزیہ کیجیے تو یہ نتیجہ سامنے آئے گا کہ یہ اطاعت اُس ہستی کی نہیں ہے جو حکم دے رہی ہے‘ بلکہ اپنی روح اور حقیقت کے اعتبار سے اور عقل و منطق کی رُو سے یہ خود اپنی سمجھ یا اپنے جی کی اطاعت ہے‘ اور دونوں صورتوں میں آپ نے یا تو اپنی عقل کی‘ یا اپنے جی کی یا اپنی پسند کی اطاعت کی ہے۔ اللہ اور رسولﷺ کی اطاعت تو اس شان کے ساتھ مطلوب ہے کہ جو بھی حکم ملے اس پر سرِ تسلیم خم کر دیا جائے ‘ جو فرمان بھی سامنے آ ئے بجا لایا جائے‘ جس چیز سے بھی روک دیا جائے اس سے رک جایا جائے ! اور اگر ان اوامر و نواہی کی حکمتیں بھی سمجھ میں آ جائیں تب تو کیا ہی کہنے ہیں‘ یہ تو ’’نورٌ علیٰ نور‘‘ والی بات ہے‘ لیکن اگر کسی حکم کی غرض و غایت یا حکمت و مصلحت سمجھ میں نہ آئے تب بھی مجرد ’’سمع‘‘ یعنی سن لینے سے ’’طاعت‘‘ یعنی فرماں برداری لازم آ جاتی ہے!
عملی اعتبار سے اس ’’سمع و طاعت‘‘ کا نقطۂ آغاز نبیﷺ کی ذات اورشخصیت ہے‘ اس لیے کہ آپؐ ہی کو وحی ٔ جلی کے ذریعے وہ حکمت عطا فرمائی گئی جس کی روشنی میں آپؐ نے اللہ کے کلام کی توضیح و تبیین اپنے فرامین و فرمودات کے ذریعے کی اور اس کا عملی نمونہ اپنی سیرت و کردار اور اپنے افعال و اعمال کے ذریعے پیش فرمایا۔ یہی وجہ ہے کہ آپؐ کے بارے میں وضاحت کر دی گئی کہ : {وَ مَا یَنۡطِقُ عَنِ الۡہَوٰی ؕ﴿۳﴾اِنۡ ہُوَ اِلَّا وَحۡیٌ یُّوۡحٰی ۙ﴿۴﴾} (النجم) ’’اور وہ (ہمارے رسولؐ) اپنی خواہش نفس سے نہیں بولتے۔ یہ تو ایک وحی ہے جو (ان پر نازل) کی جا رہی ہے‘‘۔اسی کی ترجمانی ہے فارسی کے اس شعر میں: ؎
گفتۂ اُو گفتۂ اللہ بود
گرچہ از حلقومِ عبداللہ بود
گویا رسول اللہﷺ کے احکام ان کی خواہشات پر مبنی نہیں ہوتے ‘بلکہ اللہ کی وحی پر مبنی ہوتے ہیں۔ تمہارا ذہن‘ تمہارا فکر‘ تمہاری عقل اور تمہاری سوچ محدود ہے۔ ضروری نہیں ہے کہ ہر حکم کی حکمت وعِلّت تمہاری سمجھ میں آ جائے اور ہر حکم کی مصلحت تمہارے فہم کی گرفت میں آسکے۔ لہذا اللہ اور اس کے رسولﷺ کی اطاعت ’’سمع و طاعت‘‘ کی شان سے ہو گی‘ اور عقل انسانی کو ہرگز کوئی حق حاصل نہیں ہے کہ اس پر کسی قسم کی حدودو قیود عائد کرے۔ البتہ اللہ کے رسولﷺ کے بعد کسی مسلمان ہیئت ِ اجتماعیہ کے سربراہ ‘یعنی کسی حاکم یا امیر کو یہ حق حاصل نہیں ہے کہ ایسی مطلق اور غیر مشروط اطاعت کا مطالبہ کرے۔ چنانچہ ایسی ہر ’’اطاعت‘‘ کے ساتھ ’’فی المعروف‘‘ کی قید لازمی ہے۔ یعنی اب ہر اطاعت اللہ اور رسولؐ کی اطاعت کے دائرے کے اندر اندر ہو گی‘ جیسا کہ نبی اکرمﷺ نے فرمایا:
((لَا طَاعَۃَ لِمَخْلُوْقٍ فِیْ مَعْصِیَۃِ اللہِ عَزَّوَجَلَّ))
یعنی مخلوق میں سے کسی کی بھی اطاعت کسی ایسے معاملے میں نہیں کی جا سکتی جس میں خالق کی معصیت لازم آتی ہو۔ البتہ ’’فی المعروف‘‘ کی پابندی اور مشاورتِ باہمی کا حق ادا کرنے کے بعد اسلامی معاشرے اور نظمِ جماعت میں درجہ بدرجہ ڈسپلن کی شان ’’سمع و طاعت‘‘ والی ہی ہونی چاہیے ‘تاکہ معاشرہ اور ہیئت ِ اجتماعی پوری طرح منظم اور چاق و چوبند رہے۔
۳) انفاق فی سبیل اللہ
زیر مطالعہ آیت کی تیسری اور آخری بات کا تعلق ایمان بالآخرت سے ہے۔ ارشاد ہوتا ہے : {وَ اَنۡفِقُوۡا خَیۡرًا لِّاَنۡفُسِکُمۡ ؕ } ’’اور خرچ کرو (اللہ کی راہ میں) اسی میں تمہاری بھلائی مضمر ہے!‘‘ اللہ کی راہ میں خرچ کرنا غرباء‘ فقراء‘ مساکین اور یتامیٰ کے (الفاظ مسند احمد کے ہیں۔)لیے بھی ہے اور اللہ کے دین کے لیے بھی! اس کا ایمان بالآخرت کے ساتھ بڑا گہرا مگر لطیف تعلق ہے‘ اس لیے کہ جسے آخرت پر یقین حاصل ہو وہ جو مال اللہ کے لیے صرف کرے گا اس کے بارے میں اسے یہ اطمینان ہو گا کہ یہ مال محفوظ ہوگیا‘ گویا اللہ کے بینک میں جمع ہو گیا۔اب یہ بات بالکل ظاہر و باہر اور حتمی و یقینی ہے کہ اگر کسی شخص نے اپنی صلاحیتوں اور توانائیوں کا بیشتر اور بہتر حاصل آخرت کے بینک میں جمع کرا دیا ہو تو ایسے شخص کی کیفیت موت کے وقت بالکل وہی ہو گی جو علامہ اقبال کے اس شعر میں بیان ہوئی ہے: ؎
نشانِ مردِ مؤمن با تو گویم
چو مرگ آید تبسّم بر لبِ اوست
یعنی مردِ مؤمن کی نشانی یہی ہے کہ جب موت کا وقت آتا ہے تو اس کے لبوں پر مسکراہٹ ہوتی ہے۔ اس لیے کہ اسے معلوم ہے کہ میں نے اپنے مال و دولت اور اپنی توانائیوں اور قوتوں کا بہت بڑا حصہ اللہ کے بینک میں جمع کرا رکھا ہے اور اب میں وہاں جا رہا ہوں جہاں میری بچت‘ میری کمائی اور میری توانائیوں کا حاصل جمع ہے۔ اناجیلِ اربعہ کے نام سے اِس وقت جو کتابیں موجود ہیں ان میں سے متی کی انجیل میں حضرت مسیح علیہ السلام کا ایک بڑا پیارا قول ملتا ہے کہ ’’اپنا مال زمین پر جمع نہ کرو جہاں کیڑا بھی خراب کرتا ہے اور چوری ڈاکے کا بھی خوف ہے‘ بلکہ آسمان پر جمع کرو جہاں نہ کیڑا خراب کرتا ہے‘ نہ چوری کا خوف ہے‘ نہ ڈاکے کا اندیشہ ہے۔ اور میں تم سے سچ کہتا ہوں کہ جہاں تمہارا مال ہو گا وہیں تمہارا دل بھی ہو گا‘‘۔ اس ضمن میں حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کا ایک واقعہ بھی بڑاعجیب اور پیارا ہے۔ ان کے یہاں ایک بکری ذبح ہوئی۔ نبی اکرمﷺ کو دستی کا گوشت بہت مرغوب تھا تو سیدہ صدیقہؓ نے ایک دستی بچا کر رکھ لی اور باقی سارا گوشت غرباء و مساکین میں تقسیم کر دیا۔ جب نبی اکرمﷺ تشریف لائے تو آپؐ نے دریافت فرمایا:
((مَا بَقِیَ مِنْھَا؟))
’’اس بکری میں سے کیا بچا؟‘‘ حضرت عائشہ صدیقہؓ نے عرض کیا : مَا بَقِیَ مِنْھَا اِلاَّ کَتِفُھَا ’’اس میں سے کچھ نہیں بچا سوائے ایک دستی کے‘‘۔ اس پر رسول اللہﷺ نےارشاد فرمایا:
((بَقِیَ کُلُّھَا غَیْرَ کَتِفِھَا))
’’پوری بکری بچ گئی سوائے اس دستی کے!‘‘یعنی اس دستی کو تو ہم کھا لیں گے اور جو کھا لیا گیا وہ تو خرچ ہو گیا‘ البتہ جو اللہ کی راہ میں دے دیا گیا وہ باقی رہنے والا ہے‘ وہ اصل بچت ہے۔ لہذا ایمان بالآخرت کے نتیجے میں انسان کے نقطۂ نظر میں یہ تبدیلی آنی چاہیے کہ جو کچھ اللہ کی راہ میں دے دیا ہے وہ حقیقی بچت ہے۔ یہی تعلیم و تلقین ہے ان الفاظِ مبارکہ میں کہ: { وَ اَنۡفِقُوۡا خَیۡرًا لِّاَنۡفُسِکُمۡ ؕ } ’’اور اللہ کی راہ میں خرچ کرو‘ یہی تمہارے لیے بہتر ہے‘‘۔
ایک بکری ذبح ہوئی ایک دستی بچا کر رکھ لی اور باقی سارا گوشت غرباء و مساکین میں تقسیم کر دیا
مَا بَقِیَ مِنْھَا؟
اس بکری میں سے کیا بچا؟
مَا بَقِیَ مِنْھَا اِلاَّ کَتِفُھَا
اس میں سے کچھ نہیں بچا سوائے ایک دستی کے
دستی
باقی سارا گوشت
بَقِیَ کُلُّھَا غَیْرَ کَتِفِھَا
البتہ جو اللہ کی راہ میں دے دیا گیا وہ باقی رہنے والا ہے‘ وہ اصل بچت ہے
اس دستی کو تو ہم کھا لیں گے اور جو کھا لیا گیا وہ تو خرچ ہو گیا
آگے متنبہ فرما دیا کہ اگر مال کی محبت تمہارے دل میں باقی رہی اور تمہیں اللہ کی راہ میں خرچ کرنے سے روکتی رہی تو یہ بخل ہے۔ {وَ مَنۡ یُّوۡقَ شُحَّ نَفۡسِہٖ } یعنی ’’جو اس شُح سے‘ بخل سے‘ اپنے جی کے لالچ سے بچا لیا گیا‘‘وہی انفاق میں آگے بڑھ سکے گا‘ اور اس صورت میں وہ کامیابی و کامرانی اور فوز و فلاح سے ہمکنار ہو سکے گا۔ چنانچہ آیتِ مبارکہ کا اختتام ہوتا ہے ان الفاظِ مبارکہ پر : {فَاُولٰٓئِکَ ہُمُ الۡمُفۡلِحُوۡنَ ﴿۱۶﴾} ’’پس یہی لوگ ہیں فلاح پانے والے‘‘۔ فلاح کسی کے منزلِ مقصود پر پہنچ جانے کو کہتے ہیں۔ تو یہاں واضح فرما دیا گیا کہ جو اس شُحِ نفس سے ‘ مال کی محبت اور جی کے لالچ سے بچا لیا گیا وہی آخری منزلِ مراد تک رسائی حاصل کر سکے گا!!
اگلی آیت میں انفاق پر ایک نہایت مؤثر اسلوب سے مزید زور دیا جا رہا ہے ۔ ارشاد ہوتا ہے : {اِنۡ تُقۡرِضُوا اللّٰہَ قَرۡضًا حَسَنًا یُّضٰعِفۡہُ لَکُمۡ وَ یَغۡفِرۡ لَکُمۡ ؕ } ’’اگر تم اللہ کو قرضِ حسن دو تو وہ اسے تمہارے لیے دوگنا کرتا رہے گا اور تمہاری بخشش فرمائے گا‘‘۔ اللہ کی راہ میں اگر انفاق کیا جائے‘ خرچ کیا جائے‘ مال لگایا اور کھپایا جائے تو اسے اللہ تعالیٰ ہماری حوصلہ افزائی اور قدر دانی کے لیے اپنے ذمے قرض سے تعبیر فرماتا ہے۔ واضح رہے کہ اللہ کی رضا کے لیے مال خرچ کرنے کی دو مدّات ہیں‘ ایک مدّ یہ ہے کہ اللہ کی مخلوق میں سے جو صاحب ِ احتیاج ہیں‘ یعنی غرباء و فقراء‘ یتامیٰ و مساکین‘ بیوائیں اور ایسے لوگ جو کسی سبب سے معاشی جدّو جہد میں پیچھے رہ گئے ہیں ان کی مدد کی جائے‘ اور دوسری مدّ یہ ہے کہ اللہ کے دین کی نصرت کے لیے خرچ کیا جائے۔ یعنی اس کے دین کی نشر و اشاعت اور دعوت کے لیے صرف کیا جائے اور دین حق کے غلبہ اور اقامت اور جہاد و قتال فی سبیل اللہ کی ضروریات کی فراہمی پر صرف کیا جائے۔
اگرچہ قرآن مجید میں اکثر و بیشتر مقامات پر ان دونوں مدّات کا ذکر مشترک انداز میں آتا ہے‘ لیکن جابجا ان کے لیے علیحدہ اصطلاحات بھی استعمال ہوتی ہیں۔ چنانچہ پہلی مدّ کے لیے بالعموم ’’ایتاءِ مال‘‘ اور ’’صدقہ‘‘ کی اصطلاح استعمال ہوتی ہے اور دوسری مدّ کے لیے عموماً ’’جہاد بالمال‘‘ اور ’’انفاق فی سبیل اللہ‘‘ کی اصطلاحات اختیار کی جاتی ہیں‘ جیسے قرآن مجید میں متعدد مقامات پر اس طرح کے الفاظ آتے ہیں: {وَ جَاہِدُوۡا بِاَمۡوَالِکُمۡ وَ اَنۡفُسِکُمۡ فِیۡ سَبِیۡلِ اللّٰہِ ؕ } ’’اور جہاد کرو اپنے مالوں اور اپنی جانوں کے ساتھ اللہ کی راہ میں‘‘۔ اور اسی کو اللہ تعالیٰ اپنے ذمے قرض سے بھی تعبیر فرماتا ہے‘ حالانکہ اس کائنات میں جو کچھ بھی ہے وہ اللہ ہی کا ہے جیسے کہیں فرمایا: {وَ لِلّٰہِ مِیۡرَاثُ السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضِ ؕ } (الحدید:۱۰) ’’اورآسمانوں اور زمین کی وراثت اللہ ہی کے لیے ہے‘‘۔ اور کہیں ارشاد ہوا: {وَ لِلّٰہِ خَزَآئِنُ السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضِ } (المنٰفقون:۷) ’’اور آسمانوں اور زمین کے جملہ خزانے اللہ ہی کے لیے ہیں‘‘۔ لیکن جیسا کہ اوپر عرض کیا گیا‘ اللہ تعالیٰ اپنی راہ میں ہمارے اس انفاق کو اپنی قدر دانی کے اظہار اور حوصلہ افزائی کے لیے اپنے ذمہ قرضِ حسن قرار دیتا ہے۔ پھر دنیا کے قرضِ حسن میں تو صرف رأس المال کے واپس ملنے کی امید ہوتی ہے اور کسی اضافے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا‘ اس لیے کہ یہاں قرض پر اضافہ سود ہے جو ہمارے دین میں مطلقاً حرام ہے‘ لیکن انفاق کی شکل میں اللہ تعالیٰ کو جو قرضِ حسن دیا جاتا ہے اس کے بارے میں وہ وعدہ فرماتا ہے کہ وہ اسے بڑھاتا رہے گا اور اس میں اضافہ کرتا رہے گا۔ مزید برآں اس کی برکت سے تمہاری مغفرت فرمائے گا۔
اس آیت کے اختتام پر اللہ تعالیٰ کی صفات کا ایک نہایت حسین و جمیل جوڑا آیا ہے اور اس میں قرآن کے عام اسلوب کے مطابق نہایت گہرا معنوی ربط ہے۔ ارشادفرمایا: {وَ اللّٰہُ شَکُوۡرٌ حَلِیۡمٌ ﴿ۙ۱۷﴾} ’’اور اللہ شکور (یعنی قدر دان) بھی ہے ‘حلیم (یعنی برد بار) بھی‘‘۔ یعنی اگر تم اللہ کی راہ میں انفاق کرتے ہو ‘ خرچ کرتے ہو تو وہ قدرافزائی فرمانے والا ہے‘ اور اس کے برعکس اگر بخل کرتے ہو‘ نفس کے شُح اور جی کے لالچ ہی میں مبتلا رہتے ہو اور اسی کا عطا کردہ مال اس کی راہ میں خرچ نہیں کرتے‘ بلکہ مال کو سینت سینت کر رکھتے ہو تب بھی وہ فوراً گرفت نہیں فرماتا‘ بلکہ ڈھیل دیتا ہے‘ کیونکہ وہ بڑا حلیم اور بڑا بُردبار ہے۔
اس سورۂ مبارکہ کی آخری آیت بھی بڑی عجیب او ربہت پیاری ہے۔ ارشاد ہوتا ہے : {عٰلِمُ الۡغَیۡبِ وَ الشَّہَادَۃِ الۡعَزِیۡزُ الۡحَکِیۡمُ ﴿٪۱۸﴾} ’’(وہ اللہ) چھپے اور کھلے سب کا جاننے والا ہے‘ زبردست ہے‘ کمالِ حکمت والا ہے!‘‘ آیت کے آخر میں پھر دو اسمائے حسنیٰ جوڑے کی صورت میں آئے ہیں یعنی وہ ’’العزیز‘‘ بھی ہے اور ’’الحکیم‘‘ بھی۔ گویا ایک جانب اللہ غالب ہے‘ زبردست ہے‘ مختارِ مطلق ہے‘ اس کے اختیارات پر کوئی تحدید نہیں ہے‘ لیکن اس کے ساتھ ساتھ وہ الحکیم بھی ہے‘ چنانچہ وہ جو کچھ کرتا ہے حکمت کے ساتھ کرتا ہے۔ پھر دیکھئے یہاں صفات و اسماء کے دو جوڑوں یعنی ’’شَکُوۡرٌ حَلِیۡمٌ ‘‘ اور ’’ الۡعَزِیۡزُ الۡحَکِیۡمُ ‘‘ کے درمیان اللہ تعالیٰ کی صفتِ علم کا بیان ایک نئی شان کے ساتھ آ گیا۔ یعنی وہ غائب و حاضر‘ چھپے اور کھلے سب کا جاننے والا ہے۔ اس میں ایک جانب اہل ایمان‘ اصحابِ برّ و تقویٰ اور طاعت و انفاق پر کاربند رہنے والوں کے لیے بشارت اور یقین دہانی مضمر ہے کہ وہ مطمئن رہیں کہ ان کی کوئی نیکی ضائع جانے والی نہیں ہے اور دوسری طرف اعراض و انکار کی روش اختیار کرنے والوں کے لیے تہدیدوتنبیہہ بھی ہے کہ تمہاری کوئی حرکت اللہ سے پوشیدہ نہیں ہے اور وہ تمہیں کیفرِکردار تک پہنچانے کے لیے کامل غلبہ واقتدار کا مالک ہے! اس لیے کہ وہ ’’العزیز‘‘ ہے ۔ اور اگروہ تمہاری گرفت فوری طور پر نہیں کر رہا بلکہ تمہیں مہلت اور ڈھیل دیے جارہا ہے تو یہ اس کی حکمتِ کاملہ کا مظہر ہے‘ اس لیے کہ جہاں وہ ’’العزیز‘‘ ہے وہاں ’’الحکیم‘‘ بھی ہے۔
وآخر دعوانا ان الحمد للّٰہ رب العالمین